ایودھیا: 2023 میں جس خاندان کے گھر وزیر اعظم نے پی تھی چائے، وہ اب قرض کے جال میں

اٹھائیس اکتوبر کو ایودھیا میں کانگریس لیڈر شرد شکلا کی پریس کانفرنس میں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ میرا مانجھی۔ (تصویر: اسپیشل ارینجمنٹ)
ایودھیا میں رام مندر کی پران پرتشٹھا کی تقریب سے کچھ ہفتے پہلے وزیر اعظم نریندر مودی جس خاندان کے گھر چائے پینے اور اجولا یوجنا سے مستفید ہونے والی 10 کروڑویں خاتون بننے پر انہیں مبارکباد دینے گئے تھے، وہ خاندان آج قرض کے بوجھ میں ڈوبا ہوا ہے۔ میرا مانجھی کا کہنا ہے کہ ’ہمیں کوئی پیسہ نہیں چاہیے تھا۔ ہم نے تو صرف ان سے کہا تھا کہ جیسا وعدہ کیا گیا تھا، ویسا ہمیں کوئی کام دلوا دیں۔ ہم نے قرض نہیں مانگا تھا۔‘
نئی دہلی: 22 جنوری 2024 کو ایودھیا میں رام جنم بھومی مندر کی پران پرتشٹھا کی تقریب سے کچھ ہفتے پہلے، 30 دسمبر 2023 کو وزیر اعظم نریندر مودی اچانک ایودھیا کی ایک خاتون میرا مانجھی کے گھر پہنچ گئے تھے۔ وہ ان کے گھر ایک کپ چائے پینے اور اجولا یوجنا سے مستفید ہونے والی کی دس کروڑویں خاتون بننے پر انہیں مبارکباد دینے آئے تھے۔ لیکن آج میرا کے دروازے پر قرض وصولی کرنے والے دستک دے رہے ہیں۔
اس وقت بھگوان رام کا ذکر کرتے ہوئے میرا مانجھی کے گھر جانے کے اس واقعہ کو مودی کی امیج کو ایک جدید دیوتا کے طور پر پیش کرنے کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔ مودی نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ میرا مانجھی کی صورتحال سے خود کو جوڑ کر دیکھتے ہیں، کیوں کہ وہ بھی کبھی چائے بیچا کرتے تھے۔
جس کپ میں وزیر اعظم نے چائے پی تھی، وہ آج بھی میرا کے گھر کے مندر میں دیوی دیوتاؤں کی مورتیوں کے درمیان رکھا ہوا ہے اور وہ اس کی پوجا کرتی ہیں۔
تاہم، تقریباً تین سال بعد آج ان کا خاندان وزیر اعظم روزگار سرجن پروگرام (پی ایم ای جی پی) کے تحت ضلع انتظامیہ سے ملے دو سال کےقرض کو چکانے کے لیے جدوجہد کر رہا ہے۔ اس اسکیم کو پردھان منتری روزگار یوجنا کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔
अयोध्या में उज्ज्वला योजना की 10 करोड़वीं लाभार्थी बहन मीरा जी के घर पर उनके परिवार वालों से ‘चाय पे चर्चा’ हुई। इस दौरान यह जानकर मन को बहुत संतोष हुआ कि कैसे सरकारी योजनाओं से पूरे परिवार का जीवन आसान हुआ है। https://t.co/NCTb4yXcaB
— Narendra Modi (@narendramodi) December 30, 2023
حال ہی میں منعقد ایک پریس کانفرنس میں میرا مانجھی نے اس واقعہ کو یاد کرتے ہوئے کہا، ’30 دسمبر 2023 کو وزیر اعظم ہمارے گھر آئے تھے۔ انہوں نے چائے پی تھی۔ انہوں نے ہماری غربت دیکھی تھی اور وعدہ کیا تھا کہ سب کچھ بدل جائے گا اور ہماری معاشی پریشانیاں ختم ہو جائیں گی۔‘
میرا مانجھی گھاٹ پر پھول بیچ کر اپنا گزارہ کرتی تھیں، اور ان کے شوہر سورج کمار مانجھی مزدوری کرتے تھے۔
انہوں نے بتایا،’وزیر اعظم کے دورے کے بعد ضلع مجسٹریٹ، بینک کے ملازمین اور کئی دوسرے افسران ہمارے گھر آئے۔ انہوں نے ہماری آمدنی کے بارے میں پوچھا۔ انہوں نے مجھ سے وعدہ کیا کہ پھول بیچنے کے لیے ایک مستقل جگہ دی جائے گی اور میرے شوہر کوندی میں ناؤ چلانے اور لوگوں کو ایک کنارے سے دوسرے کنارے تک پہنچانے کا کام شروع کرنے کے لیے ناؤ بنوانے میں مدد دی جائے گی۔ تین چار ماہ گزر گئے۔ اس کے بعد ہم دوبارہ ان سے ملنے گئے۔ پہلے تو انہوں نے ہمیں پہچاننے سے انکار کر دیا۔ پھر کچھ لوگوں سے رابطہ کرکے میرے شوہر کے لیے ناؤ بنوانے کے لیے قرض کا انتظام کیا گیا۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’ہمیں کوئی پیسہ نہیں چاہیے تھا۔ ہم نے تو صرف ان سے کہا تھا کہ جیسا وعدہ کیا گیا تھا، ویسا ہمیں کوئی کام دلواد ین۔ ہم نے قرض نہیں مانگا تھا۔‘
یہ پریس کانفرنس 28 اکتوبر کو ایودھیا کے رہنما اور اتر پردیش یوتھ کانگریس کے ریاستی نائب صدر شرد شکلا نے بلائی تھی۔
پریس کانفرنس میں میرا مانجھی نے یہ الزام بھی لگایا کہ مقررہ جگہ پر پھول بیچنے کی اجازت دینے کے بدلے ان سے پانچ ہزار روپے لیے گئے۔ انہوں نے اس معاملے کی شکایت ضلع مجسٹریٹ اور عوامی نمائندوں سے بھی کی، لیکن کوئی سنوائی نہیں ہوئی۔ آخرکار انہیں پھول بیچنے کا کام بند کرنا پڑا۔ اس طرح ان کے خاندان کی آمدنی کا ایک اہم ذریعہ ختم ہو گیا۔
ان کے شوہر کو ناؤ سے ہونے والی آمدنی بھی مستقل نہیں ہے۔ سیلاب اور دیگر حالات کی وجہ سےناؤ چلانے کا کام متاثر ہوتا رہتا ہے۔ میرا مانجھی کا کہنا ہے کہ ایودھیا سے وارانسی تک چلنے والے بڑے کروز اور موٹر بوٹ نے کشتی بانوں کا کاروبار تباہ کر دیا ہے۔ ان کے شوہر بھی آہستہ آہستہ قرض کے جال میں پھنستے چلے گئے۔
پردھان منتری روزگار سِرجن پروگرام (پی ایم ای جی پی) مرکزی حکومت کی مائیکرو، اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز منسٹری (ایم ایس ایم ای) کے تحت چلائی جانے والی اسکیم ہے۔
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق، قرض کی پہلی قسط دو لاکھ 61 ہزار 250 روپے اور دوسری قسط 23 ہزار 750 روپے کی تھی۔ سورج مانجھی نے اس رقم سے ناؤ بنوایا اور اپنی کمائی سے قرض کی قسطیں ادا کرنے لگے۔
تاہم، وہ دو لاکھ چار ہزار 616 روپے کی بقایا رقم ادا نہیں کر سکے۔ اس کے بعد بینک نے ان کے قرض کھاتے کو این پی اے (نان پرفارمنگ اثاثہ) قرار دے دیا۔ رپورٹ کے مطابق، 5 جولائی 2026 کو بینک نے انہیں نوٹس جاری کیا۔
شرد شکلا نے غریب خاندان کو قرض کے جال میں دھکیلنے کے لیے حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ کانگریس رہنما نے کہا،’جس خاندان کے گھر وزیر اعظم نے چائے پی تھی، آج وہ خاندان اپنا پیٹ بھرنے تک کی حالت میں بھی نہیں ہے۔ تین بچوں سمیت پورا خاندان قرض کے بوجھ سے پریشان ہے اور اسے قرض وصولی کرنے والے ایجنٹوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔‘
انہوں نے مزید کہا، ’یہی ’مودی ماڈل‘ کی افسوسناک سچائی ہے۔‘

اس معاملے نے ایک بار پھر یہ سوال کھڑے کر دیے ہیں کہ تشہیراوراس کا تام جھام ختم ہونے کے بعد کیا ہوتا ہے اور اس کے لیے جوابدہی کس کی ہوتی ہے۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق، میرا مانجھی کا خاندان کئی ماہ سے وزیر اعظم اور وزیراعلیٰ کو خط لکھ کر مدد کی اپیل کر رہا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ میرا کی پریس کانفرنس کے بعد سماجوادی پارٹی کی حکومت میں وزیر رہے پون پانڈے نے انہیں 50 ہزار روپے دیے۔ وہیں ایودھیا کے بی جے پی میئر گریش پتی ترپاٹھی نے خاندان کو 60 ہزار روپے کی اضافی مالی مدد فراہم کی۔
دریں اثنا، ترپاٹھی نے دعویٰ کیا ہے کہ اپوزیشن اس معاملے کو بلاوجہ طول دےرہی ہے اور میرا مانجھی کے خاندان کو مرکزی اور ریاستی حکومت کی مختلف اسکیموں سے فائدہ پہنچایا جا رہا ہے۔
ترپاٹھی نے بی بی سی سے کہا،’وزیر اعظم کے جانے کے بعد پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت ان کا گھر بنوایا گیا۔ اجولا یوجنا کے تحت انہیں گیس کنکشن ملا۔ آیوشمان یوجنا کے تحت ان کے خاندان کے علاج کے لیے ہیلتھ کارڈ بنوایا گیا۔‘
انہوں نے خاندان کو ان اسکیموں کی تفصیلات دہراتے ہوئے ایک پریس نوٹ بھی جاری کیا۔
میئر کے حوالے سے کہا گیا،’پی ایم سوندھی یوجنا کے تحت ناؤ کی مرمت کے لیے انہیں 25 ہزار روپے کا قرض ملا۔ اس کے علاوہ انہیں تین لاکھ روپے کا قرض بھی ملا، جس میں 75 ہزار روپے کی سبسڈی شامل تھی۔ وہ دو لاکھ 25 ہزار روپے کی قسط ادا کرنے کو لے کر پریشان تھے، کیوں کہ وہ اسے چکا نہیں پا رہے تھے۔ قرض کی ادائیگی کے معاملے میں حکومت اور انتظامیہ کچھ نہیں کر سکتے۔ اس معاملے میں صرف سماج ہی کچھ کر سکتا ہے۔‘