نئے حدبندی بل میں لوک سبھا کی سیٹیں 50 فیصد بڑھانے اور 2051 تک ریاستوں کے درمیان سیٹوں کے تناسب پر پابندی جاری رکھنے کی تجویز

پارلیامنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران جمعہ، 17 اپریل کو لوک سبھا میں خواتین ریزرویشن بل پر ووٹنگ کرتے ہوئے ارکان۔ (تصویر بہ شکریہ:سنسد ٹی وی)
نیا بل اپریل میں پیش کیے گئے آئینی (131ویں ترمیمی) بل، 2026 سے الگ ہے۔ اپریل والے بل میں تمام ریاستوں میں سیٹوں کی تعداد یکساں طور پر 50 فیصدی بڑھانے کی کوئی تحریری شق شامل نہیں تھی۔
نئی دہلی: مرکزی کابینہ نے جمعہ (27 نومبر) کو آئین میں ترمیم سے متعلق ایک نئے بل کو منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی حدبندی بل بھی لایا گیا ہے، جو اپریل میں لوک سبھا میں پیش کیے گئے اور بعد میں منظور نہ ہو پانے والے بل سے بے حد الگ ہے۔
نیا آئینی ترمیمی بل سوموار (30 نومبر) کو پارلیامنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ اس کے تحت لوک سبھا کی موجودہ 550 سیٹوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز ہے۔ اس کے لیے تمام ریاستوں میں لوک سبھا کی سیٹوں کی تعداد یکساں طور پر 50 فیصدی بڑھائی جائے گی۔ وہیں، ریاستوں کے درمیان لوک سبھا کی سیٹوں کے بٹوارے پر لگی موجودہ روک کو اگلے 25 سال، یعنی 2051 تک بڑھانے کی بھی تجویز ہے۔
فی الحال ریاستوں کے اندر لوک سبھا کے انتخابی حلقوں کی حدود کا تعین 2001 کی مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ لیکن مجوزہ نئے قانون میں اس کی جگہ بل کے نافذ ہونے کی تاریخ تک دستیاب ’تازہ ترین شائع شدہ مردم شماری کے اعداد و شمار‘ استعمال کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ 2027 کی مردم شماری کے اعداد و شمار شائع ہونے تک 2011 کی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کیے جائیں گے۔
آئینی (132ویں ترمیم) بل، 2026 کا مقصد لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن لاگوکرنا ہے۔ سال 2023 میں پارلیامنٹ نے اتفاق رائے سے خواتین ریزرویشن بل کو منظور کیا تھا، لیکن اس میں خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کو کو اگلی مردم شماری اور حدبندی سے جوڑ دیا گیا تھا۔
بل کے اغراض و مقاصد میں کہا گیا ہے، ’اس بل کا مقصد حدبندی کے عمل کے ذریعے لوک سبھا اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی خواتین سمیت خواتین کے لیے ایک تہائی ریزرویشن کو فوری طور پر لاگو کرنا ہے۔ اس کے لیے حدبندی کے تحت لوک سبھا اور ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی اسمبلیوں میں سیٹوں کی تعداد موجودہ تعداد کے مقابلے میں 50 فیصدی بڑھائی جائے گی۔ ‘
اس میں مزید کہا گیا ہے،’اس لیے خواتین کے لیے سیٹوں پر ریزرویشن لاگو کرنا لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں سیٹوں کی تقسیم میں تبدیلی اور حدبندی کمیشن کے ذریعے انتخابی حلقوں کی حدود ازسرنو طے کرنے کے آئینی عمل سے وابستہ ہے۔‘
نیا بل اپریل میں پیش کیے گئے آئینی (131ویں ترمیم) بل، 2026 سے بے حد الگ ہے۔ اپریل والےبل میں تمام ریاستوں میں سیٹوں کی تعداد یکساں طور پر 50 فیصدی بڑھانے کی کوئی تحریری شق شامل نہیں تھی، حالانکہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان میں بحث کے دوران اس کی یقین دہانی کرائی تھی۔
اس بل میں 1976 میں عائد کی گئی اس پابندی کو بھی ختم کرنے کی تجویز تھی، جس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں ہر ریاست کی کل سیٹوں کی تعداد 1971 کی مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر طے کی جاتی ہے۔ اس کے بجائے 2011 کی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔ اس مقصد کے لیے ’تازہ ترین شائع شدہ مردم شماری‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی تھی۔
اس شق کو لے کر خصوصی طور پر جنوبی ہندوستان کی ریاستوں نے تشویش کااظہار کیا تھا۔ ان ریاستوں میں 1971 کے بعد آبادی میں اضافے کی شرح میں تیزی سے کمی آئی ہے، کیونکہ انہوں نے آبادی پر قابو پانے کے اقدامات اختیار کیے ہیں۔ اس کے برعکس شمالی ہندوستان کی ریاستوں میں آبادی میں اضافے کی شرح میں اتنی کمی نہیں آئی ہے۔
نئے بل میں آئین کے آرٹیکل 81 میں ترمیم کرکے 1976 میں عائد کی گئی پابندی کو 2051 تک بڑھانے کی تجویز ہے۔ اس پابندی کی مدت 2002 میں پہلے ہی بڑھا کر 2026 تک کر دی گئی تھی۔ اب اس کے لیے آئین میں موجود ’سال 2026 کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے متعلقہ اعداد و شمار شائع ہونے تک‘ لفظوں کی جگہ ’سال 2051 تک‘ استعمال کرنے کی تجویز ہے۔
فی الحال ریاستوں کے اندر انتخابی حلقوں کی حدود 2001 کی مردم شماری کے اعداد و شمار کی بنیاد پر طے کی جاتی ہیں۔ نئے بل میں اس کی جگہ ’آئینی (132ویں ترمیم) ایکٹ، 2026 کے لاگو ہونے کی تاریخ تک دستیاب تازہ ترین شائع شدہ مردم شماری کے اعداد و شمار‘ استعمال کرنے کی تجویز ہے۔
اس کا مطلب ہے کہ اگر پارلیامنٹ سے منظوری کے بعد یہ قانون 2027 کی مردم شماری کے اعداد و شمار شائع ہونے سے پہلے لاگو ہو جاتا ہے تو حدبندی کے لیے 2011 کی مردم شماری کے اعداد و شمار استعمال کیے جائیں گے۔ فی الحال 2027 کی مردم شماری کا عمل جاری ہے۔
بل میں آئین کے آرٹیکل 81 میں ترمیم کرکے لوک سبھا کی سیٹوں کی تعداد 850 کرنے کی بھی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ آرٹیکل 170 میں ترمیم کرکے ریاستی اسمبلیوں میں سیٹوں کی زیادہ سے زیادہ تعداد موجودہ 500 سے بڑھا کر 650 کرنے کی بات کہی گئی ہے۔
اس میں آرٹیکل 82 میں ترمیم کی بھی تجویز ہے۔ یہ آرٹیکل لوک سبھا میں ریاستوں کو سیٹیں مختص کرنے اور ریاستوں کے اندر انتخابی حلقوں کی تقسیم سے متعلق ہے۔ مجوزہ بل میں اس سلسلے میں نافذ مدت کی حد کو تبدیل کرنے کی بات کہی گئی ہے۔ اس کے لیے ’سال 2026 کے بعد ہونے والی پہلی مردم شماری کے متعلقہ اعداد و شمار شائع ہونے تک‘ کی جگہ ’سال 2051 تک‘ کے الفاظ رکھنے کی تجویز ہے۔
بل میں خواتین کے لیے 15 سال تک سیٹیں ریزرورکھنے اور اس کے بعد ان سیٹوں کو روٹیشن یعنی باری باری تبدیل کرنے کا بھی اہتمام ہے۔
تمام ریاستوں میں سیٹوں کی تعداد 50 فیصدی بڑھانے اور 1971 کی مردم شماری کی بنیاد پر سیٹوں کی تقسیم پر لگی روک کو 2051 تک برقرار رکھنے کے توسط سے نریندر مودی کی قیادت والی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت اپریل میں اپوزیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہی اعتراضات کے باعث اپریل میں آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں منظور نہیں ہو سکا تھا۔
اپریل میں ہونے والی بحث کے دوران مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کے جواب دینے کے وقت حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان تلخ بحث ہوئی تھی۔ اپوزیشن نے سوال اٹھایا تھا کہ جب حکومت تمام ریاستوں میں سیٹوں کی تعداد 50 فیصد بڑھانے کی یقین دہانی کرا رہی ہے تو اس بات کا ذکر بل کی تحریری دفعات میں کیوں نہیں کیا گیا ہے۔
اپوزیشن جماعتوں نے اس وقت کہا تھا کہ وہ خواتین کے ریزرویشن کی حمایت کرتی ہیں، لیکن حکومت لوک سبھا کی سیٹوں کی تعداد بڑھانے اور متنازعہ حدبندی کے عمل کے ذریعے آئین میں بنیادی تبدیلیاں کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ اپوزیشن نے حدبندی کو ’تازہ ترین شائع شدہ مردم شماری‘ سے جوڑنے پر بھی سوال اٹھایا تھا، جس کا مطلب 15 سال پرانی 2011 کی مردم شماری سے تھا۔ اس کے ساتھ ہی خواتین کے ریزرویشن کو بھی اسی عمل سے جوڑ دیا گیا تھا۔
نئے آئینی ترمیمی بل کے ساتھ حدبندی (دوسرا) بل، 2026 بھی پیش کیا جا رہا ہے۔ اس میں تین رکنی حدبندی کمیشن تشکیل دینے کی تجویز ہے۔ اس کمیشن میں سپریم کورٹ کا کوئی موجودہ یا سابق جج، چیف الیکشن کمشنر یا ان کے ذریعے مقرر کردہ الیکشن کمشنروں میں سے کوئی ایک اور کسی ریاست کا ریاستی الیکشن کمشنر شامل ہوگا۔
بل میں یہ بھی اہتمام ہے کہ ہر ریاست سے 10 ارکان کمیشن کی معاونت کریں گے۔ ان میں لوک سبھا کے پانچ ارکان پارلیامنٹ اور ریاستی اسمبلی کے پانچ ارکان شامل ہوں گے۔ تاہم، ان معاون ارکان کو ووٹ دینے کا حق حاصل نہیں ہوگا۔
حکومت نے آئین (132ویں ترمیم) بل، 2026 میں تبدیلیاں کی ہیں، لیکن اسے منظور کرانے کے لیے اب بھی ایوان میں موجود اور ووٹنگ میں حصہ لینے والے ارکان کی دو تہائی اکثریت درکار ہوگی۔
اپریل میں حکومت کو ایوان میں موجود مجموعی طور پر 528 ارکان پارلیامنٹ میں سے 352 ارکان کی حمایت درکار تھی۔ لیکن آئین (131ویں ترمیم) بل کو 54 ووٹ کم ملے تھے اور وہ منظور نہیں ہو سکا تھا۔
اس کے بعد سے پارلیامنٹ میں سیاسی حالات بدل گئے ہیں۔ اپوزیشن کے بعض رہنماؤں اور ارکان پارلیامنٹ کے بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے میں شامل ہونے سے بھی یہ تبدیلی آئی ہے۔
نیا بل ایسے وقت میں پیش کیا جا رہا ہے جب اپوزیشن کے اتحاد میں دراڑیں دکھائی دے رہی ہیں۔ اپریل کے مقابلے میں اس بار اپوزیشن کی صورتحال مختلف ہے۔ ترنمول کانگریس، شیوسینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) اور عام آدمی پارٹی کے بعض رہنماؤں کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے علاوہ دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) بھی ’انڈیا‘ اتحاد سے باہر ہو گئی ہے۔ تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس نے ڈی ایم کے کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کر دیا تھا۔
اب کانگریس نئے بل کے سلسلے میں ڈی ایم کے سے رابطہ کر رہی ہے۔ اس دوران یہ قیاس آرائیاں بھی کی جا رہی ہیں کہ ڈی ایم کے بل کے حق میں ووٹ دے سکتی ہے۔ وہیں ’انڈیا‘ اتحاد کے اندر بھی اختلافات سامنے آ رہے ہیں۔ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار) نے مجوزہ بل کی حمایت کرنے کے اشارے دیے ہیں۔
انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔