یوپی ایس آئی آر: سی ایم آدتیہ ناتھ کا 1.27 کروڑ ہندو ووٹروں کے غائب ہونے کا دعویٰ، الیکشن کمیشن سے مداخلت کا مطالبہ

یوگی آدتیہ ناتھ۔ تصویر بہ شکریہ: فیس بک / ایم یوگی آدتیہ ناتھ
اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کا دعویٰ ہے کہ ایس آئی آر کے بعد ریاست کی ووٹر لسٹ سے 1.27 کروڑ ہندو ووٹروں کے نام غائب ہیں۔ یہ کسی بی جے پی مقتدرہ ریاست کے وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایس آئی آر سے ووٹر لسٹوں کو نقصان ہونے کی بات کہنے کی غیرمعمولی مثال ہے۔ کئی ریاستوں میں اس عمل پر سوالوں کے درمیان بی جے پی اس مہم اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی حمایت میں کھڑی رہی ہے۔
نئی دہلی: ملک کی مختلف ریاستوں میں ایس آئی آر کے عمل پر اٹھ رہے سوالوں اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبے کو لے کر جاری احتجاجی مظاہروں کے درمیان اتر پردیش (یوپی) کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری ریاست کی ووٹر لسٹ سے 1.27 کروڑ ہندو ووٹروں کے نام غائب ہیں، جبکہ ایسا بتایا گیا تھا کہ ان کے نام بلدیاتی اور گرام پنچایت کی ووٹر لسٹوں میں درج تھے۔
آدتیہ ناتھ کا یہ دعویٰ اعداد و شمار کے تجزیے پر مبنی ان خبروں کے برعکس ہے، جن میں بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ایس آئی آر سے مسلمان سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ، یہ بی جے پی مقتدرہ ریاست کے کسی وزیر اعلیٰ کی جانب سے یہ کہنے کی غیرمعمولی مثال ہے کہ ایس آئی آر سے ووٹر لسٹوں کو نقصان پہنچا ہے۔ واضح ہو کہ بی جے پی اس عمل اور چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف ملک گیر احتجاج کے باوجود لگار ان کی حمایت میں کھڑی رہی ہے۔
آدتیہ ناتھ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریاست میں ایس آئی آر کے بعد مسلم ووٹروں کی تعداد میں 1.65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے الیکشن کمیشن سے درخواست کی ہے کہ وہ ان مبینہ ’بے ضابطگیوں‘ کا نوٹس لے اور اہل ووٹروں کے نام فہرست میں شامل کرے۔
نیوز چینل ’آج تک‘ کے ایک پروگرام میں آدتیہ ناتھ ایس آئی آر کے حوالے سے کہتے نظر آتے ہیں،’ایس آئی آر کے بعد مسلم ووٹروں کی تعداد میں 1.65 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اکھلیش یادو اسی لیے ایس آئی آر واپس لینے کا مطالبہ نہیں کرے گا۔ … 1.27 کروڑ ہندو ووٹروں کے نام پنچایت انتخابات کی فہرست میں ہیں، لیکن ایس آئی آر کے بعد تیار ہونے والی ووٹر لسٹ میں ان کے نام نہیں ہیں۔ یہ نام کیسے غائب ہوئے اور کون اس کے پیچھے تھا؟‘
وہ مزید بتاتے ہیں کہ،’55 لاکھ ہندو ووٹر ایسے ہیں جو حکومت کی مختلف اسکیموں سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔ 18 سال سے زیادہ عمر کے 4.5 لاکھ ووٹروں کے نام ووٹر لسٹ سے غائب ہیں۔‘جب ان سے پوچھا گیا کہ ’آپ کی حکومت میں ایسا کیسے ہوگیا؟‘ تو انہوں نے جواب دیا، ’اس میں حکومت کی مداخلت نہیں ہوتی۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا ہی ان تمام امور کی نگرانی کرتا ہے۔‘
وزیر اعلیٰ نے ہندو ووٹروں کے نام مبینہ طور پر ہٹائے جانے کے معاملے میں جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس بات چیت میں انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بی جے پی نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن کو ایک میمورنڈم سونپا ہے اور اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق،آدتیہ ناتھ نے ایس آئی آر کو نشانہ بنانے والی اپوزیشن جماعتوں کے ’پروپیگنڈے‘ پر سخت تنقید کی اور سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے سربراہ اکھلیش یادو کو چیلنج کیا کہ وہ اس متنازعہ عمل کو واپس لینے کا مطالبہ کریں۔
ان کے مطابق، پنچایت انتخابات کے ریکارڈ میں 66 لاکھ ووٹروں کے نام درج ہیں؛ ان میں سے 55 لاکھ ایسے ہندو ہیں جو سرکاری اسکیموں سے فائدہ تو اٹھا رہے ہیں، لیکن ووٹر لسٹ میں ان کے نام نہیں ہیں؛اور 18 سے 19 سال کی عمر کے تقریباً 4.5 لاکھ ووٹر ایسے ہیں جنہیں فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔
ان کایہ بیان، اتر پردیش حکومت کی جانب سے ان لوگوں کو سرکاری ملازمتوں سے محروم کرنے کے فیصلے کے ایک ہفتے بعد سامنے آیا ہے، جنہوں نے ’اقتدار کی تبدیلی‘ کے مطالبے کے لیے احتجاجی مظاہرے کیے تھے۔
اکھلیش یادو کا شفافیت کا مطالبہ
وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کے اس بیان کے جواب میں اکھلیش یادو نے آدھار کارڈ کو ووٹر کارڈ سے منسلک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کاغذ یا پلاسٹک کے بجائے ’میٹل کارڈ‘ بنائے جائیں، تاکہ ان کی نقل تیار نہ کی جاسکے۔
मुख्यमंत्री योगी आदित्यनाथ ने समाजवादी पार्टी के अध्यक्ष अखिलेश यादव पर निशाना साधा। SIR को लेकर चल रही राजनीतिक बयानबाजी के बीच योगी ने कहा कि अखिलेश यादव SIR वापस लेने की मांग नहीं करेंगे। देखिए, मतदाता सूची के विशेष गहन पुनरीक्षण यानी SIR पर योगी आदित्यनाथ ने क्या कहा।
#YogiAdityanath #AkhileshYadav #SIR #VoterList #ElectionCommission #UPPolitics #SamajwadiParty #YogiInterview #UttarPradesh #PoliticalNews
— UP Tak (@UPTakOfficial) November 8, 2026
اس کے ساتھ ہی سابق وزیر اعلیٰ یادو نے یہ بھی کہا کہ انگلیوں کے نشان یا آنکھ سے ہونے والی بایومیٹرک پہچان کو اپنایا جانا چاہیے، کیوں کہ یہ ہر شخص کے لیے الگ ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق، اس طرح بی جے پی فرضی ووٹنگ نہیں کرا پائے گی۔
دریں اثنا، سماج وادی پارٹی کے ترجمان ادے ویر سنگھ نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے پیش کیے گئے اعداد و شمار پر سوال اٹھائے ہیں اور ووٹر لسٹوں کی نظرثانی کے عمل میں مبینہ بے ضابطگیوں کے معاملے میں چیف الیکشن کمشنر اور اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اکتوبر 2025 میں ایس آئی آر شروع ہونے سے پہلے ریاست کی اسمبلی کی ووٹر لسٹ میں 15.4 کروڑ ووٹر تھے۔ ایس آئی آر کے دوران ریاست کی ووٹر لسٹ سے 2 کروڑ سے زیادہ ووٹروں کے نام ہٹائے گئے، جس کے بعد ووٹروں کی مجموعی تعداد گھٹ کر 13.39 کروڑ رہ گئی۔
اس سے پہلے ایک رپورٹ میں سامنے آیا تھا کہ ریاست میں گرام پنچایت اور شہری بلدیاتی انتخابات کی ووٹر لسٹوں میں مجموعی طور پر 16.91 کروڑ ووٹروں کے نام درج ہیں، جبکہ اسمبلی انتخابات کی ووٹر لسٹ میں 13.46 کروڑ ووٹر شامل ہیں۔ اس طرح تقریباً 3.45 کروڑ ووٹروں کا واضح فرق سامنے آتا ہے، جن کے نام اسمبلی انتخابات کی ووٹر لسٹ میں نہیں ہیں۔
اتر پردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نویدیپ رنوا کا کہنا ہے کہ 17 نومبر کو ووٹر لسٹ کا مسودہ شائع ہونے کے بعد وہ اس سلسلے میں اٹھائے جانے والے سوالوں کا جواب دیں گے۔
دریں اثنا، وزیر اعلیٰ آدتیہ ناتھ کے دعووں کی اب تک آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے۔