خبریں

مالیگاؤں بم دھماکہ معاملے کے کلیدی ملزم میجر رمیش اپادھیائے ضمانت پر رہا

 بینچ نے اپنے فیصلہ میں ہی بھی کہا کہ عدالت عظمی کی جانب سے پیریٹی کے معاملے میں متعین کردہ گائڈلائنس کو ماننے کے وہ پابند ہیں

Malegaon_RAMESHUPADHYAYjpgممبئی: یکے بعد دیگرے کے مترادف مالیگاؤں2008ء بم دھماکہ معاملے کے ملزمین ضمانت پر رہا ہوتے جارہے ہیں اور آج اس میں مزید ایک کا اس وقت اضافہ ہوگیا جب ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ نے اس معاملے کے اہم ملزم ریٹائرڈ میجر رمیش اپادھیائے کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کیئے ۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق ممبئی ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس رنجیت مورے اور جسٹس سادھنا جادھو نے ملزم رومیش اپادھیائے کو ’’پیریٹی‘‘ یعنی کے یکسانیت کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ضمانت کی مخالفت کرنے والے سرکاری وکیل اور متاثرین کے وکلاء کو بتایا کہ اب جبکہ سپریم کورٹ نے کرنل پروہیت کو ضمانت پر رہا کردیا ہے جس کا کردار عرض گذارسے قدرے زائد تھا لہذا عدالت کے پاس ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ بچا نہیں ہے۔

دو رکنی بینچ نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ حال ہی میں اس معاملے میں نچلی عدالت یعنی کے خصوصی این آئی اے عدالت نے مزید دو ملزمین سدھاکر چترویدی اور سدھاکر دھر دویدی کو بھی ضمانت پر رہا کیا تھا لہذا یکسانیت کی بنیاد پر عرض گذار میجر رومیش اپادھیائے کو بھی ضمانت پر رہا کیا جاتا ہے۔  بینچ نے اپنے فیصلہ میں ہی بھی کہا کہ عدالت عظمی کی جانب سے ’’پیریٹی ‘‘ کے معاملے میں متعین کردہ گائڈلائنس کو ماننے کے وہ پابند ہیں لہذا وہ آج ملزم کو ضمانت پر رہا کیئے جانے کے احکامات جاری کررہے ہیں۔