پٹاخے جلنے سے پہلے ہی دم گھونٹ رہی تھی دہلی کی ہوا، دہائی کی چوتھی آلودہ ترین دیوالی

نارتھ بلاک کی 31 اکتوبر 2026  کی تصویر(بائیں) اور 9 نومبر (دہلی میں دیوالی کے جشن کے اگلے دن) کی تصویر۔ دیوالی کے موقع پر مقررہ وقت کی حد ختم ہونے کے کافی دیر بعد تک شہر بھر میں پٹاخے جلائے جانے کے بعد راجدھانی کی صبح انتہائی خراب فضائی معیار کے ساتھ ہوئی۔ (تصویر: پی ٹی آئی/سلمان علی)

دہلی میں 2016 کے بعد سے اس سال کی چوتھی سب سے زیادہ آلودہ دیوالی درج کی گئی۔ پی ایم 2.5 کی سطح بڑھ کر 257 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر تک پہنچ گئی۔ وہیں، نگرانی مراکز سے اعداد و شمار غائب ہونے کی وجہ سے راجدھانی میں آلودگی کی حقیقی سطح کو لے کر ایک بار پھر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔

نئی دہلی:دہلی میں اس سال دہائی کی سب سے زیادہ آلودہ دیوالی میں سے ایک درج کی گئی۔ 8 نومبر 2026 کو راجدھانی میں اس سال کی چوتھی سب سے زیادہ یومیہ اوسط پی ایم 2.5 کی سطح درج کی گئی۔ یہ جانکاری 2016 سے 2026 کے درمیان دیوالی کے آس پاس کے دنوں کے فضائی معیار کے اعداد و شمار کے تجزیے سے ہوا ہے۔

سینٹر فار ریسرچ آن انرجی اینڈ کلین ایئر (سی آر ای اے) کی جانب سے کیے گئے اس تجزیے کے مطابق، دیوالی کے دن دہلی میں پی ایم 2.5 کی اوسط سطح 257 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر رہی۔ اس کے ساتھ ہی 8 نومبر 2026 اب تک اس سال کا چوتھا سب سے زیادہ آلودہ دن رہا۔ وہیں، 2016 کے بعد سے یہ راجدھانی کی چوتھی سب سے زیادہ آلودہ دیوالی بھی  رہی۔

دہائی کی سب سے زیادہ آلودہ دیوالی

سال2016سے 2026 کے درمیان دیوالی اور اس کے آس پاس کے دنوں میں پی ایم 2.5 کی یومیہ سطحوں کا موازنہ کرنے پر پتہ چلاکہ 2026 کی دیوالی اس دوران کی چوتھی سب سے زیادہ آلودہ دیوالی رہی۔

سال در سال کے اعداد و شمار میں کافی فرق دیکھنے کو ملتا ہے۔ سال 2020 میں دیوالی اس سال کے سب سے زیادہ آلودہ دنوں میں تیسرے مقام پر تھی، جبکہ 2021 میں یہ دسویں مقام پر رہی۔ 2023 میں دیوالی کا مقام 98 واں اور 2025 میں 32 واں تھا۔ وہیں، 2026 میں دیوالی کا چوتھے مقام پر رہنا اس مدت کے سب سے خراب اعداد و شمار میں سے ایک ہے۔

تجزیے سے یہ بھی پتہ چلتا ہے کہ دیوالی سے پہلے کے دنوں میں بھی آلودگی کی سطح کافی زیادہ تھی۔ 5، 6 اور 7 نومبر کو دہلی میں اس سال کے چھٹے، ساتویں اور آٹھویں سب سے زیادہ آلودہ دن درج کیے گئے۔ اس کا مطلب ہے کہ دیوالی کا جشن شروع ہونے سے پہلے ہی دہلی کی ہوا میں آلودگی کی سطح کافی بڑھ چکی تھی۔

آلودگی کی بلند ترین سطح کے دوران نگرانی کے اعداد و شمار میں کمی پر سوال

اس تجزیے میں آلودگی کی بلند ترین سطح کے دوران شہر کے فضائی معیار کی نگرانی سے متعلق اعداد و شمار میں بڑی خامیاں بھی سامنے آئی ہیں۔

گزشتہ9 نومبر کو رات ایک بجے، جب ہوا کے ٹھہر جانے کی وجہ سے آلودگی کی سطح اپنے عروج پر تھی، اس وقت 36 نگرانی مراکز سے پی ایم 2.5 کے فی گھنٹہ کے اعداد و شمار دستیاب نہیں تھے۔ ان مراکز سے اعداد و شمار نہ ملنے کے باعث یہ سوال اٹھتا ہے کہ اگر یہ مراکز کام نہیں کر رہے تھے تو ان اوقات کے دوران، جب آلودگی انتہائی سنگین سطح پر تھی، نگرانی کا نظام فضائی آلودگی کی حقیقی صورتحال کا کتنا درست اندازہ لگا پایا۔

ایک اور تشویش سینٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے کنٹینیوئس ایمبینٹ ایئر کوالٹی مانیٹرنگ (سی پی سی بی-سی سی آر) کے پبلک  پورٹل پر دکھائی جانے والی زیادہ سے زیادہ حد کو لے کر ہے۔ سری فورٹ نگرانی مرکز پر پی ایم 2.5 کی سطح 1,000 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر درج کی گئی، جو اس پورٹل پر دکھائی جانے والی زیادہ سے زیادہ ریڈنگ ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کی سفارش ہے کہ پی ایم 2.5 کی سطح 24 گھنٹے کی مدت میں 15 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر اور سالانہ اوسط میں 5 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے۔

اس کے مقابلے  ہندوستان کے معیار کافی ڈھیلے ہیں۔

ہندوستان کے نیشنل ایمبیئنٹ ایئر کوالٹی اسٹینڈرڈز (این اے اے کیو ایس) کے مطابق، پی ایم 2.5 کی 24 گھنٹے کی قابل قبول سطح 60 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر  اور سالانہ اوسط 40 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر مقرر کی گئی ہے۔

تجزیے کے مطابق، سی پی سی بی کا پورٹل 1,000 مائیکرو گرام فی کیوبک میٹر سے زیادہ کی ریڈنگ نہیں دکھاتا۔ ایسے میں سوال اٹھتا ہے کہ حد سے زیادہ آلودگی کی سطح کو عوامی طور پر دستیاب اعداد و شمار میں مکمل طور پر کس طرح درج کیا جا رہا ہے، خصوصی طور پر اس وقت جب آلودگی کی صورت حال انتہائی سنگین ہو؟

اس تجزیے کے نتائج نے دہلی کے فضائی معیار سے متعلق اعداد و شمار کی دستیابی اور شفافیت کے حوالے سے متعددسوال  پیدا کر دیے ہیں۔ دی وائر کی پچھلی رپورٹ میں بھی یہ مسئلہ اٹھایا گیا تھا۔ اس رپورٹ میں دہلی کے فضائی آلودگی کی نگرانی کرنے والے مراکز کے کام کاج اور ان کے مقامات کو لے کر تشویش کا اظہار کیا گیا تھا۔