حد بندی جمہوریت کی کمر توڑ دے گی، یہ ہمیشہ کے لیے فسطائیت کو قائم کرنے کا منصوبہ ہے: ارندھتی رائے

ارندھتی رائے نے حد بندی بل کے سلسلے میں مرکزی حکومت کی منشا پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس کا مقصد انتخابی حلقوں کی ازسر نو تقسیم کرتے ہوئے ذات، مذہب اور برادری کی بنیاد پر تفریق کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے اسے ہمیشہ کے لیے فسطائیت کو  قائم کرنے کا منصوبہ قرار دیا۔

نئی دہلی: بکر ایوارڈ سے سرفراز ادیبہ ارندھتی رائے نے حد بندی بل کے سلسلے میں مرکزی حکومت کی منشا پر سوال اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ بل جمہوریت کی کمر توڑ دے گا۔ ان کے مطابق، سرکار کا مقصد صرف لوک سبھا اور اسمبلیوں سیٹوں کی تعداد میں اضافہ کرنا نہیں، بلکہ ذات، مذہب اور برادری کی بنیاد پر انتخابی حلقوں کی ازسرنو حد بندی کرکے اپنے سیاسی مفادات کو مضبوط کرنا ہے۔

ارندھتی سنیچر کو جواہر بھون میں منعقد مصنفین، فنکاروں اور ثقافتی کارکنوں کی قومی کانفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے حد بندی کو حکومت کی جانب سے ’ہمیشہ کے لیے فسطائیت‘ قائم کرنے کا طویل مدتی منصوبہ قرار دیا۔

انہوں نے کہا،’حد بندی جمہوریت کی کمر توڑ دے گی۔ کسی کو آپ کو یہ یقین دلانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے کہ یہ محض انتخابی حلقوں اور ارکان پارلیامنٹ کی تعداد بڑھانے کا معاملہ ہے۔ یہ بھی مت سمجھیے کہ خواتین ریزرویشن بل کا خواتین کے حقوق سے کوئی تعلق ہے۔ اس کا مقصد ذات، مذہب اور برادری کی بنیاد پر تفریق کو اور مضبوط کرنے کے لیے انتخابی حلقوں کا نقشہ نئے سرے سے بنانا ہے۔‘

مرکزی حکومت نے 30 نومبر سے پارلیامنٹ کا چار روزہ خصوصی اجلاس طلب کیا ہے۔ اس دوران حکومت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن دینے سے متعلق تین بل پیش کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ان کا مقصد 2029 کے لوک سبھا انتخابات سے پہلے خواتین کے لیے ریزرویشن لاگو کرنا ہے۔ تجویز میں ہر ریاست کی لوک سبھا سیٹوں میں 50 فیصدی  اضافے کا بھی ذکر ہے۔

ارندھتی نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کو ’جمہوری فسطائیت‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فسطائی قوتیں جمہوریت کے مفہوم ہی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔

انہوں نے کہا،’اگر آپ کو حکومت کی منشا پر کوئی شبہ ہے تو آسام اور کشمیر میں انتخابی حلقوں کی نئی حد بندی کا مطالعہ کیجیے۔ یہ فسطائیت کو مضبوط کرنے کی بات ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ جرمنی کے نازیوں نے خود کو قومی سوشلسٹ کہا تھا، لیکن انہوں نے سوشلزم کے مفہوم ہی کو ختم کر دیا۔ ارندھتی کے مطابق، ہندوستان میں بھی جمہوریت کے ساتھ کچھ ایسا ہی کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

نگرانی اور احتجاجی مظاہروں پر بھی اٹھائے سوال

ارندھتی نے حکومت پر اسرائیل سے نگرانی سافٹ ویئر خریدنے اور ان کا استعمال نوجوان مظاہرین کے خلاف کرنے کا الزام بھی لگایا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل غزہ میں مسلسل نسل کشی کر رہا ہے اور ہندوستانی حکومت اس سے ایسے سافٹ ویئر خرید رہی ہے، جن کا ملک میں لوگوں کے خلاف مبینہ طور پر غیر قانونی استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے دہلی میں ’کاکروچ جنتا پارٹی‘ کے احتجاجی مظاہروں کے دوران چہرے کی پہچان کرنے والی ٹکنالوجی کے استعمال کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اسے ایک نارمل بات کی طرح پیش کیا اور دعویٰ کیا کہ اس ٹکنالوجی کے ذریعے ایسے ہزاروں لوگوں کی پہچان کی گئی ہے جو بار بار جرائم کرتے ہیں۔ لیکن یہ نہیں بتایا گیا کہ ’بار بار جرم کرنے والے‘ لوگوں کی پہچان کس بنیاد پر کی گئی۔

انہوں نے کہا،’جس طرح کے جبر کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے، وہ ناقابل یقین ہے۔ حد بندی بل اس پورے عمل کو منظم اور مضبوط بنانے کا ایک طریقہ ہے۔ یہ ہمیشہ کے لیے فسطائیت کو قائم کرنے کا طویل مدتی منصوبہ ہے۔‘

ارندھتی نے حد بندی کو ملک کے لوگوں کو اچانک چونکانے اور انہیں اپنے فیصلے کے سامنے بے بس کر دینے کی حکومت کی حکمت عملی قرار دیا۔ انہوں نے اس کا موازنہ 2016 کی نوٹ بندی، 2019 میں جموں و کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کیے جانے اور 2020 میں محض چار گھنٹے کے نوٹس پر ملک گیر لاک ڈاؤن لاگو کیے جانے سے کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو لگتا ہے کہ اس نے خاطرخواہ تعداد میں ارکان پارلیامنٹ کو اپنے حق میں کر لیا ہے اور اب وہ حد بندی اور خواتین ریزرویشن بل پارلیامنٹ سے منظور کرا سکتی ہے۔

ارندھتی نے کہا،’اگر یہ بل پارلیامنٹ میں منظور ہو جاتا ہے تو حد بندی جمہوریت کے ساتھ وہی کرے گی جو نوٹ بندی نے معیشت کے ساتھ کیا تھا۔‘

نوٹ بندی کے اثرات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس نے ملک کے غریبوں کی کمر توڑ دی اور انہیں حکومت کی مدد پر منحصر کر دیا۔ ارندھتی نے الزام لگایا کہ نوٹ بندی اور الیکٹورل بانڈ کے ذریعے بی جے پی دنیا کی امیر ترین سیاسی جماعت بن گئی۔ اس کے پیسے اور اثر و رسوخ کو ان اداروں پر قبضہ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، جن کی ذمہ داری جمہوریت میں اقتدار پر نظر رکھنا اور توازن برقرار رکھنا ہے۔