عرب ووٹ جس نے نیتن یاہو اور ٹرمپ کے ہوش اڑا دیے

اسرائیل میں انتخابات کے ایک دن بعد یروشلم میں وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تصویر والے لیکوڈ پارٹی کے پھٹے ہوئے انتخابی پوسٹر کے پاس سے گزرتے ہوئے ایک عرب خاتون اور بچہ۔ پوسٹر پر عبرانی زبان میں لکھا ہے، ’جیتنے کا ہمارے پاس ایک ہی موقع ہے۔‘(تصویر: اے پی/ اوہاد زویگنبرگ)

ان انتخابی نتائج نے بلاشبہ اسرائیلی پارلیامانی سیاست کے روایتی اعداد و شمار کو الٹ پلٹ کر کے رکھ دیا ہے۔ مگر کیا یہ الٹ پھیر فلسطینیوں کی کچلی ہوئی زندگیوں میں بھی کوئی مثبت تبدیلی لا سکے گا؟ اس کا انحصار محض اس بات پر نہیں ہوگا کہ وزارتِ عظمیٰ کے تخت پر کون براجمان ہوتا ہے، بلکہ اس کا اصل دارو مدار اس بات پر ہوگا کہ کیا عالمی ضمیر اور بین الاقوامی برادری تل ابیب میں بننے والی کسی بھی نئی حکومت کو اس کے جرائم پر انصاف اور احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی جرأت کر پاتی ہے یا نہیں۔

اسرائیل کی لبنانی سرحد پر واقع قصبے متولا سے لے کر بحیرہ احمر کے ساحل پر بسے شہر ایلات تک، 3 اور 4نومبر کی درمیانی شب اسرائیلی عوام کی نظریں ٹیلی ویژن اسکرینوں پر جمی رہیں۔

اگرچہ یہ انتخابات ہزاروں کلومیٹر کے فاصلے پر امریکہ میں ہو رہے تھے، مگر ان کے براہ راست اثرات اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کی سیاسی بقا اور اقتدار سے وابستہ تھے۔ یہ شاید واحد ملک ہوگا، جہاں انتخابات کے بعد اگلی حکومت کی تشکیل کسی دوسرے ملک کی سیاسی کروٹ پر ٹکی ہوئی تھی۔

ابھی محض ایک ہفتہ قبل ہی، اسرائیل کے عرب نژاد فلسطینی شہریوں نے انتخابی میدان میں نیتن یاہو کو ایک کاری ضرب لگائی تھی، جس نے ان کے دائیں بازو کے حکومتی اتحاد کو پارلیامانی اکثریت سے محروم کر دیا تھا۔ لیکن یہ سیاستدان کسی بھی صورت اقتدار سے دستبردار ہونے پر آمادہ نہ تھا۔

جوں جوں امریکی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کا میابی کی خبریں آرہی تھیں، نیتن یاہو کی دوبارہ وزارت اعظمیٰ کی امیدیں معدوم ہو رہی تھیں۔ کرسی پر براجمان رہنے کے لیے ان کی امیدوں کا ایک بڑا دارومدار امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ ان کے قریبی اور ذاتی مراسم پر ٹکا ہوا تھا۔

 امریکی انتخابات کے فوراً بعد ہی، اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے باضابطہ اعلان کیا کہ وہ ‘یشار’ پارٹی کے سربراہ اور سابق فوجی سربراہ گیڈی آئزن کوٹ کو اسرائیل کی نئی حکومت تشکیل دینے کا کام سونپیں گے۔

آئینی طور پر آئزن کوٹ کے پاس حکومت بنانے کے لیے 28 دن کی مہلت ہوگی، اور ناگزیر حالات میں صدر کے پاس یہ قانونی اختیار حاصل ہے کہ وہ اس مدت میں مزید14 دنوں کی توسیع کر سکیں گے۔ اگر وہ اس مدت میں حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں، تو قرعہ فال دوبارہ نیتن یاہو کے نام نکل سکتا ہے۔

مختلف پارلیامانی وفود کے ساتھ صدر ہرزوگ کے مشاورتی عمل کے دوران، آئزن کوٹ کو وزارتِ عظمیٰ کے منصب کے لیے 67 ارکانِ پارلیامان کی تائید اور سفارشات حاصل ہوئی، جو کہ120 رکنی کنیسٹ میں ایک واضح اکثریت بنتی ہے۔ کنیسٹ میں سات نشستیں رکھنے والی کٹر قدامت پسند جماعت ‘یونائیٹڈ تورات یہودیت’ (یوٹی جے)، جو ابھی تک نیتن یاہو کے کیمپ میں تھی، نے بھی آئزن کوٹ کی حمایت کا عندیہ دیا ہے، تاکہ عرب قیادت والی جماعتوں کی باضابطہ شمولیت کے بغیر حکومت قائم کی جاسکے گی۔27 اکتوبر کے کنیسٹ انتخابات میں نیتن یاہو کا دائیں بازو کا اتحاد120 کے ایوان میں محض 53 نشستیں ہی حاصل کر پایا تھا۔

دوسری جانب گیڈی آئزن کوٹ کی زیرِ قیادت یہودی اپوزیشن کے پاس 48نشستیں تھیں۔ جبکہ عرب اور فلسطینی قیادت پر مبنی دو انتخابی محاذوں ‘مشترکہ فہرست’ جوائنٹ لسٹ اور ‘رعام’نے تاریخی اور غیر معمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے مل کر19نشستیں حاصل کی۔

امریکی انتخابات کے نتائج کے سامنے آتے ہی اسرائیلی اپوزیشن لیڈر یائر لاپید نے خبردار کیا کہ نیتن یاہو کا مسلسل برسرِ اقتدار رہنا اسرائیل کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  نیتن یاہو کی وجہ سے اسرائیل سفارتی تنہائی کا شکار ہو گیا ہے اور اس کے دوبارہ اقتدار میں آنے سے اس کو بین الاقوامی پابندیوں، عالمی بائیکاٹ اور امریکہ کے ساتھ تصادم کا سامنا کرنا پڑے گا۔

نیتن یاہو کواقتدار سے بے دخل کرنے کے لیےعرب علاقوں میں پہلی بار 80فیصد سے زائد پولنگ ہوئی۔جنوبی اسرائیل میں واقع صحرائے نقب کے سب سے بڑے بدو قصبے ‘رہط’  میں ایک 65  سالہ بدو خاتون زندگی میں پہلی بار ووٹ ڈالنے آئی تھی۔

 گو کہ عرب آبادی میں آئزن کوٹ کے بارے میں کوئی حسن ظن نہیں ہے، مگر  سر سے پاؤں تک سیاہ عبائے میں لپٹی اس خاتون نے سسکتے ہوئے لہجے میں کہا؛

موجودہ حکومت کے بے رحم رویے نے ہماری روحوں کو چھلنی کر کے رکھ دیا ہے۔

   اس کا سارا خاندان نقب کے ان  ‘غیر تسلیم شدہ’ بدو دیہاتوں میں سے ایک میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہا ہے جہاں ریاست کی جانب سے نہ تو بجلی کی تاریں پہنچی ہیں اور نہ ہی پینے کے صاف پانی کا کوئی انتظام ہے۔

اگر سخت سردی یا تپتی دھوپ سے بچنے کے لیے لکڑی یا ٹین کا ایک معمولی سا شیڈ بھی بنا لیا جائے، تو انتہاپسند وزیر برائے قومی سلامتی، اتمار بن گویر کے بھیجے ہوئے بلڈوزر ان چھتوں کو ملبے کا ڈھیر بنانے کے لیے پہنچ جاتے ہیں۔

 الیکشن کے دن ایسی ان گنت تصاویر اور ویڈیوز سامنے آئیں جن میں بدو دیہات کے باسی اونٹوں، گھوڑوں اور گدھوں پر سوار ہو کر ووٹ ڈالنے پہنچ رہے تھے۔ ریت کے بگولوں اور دور دراز ویرانوں میں کٹی پھٹی بستیوں سے نکل کر پولنگ بوتھ تک پہنچنا بذاتِ خود ایک طویل، تھکا دینے والی اور پرخطر مسافت کا تقاضہ کرتا تھا۔

متعدد عرب بستیوں اور شہروں میں، ووٹرز نے حکومتی اہلکاروں کی طرف سے ہراساں کیے جانے، پولیس کی غیر ضروری رکاوٹوں اور پولنگ کے عمل میں دانستہ سست روی کی سنگین شکایات کیں۔

انسانی حقوق اور قانونی تحفظ کی سرکردہ تنظیم ‘عدالہ’  نے باضابطہ دستاویزی رپورٹ دی کہ پولیس کی جانب سے ووٹرز کی شناختی جانچ پڑتال کے عمل کو غیر معمولی طور پر طول دیا گیا اور لوگوں کو ہچکچاہٹ میں ڈالنے کے لیے پولنگ اسٹیشن کے داخلی دروازوں پر توہین آمیز پوچھ گچھ کا نشانہ بنایا گیا۔

  رہط کے ایک عام شہری نمر ابو شیبان نے ‘دی ٹائمز آف اسرائیل’ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس کی اہلیہ اور بیٹیوں نے عام حالات میں کبھی ووٹ ڈالنے کا سوچا بھی نہ تھا۔ انہوں نے درد بھرے لہجے میں کہا؛

لیکن ملک اس وقت اتنے ظالم اور برے ہاتھوں میں جکڑا جا چکا ہے کہ آج ہماری بستی کا بچہ بچہ اور ہر عورت گھر سے نکل کر ووٹ ڈال رہی ہے۔

  عرب آبادی کے اس فقید المثال سیلاب نے نیتن یاہو کے ایوانوں میں خوف کے گھنٹے بجا دیے۔

   کسی بھی حقیقی اور متوازن جمہوری معاشرے میں، کوئی بھی سیاسی رہنما رائے دہندگان کے ایسے طبقے کی،جو طویل عرصے سے نظام سے بیزار اور لاتعلق رہا ہو،  انتخابی عمل میں وسیع پیمانے پر شرکت کا کھلے دل سے خیر مقدم کرتا۔ مگر نیتن یاہو نے اسرائیل کی مجموعی آبادی کے تقریباً پانچویں حصے  20 فی صد فلسطینی شہریوں کے اس جمہوری تحرک کو ملک کے لیے ایک ‘ہنگامی سکیورٹی خطرہ’ قرار دے کر پیش کیا۔

خوف کے مارے انہوں  نے اپنے روایتی یہودی ووٹروں سے واویلا کرتے ہوئے اپیلیں کیں کہ وہ بھاگم بھاگ پولنگ اسٹیشنوں کا رخ کریں۔

نقب کے ریگزاروں سے نکلتے ہوئے نہتے بدو ووٹروں کی تصویروں اور ویڈیوز کو الکٹرانک اور سوشل میڈیا پر بطور ‘سیاسی خطرہ’ پیش کیا گیا تاکہ صیہونی ووٹروں کو ڈرا کر یہ باور کرایا جائے کہ عربوں کی یہ شرکت درحقیقت دائیں بازو کے اقتدار کو نیست و نابود کر دے گی۔

وزیر اعظم اس بات پر سخت تلملا رہے تھے کہ ان کے ملک کی آبادی کا ایک بھاری حصہ اپنے بنیادی جمہوری اور شہری حقوق کا استعمال کیوں کر رہا ہے۔ اس سیاسی بیداری کی بدولت مشترکہ فہرست نے11 نشستوں پر میدان مارا، جبکہ منصور عباس کی ‘رعام8 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ ان دونوں کا مجموعی طور پر19نشستیں حاصل کر لینا اسرائیلی پارلیامانی تاریخ میں عرب اور فلسطینی قیادت والی جماعتوں کا اب تک کا سب سے بڑا، بے مثال اور تاریخی کارنامہ ہے۔

برسوں سے، اسرائیل کی صیہونی و لبرل اپوزیشن جماعتیں اس خوش فہمی اور خود فریبی میں مبتلا تھیں کہ وہ عرب ووٹروں کے تعاون کا طوق اپنے گلے میں ڈالے بغیر ہی نیتن یاہو کو اقتدار سے باہر کر دیں گی۔اکتوبر کے اس الیکشن نے اس پرانی، تنگ نظر اور فرسودہ سیاسی حکمتِ عملی کی حدود کو بے نقاب کر کے طشت از بام کر دیا۔  اگر عرب شہریوں کا یہ بے مثل اور فقید المثال ٹرن آؤٹ نہ ہوتا، تو نیتن یاہو کا فاشسٹ اتحاد ایک بار پھر باآسانی کنیسٹ میں قطعی اکثریت برقرار رکھنے میں کامیاب ہو چکا ہوتا۔

   لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ ایک ناگزیر اور فیصلہ کن انتخابی قوت کے طور پر ابھرنے کے باوجود، فلسطینی شہریوں کی یہ حیثیت ان کے لیے مستقبل کی حکومت میں برابر کے اقتدار میں شراکت دار بننے کے بند دروازے کھول نہ سکی۔

فلسطینی سیاستدان اور جوائنٹ لسٹ کے مرکزی ستون احمد طیبی نے راقم کو بتایا کہ وہ کابینہ میں شمولیت یا وزارتیں حاصل کرنے کی قطعی خواہش مند یا مصر نہیں ہے۔ وہ صرف نیتن یاہو کو اقتدار سے بے دخل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا؛

ہم نے بنیادی طور پر اپنی مظلوم عرب برادری کے مفادات کے تحفظ، اس کا دفاع کرنے اور نیتن یاہو کی فاشسٹ حکومت کو گرانے کی خاطر اپوزیشن کے ساتھ دانشمندانہ مفاہمت کے ذریعے ایک متبادل سویلین حکومت کی راہ ہموار کرنے کی بات کی ہے۔

نوےکی دہائی میں بھی  عرب اراکینِ پارلیامان نے اسحاق رابن کی اوسلو امن معاہدے والی حکومت کو بیساکھیاں فراہم کی تھیں۔

    طیبی نے فلسطینی ووٹروں کی انتخابی شرکت کو ایک عظیم تاریخی اور سیاسی فتح قرار دیا جس نے نیتن یاہو کے مذموم عزائم کی دھجیاں بکھیر دیں۔   انہوں نے نیتن یاہو کے شرپسند عناصر کی جانب سے انتخابی دھاندلی کے من گھڑت الزامات کا نشانہ بنا کر فلسطینی شہریوں کے آئینی ووٹوں کو متنازعہ اور غیر قانونی قرار دینے کی مہم کی شدید مذمت کی۔

عرب لیڈر نے پختہ امید ظاہر کی کہ اس انتخابی فیصلے کے نتیجے میں اتمار بن گویر اور بیزالیل سموتریچ جیسے انتہا پسند نسل پرستوں کو دوبارہ وزارتی کرسیوں پر بیٹھنے کا موقع نہیں ملے گا۔ دونوں عرب انتخابی گروپوں کے باہمی گہرے اختلافات کے باوجود، طیبی نے منصور عباس کی قیادت والی ‘رعام’ کے ساتھ مشترکہ ورکنگ ریلیشن شپ قائم کرنے کے واضح اشارے دیے۔

جو قارئین اسرائیلی سیاست کی اندرونی گتھیوں اور نشیب و فراز سے زیادہ واقف نہیں ہیں، ان کے لیے فلسطینی ووٹروں کی نمائندگی کرنے والے ان سیاسی دھڑوں کے فکری خدوخال کو سمجھنا ازحد ضروری ہے۔  مشترکہ فہرست درحقیقت تین مختلف الخیال اور منفرد سیاسی نظریات رکھنے والی جماعتوں کا ایک انتخابی اتحاد ہے: حداش ، تعال اور بلد۔

  حداش بائیں بازو کا ایک اشتراکی محاذ ہے جس کی فکری جڑیں روایتی کمیونسٹ اور سوشلسٹ تحریکوں میں پیوست ہیں۔ یہ پارٹی اپنے اندر عرب اور غیر صیہونی یہودی دونوں ارکان کو یکساں طور پر سموئے ہوئے ہے، اور اس کا سارا زور نسلی مساوات، مزدوروں اور محنت کش طبقے کے حقوق اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی عسکری قبضے کی غیر مشروط مخالفت پر مرکوز رہتا ہے۔

 تعال احمد طیبی کی زیرِ قیادت کام کرنے والی  جماعت ہے، جو بنیادی طور پر اسرائیل کے اندر رہنے والے عرب-فلسطینی شہریوں کے جمہوری، شہری، قانونی اور سیاسی حقوق کے تحفظ کے لیے پارلیامانی جدوجہد کرتی ہے۔

  بلد جماعت خالصتاً فلسطینی قوم پرستی اور حقِ خود ارادیت کے نظریے پر استوار ہے۔ اس کا سب سے انقلابی منشور یہ ہے کہ اسرائیل کو ایک ایسی ریاست میں تبدیل کیا جائے جو تمام شہریوں کی بلا تفریقِ مذہب و نسل مساوی جمہوری ریاست ہو۔ یعنی وہ اسرائیل کے اس آئینی ڈھانچے کو یکسر مسترد کرتی ہے جو یہودی قومی شناخت کو دیگر تمام شہریوں پر فوقیت اور برتری دیتا ہے۔ بلد فلسطینیوں کے اجتماعی قومی حقوق پر اصرار کرتی ہے اور تاریخی طور پر صیہونی بنیادوں پر قائم کسی بھی اسرائیلی حکومت کا حصہ بننے یا اس کی پشت پناہی کرنے کی سخت ترین مخالف رہی ہے۔

دوسری جانب، منصور عباس کی قیادت والی رعام جس کو یونائیٹڈ عرب لسٹ بھی کہا جاتا ہے، مختلف اندازِ سیاست پر یقین رکھتی ہے۔ یہ تنظیم اسرائیل میں اسلامی تحریک کے جنوبی دھڑے کی کوکھ سے جنمی ہے۔

منصور عباس کا بنیادی سیاسی فلسفہ یہ ہے کہ اسرائیل کے اندر بسنے والے مظلوم فلسطینی شہری اپنے اسکولوں کی بہتری، رہائشی مکانات کی تعمیر کے اجازت ناموں، بلدیاتی بجٹ کی مساوی فراہمی اور گلی محلوں میں بدامنی و جرائم کے خاتمے کے مطالبات کو کسی فلسطینی امن معاہدے یا ریاست کے قیام تک لامتناہی طور پر مؤخر نہیں کر سکتے ہیں۔

یہی وجہ تھی کہ 2012میں ‘رعام’ وہ پہلی عرب پارٹی بنی جس نے نفتالی بینیٹ اور یائر لاپید کی مخلوط اسرائیلی حکومت میں باضابطہ شمولیت اختیار کر کے تاریخ رقم کی تھی۔

 سن 2026 میں، منصور عباس نے ایک اور غیر معمولی قدم اٹھاتے ہوئے اپنی پارٹی کے سیاسی فیصلوں کو اسلامی تحریک کی مذہبی شوریٰ کونسل کی بالادستی سے باضابطہ الگ کر دیا تاکہ جماعت کو ایک خالصتاً آزاد اور غیر مذہبی شہری سیاسی شناخت دی جا سکے۔

جوائنٹ لسٹ کے چیئرمین یوسف جبارنے راقم کو بتا یا کہ دنوں عرب اتحادوں نے معمولی بنیادی شرائط  پیش کی ہیں۔ جن میں عرب آبادیوں میں منظم جرائم پیشہ مافیاز کے خلاف بلا امتیاز اور سخت ریاستی کریک ڈاؤن، فلسطینی دیہاتوں اور قصبوں کے ماسٹر پلانز کی منظوری، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اوران کی بلدیاتی حدود میں توسیع کی اجازت، اسرائیل کے اندر عرب شہریوں کے لیے بلا تفریق مکمل اور مساوی شہری حقوق کا عملی نفاذ ہے۔جو بظاہر کسی بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

مشترکہ لسٹ کا اضافی مطالبہ اوسلو اکارڈ کی بحالی جس میں  ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سنجیدہ اور بامقصد سفارتی اور سیاسی مذاکرات کا عمل شامل ہے۔ یہ آخری مطالبہ جو آئزن کوٹ اور ان کے یہودی صیہونی اتحادیوں کے لیے گلے کی سب سے کڑوی اور ناقابلِ برداشت ہڈی بن سکتا ہے۔

اس لئے ان کا زور عرب پارٹیوں کی حمایت کے بغیر حکومت بنانے پر ہے۔

‘بلد’ پارٹی کے نمایاں رہنما سامی ابو شحادہ نے راقم کو  دیے گئے انٹرویو میں اسرائیلی سیاسی نظام کی نسلی منافقت کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ؛

اگر خالص جمہوری حقائق کو دیکھا جائے تو نیتن یاہو کا فاشسٹ کیمپ الیکشن ہار چکا ہے، اور اس کا باب اسی دن بند ہو جانا چاہیے تھا۔

 مگر اسرائیلی سماج اور اس کے سیاسی ڈھانچے میں رچی بسی گہری اور لاعلاج نسل پرستی کا یہ عالم ہے کہ وہ عرب جماعتوں کے ساتھ بیٹھنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔  ابو شحادہ نے طنز کے تیر برساتے ہوئے آئزن کوٹ کے مراکشی یہودی پس منظر کی طرف اشارہ کیا اور کہا؛

خود آئزن کوٹ، جو خود عرب اور بالخصوص مراکشی النسل پس منظر سے تعلق رکھتے ہیں، دھڑلے سے انتخابی جلسوں میں وعدے کرتے ہیں کہ وہ پارلیمان میں عرب نمائندوں کے ساتھ نہیں بیٹھیں گے۔ ایک بیمار اور نسل پرست سماج  کا اس سے بڑا کیا ثبوت ہوسکتا ہے۔

عرب شہریوں کو ووٹ کے محاذ پر لانے والی قوت محض غزہ پر مسلط کی گئی تباہ کن جنگ ہی نہ تھی۔   پورے خطہ جلیل  میں، ناصرہ اور سخنین سے لے کر طمرہ اور شفا عمرو تک، فلسطینی شہری ہولناک معاشی و سماجی ناہمواریوں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔

پرتعیش، جدید اور تمام تر سہولیات سے آراستہ یہودی بستیوں کے بالکل متصل واقع عرب قصبے ٹوٹی پھوٹی سڑکوں، ناکارہ سیوریج، گنجان ترین خستہ حال مکانات اور بلدیاتی فنڈز کی شدید قلت سے تباہ حال ہیں۔ ‘اسرائیل ڈیموکریسی انسٹی ٹیوٹ’ کی2024ی جامع شماریاتی رپورٹ کے مطابق، 38.4 فیصد عرب خاندان غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔   اس ریاستی عدم توجہی کے نتیجے میں پھلنے پھولنے والے منظم جرائم اور خونخوار مافیاز نے عرب سماج کو یرغمال بنا لیا ہے۔

 نامور اسرائیلی سیاسی تجزیہ نگار طال شنائیڈر نے یہودی اور عرب معاشروں کے درمیان اس وسیع اور خوفناک خلیج کو ‘روح فرسا’ قرار دیا۔ انہوں نے اس صیہونی پروپیگنڈے اور گھٹیا مفروضے کو یکسر مسترد کر دیا کہ یہ خونریزی اور تشدد عرب معاشرے کی کسی فطرت کا حصہ ہے۔

انہوں نے نشاندہی کی کہ یہ تباہی ناقص و متعصب پولیسنگ، دانستہ غربت اور کئی دہائیوں سے عرب علاقوں میں ریاستی وسائل کی غیر منصفانہ عدم فراہمی کا براہِ راست شاخسانہ ہے۔ جہاں صحرائے نقب کے بے آسرا بدو قبائل کے لیے سب سے بڑا عذاب اسرائیلی بلڈوزروں کی جانب سے اپنے خیموں کے مسمار ہونے کا مستقل خوف اور پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی ہے، وہیں شمالی اسرائیل کے عرب شہروں میں ترجیحات مکانات کی قلت، بے روزگاری، وسائل کی بندش اور مافیا کے خونی جبر سے تحفظ حاصل کرنا ہیں۔

ان تمام مظالم کے اوپر، غزہ کی پٹی پر جاری قیامت خیز بمباری اور مغربی کنارے پر بدترین وحشیانہ فوجی قبضے نے اس الیکشن کو عرب عوام کے لیے اپنے ذاتی مسائل سے کہیں بلند تر اور ایک قومی و وجودی معرکہ بنا دیا تھا۔

   دہائیوں سے اسرائیلی شہریت کے حامل فلسطینی اس لامتناہی فکری کشمکش اور بحث میں مبتلا رہے تھے کہ آیا کنیسٹ کے انتخابات میں حصہ لینا درحقیقت اس صیہونی ریاست کے ڈھانچے کو اخلاقی اور قانونی جواز بخشنے کے مترادف تو نہیں جو آئینی طور پر صرف اور صرف یہودی بالادستی پر قائم ہے؟

اسی لیے ایک بڑا طبقہ اصولی طور پر انتخابات کے بائیکاٹ کی راہ اپناتا رہا تھا، جبکہ دوسرا طبقہ یہ سمجھتا تھا کہ نسل پرست حکومتوں کے فاشسٹ اقدامات کا مقابلہ کرنے اور اپنی برادری کا دفاع کرنے کے لیے اس پارلیامانی فورم کا استعمال ناگزیر ہے۔

لیکن اس تاریخی الیکشن میں لاکھوں فلسطینیوں نے یہ حتمی نتیجہ اخذ کیا کہ خاموش بیٹھنے یا بائیکاٹ کرنے کا واحد اور براہِ راست فائدہ صرف نیتن یاہو، اتمار بن گویر اور بیزالیل سموتریچ کے فاشسٹ اتحاد کو ہی پہنچے گا۔

چنانچہ ٹرن آؤٹ کا یہ تاریخی اور غیر معمولی طوفان ان تمام سلگتے ہوئے جذبات، اجتماعی خوف اور عزم کے باہم ملاپ کا فطری مظہر تھا۔

اس الیکشن نے اسرائیلی یہودی سماج کے اندر موجود ایک اور گہرے، تاریخی مگر پردوں کے پیچھے چھپے ہوئے تضاد اور دراڑ کو بھی بے نقاب کر دیا۔

اسرائیل کی مجموعی یہودی آبادی بنیادی طور پر دو واضح بڑے طبقات میں بٹی ہوئی ہے: ایک اشکنازی یہودی، جن کے آباء و اجداد کا تعلق یورپی ممالک سے ہے؛ اور دوسرے مزراحی  یہودی، جن کی جڑیں مشرقِ وسطیٰ، ایران اور شمالی افریقہ کے عرب خطوں سے جڑی ہیں۔ 1948 میں اسرائیل کے قیام کے بعدسے ہی یورپی اشکنازی اشرافیہ نے ملک کے تمام تر سیاسی، عسکری، عدالتی، تعلیمی اور معاشی اداروں پر اپنی گرفت مضبوطی سے جمائے رکھی ہے۔

اس کے برعکس مراکش، عراق، یمن اور دیگر عرب و افریقی ممالک سے نقل مکانی کر کے اسرائیل لائے جانے والے لاکھوں مزراحی یہودیوں کو تیسرے درجے کے شہریوں کا درجہ ملا؛ انہیں خستہ حال پسماندہ کیمپوں میں ٹھونس دیا گیا، ترقی کے تمام مواقع سے محروم رکھا گیا اور اشکنازی حکمرانوں کی شدید نسلی تحقیر اور تذلیل کا سامنا کرنا پڑا۔

مزراحی طبقے کی اشکنازی مخالف بغاوت کے بل بوتے پر ہی، مناخم بیگن کی جماعت ‘لیکود’ نے 1977 کے انتخابات میں اشکنازی ‘لیبر پارٹی’ کے اقتدار کی اجارہ داری کو ہمیشہ کے لیے توڑ ڈالا جس نے اسرائیل کی بنیاد رکھی تھی۔

اس موڑ کے بعد سے لیکود پارٹی نے اسرائیل کے پسماندہ محنت کش مزراحی ووٹروں کے اندر ایک ناقابلِ تسخیر عوامی ووٹ بینک استوار کر لیا۔مگر اس نے ایک انتہائی دلچسپ، متضاد اور انوکھا سیاسی منظر نامہ پیدا کر دیا ہے۔

  خود بنجامن نیتن یاہو کا تعلق خالصتاً ایک مراعات یافتہ اور روایتی یورپی اشکنازی خاندان سے ہے، اور یہی پس منظر لیکود کے بیشتر بڑے لیڈروں کا بھی رہا ہے۔ مگر ستم ظریفی دیکھیے کہ نیتن یاہو کی پارٹی کا سب سے وفادار اور جنونی ووٹر بیس مزراحی نژاد یہودیوں پر مشتمل ہے۔ دوسری جانب، نیتن یاہو کو چیلنج کرنے والے مرکزی اپوزیشن لیڈر گیڈی آئزن کوٹ بذاتِ خود ایک مراکشی مزراحی یہودی ہیں۔

لیکن ان کی جماعت ‘یشار’ اور ان کے انتخابی اتحاد کی قوت کا سب سے بڑا مرکز اسرائیل کے وہ لبرل، سیکولر، مراعات یافتہ اور معاشی طور پر مستحکم شہری طبقات ہیں جن کی شناخت روایتی اشکنازی اشرافیہ سے وابستہ ہے۔  یہ کیسا عجیب تضاد ہے: ایک اشکنازی نژاد لیڈر نیتن یاہو پرانی روایتی اشرافیہ کے خلاف مزراحی طبقے کے تاریخی غم و غصے کو بیچ کر اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے؛ جبکہ دوسری طرف ایک مزراحی النسل سابق جرنیل آئزن کوٹ اسی پرانی اشکنازی لبرل اشرافیہ کی بحالی کے لیے نیتن یاہو کا مخالف ہے۔

 آئزن کوٹ ملکی تاریخ میں اس  وزارت اعظمیٰ کے منصب تک پہنچنے والے پہلے مراکشی النسل مزراحی نژاد ہیں۔ لیکن کسی کو یہ خوش فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ آئزن کوٹ کا مراکشی عرب النسل خاندانی پس منظر انہیں فلسطینی عوام کے حقوق، جذبات یا ان کے مطالبات کا ہمدرد بنا دے گا۔

آئزن کوٹ درحقیقت نیتن یاہو کی آمرانہ اور غیر متوازن طرزِ حکمرانی کا ایک متبادل چہرہ ہیں۔ اسرائیلی فوج کے سابق چیف آف اسٹاف کی حیثیت سے، وہ ایک خود مختار اور آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے کٹر اور کھلم کھلا مخالف رہے ہیں۔

ان کے حکومتی اتحاد میں شامل صیہونی شراکت داروں کا فلسطینیوں کے بنیادی حقوق پر مؤقف نیتن یاہو کے موجودہ انتہا پسند حلیفوں سے کسی بھی طور کم سفاک یا نرم نہیں ہے۔ سابق وزیر اعظم نفتالی بینیٹ تاریخی طور پر مقبوضہ مغربی کنارے کے وسیع علاقوں کو باضابطہ طور پر اسرائیلی ریاست میں ضم کرنےکے پرجوش داعی ہیں۔

دوسری طرف سابق وزیر دفاع ایوگڈور لیبرمین ہمیشہ سے فلسطینیوں کے خلاف بدترین اور انتہائی ظالمانہ فوجی مہمات چلانے کے سب سے بڑے وکیل رہے ہیں۔   یہ دونوں رہنما ماضی میں نیتن یاہو کے زیرِ سایہ انہی کی کابینہ میں کلیدی وزارتوں پر فائز رہ چکے ہیں۔

نیتن یاہو کے ساتھ ان کے سیاسی و ذاتی اختلافات بلا شبہ حقیقی ہیں، مگر ان کے اس اقتدار کے جھگڑے کو کسی بھی طرح فلسطینیوں کے حقِ خودارادیت اور آزادی کی حمایت سے تعبیر کرنے کی فاش غلطی ہرگز نہیں کرنی چاہیے۔

کئی زیرک سیاسی تجزیہ نگاروں اور مبصرین کا یہ خدشہ بے بنیاد نہیں ہے کہ نیتن یاہو کے منظر سے ہٹ جانے کے نتیجے میں اسرائیل پر پڑنے والا عالمی سفارتی اور اخلاقی دباؤ اچانک ماند پڑ سکتا ہے۔ حالانکہ فلسطینیوں کو کچلنے، ان کی زمینیں ہتھیانے اور نسل کشی پر مبنی بنیادی ریاستی پالیسیاں کسی ادنیٰ ترین تبدیلی کے بغیر بدستور جاری رہیں گی۔

آئزن کوٹ کی ممکنہ حکومت عالمی سطح پر خود کو ایک ‘مہذب، باشعور، اعتدال پسند اور قانون پسند’ متبادل کے طور پر پیش کرے گی۔

اسرائیل کی ممتاز انسانی حقوق کی تنظیم ‘بتسلیم’ نے اس ملمع کاری کا پردہ چاک کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ اسرائیل پر بین الاقوامی دباؤ کو اس بات پر منحصر نہیں ہونا چاہیے کہ تل ابیب میں وزیر اعظم کی کرسی پر کون سا چہرہ براجمان ہے۔

تسلیم کے نمائندوں یولی نوواک اور یائر دویر نے خبردار کیا ہے کہ نیتن یاہو کو فلسطینیوں کی اس تاریخی بربادی اور بے دخلی کا واحد اور تنہا ذمہ دار سمجھنا سراسر تاریخی حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہوگا۔راقم کو ایک انٹرویو میں  دویر نے کہا کہ؛

ہمیں اسرائیلی ریاستی نظام کے اندر سے کسی بھی حقیقی اور بنیادی تبدیلی کے برپا ہونے کا دور دور تک کوئی امکان دکھائی نہیں دیتا۔

  تنظیم کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر، یولی نوواک کے مطابق غیر قانونی یہودی بستیاں بسانا، فلسطینیوں کی نسلی تطہیر، ہمہ گیر فوجی تسلط اور اپارتھائیڈ  کا بھیانک نظام نیتن یاہو کے اقتدار میں آنے سے عشروں پہلے بھی اسی سفاکی سے موجود تھے۔

انہوں نے کہنا تھا کہ وزیر اعظم کے عہدے سے نیتن یاہو کی رخصتی خودبخود ان ظالمانہ ریاستی اداروں، فوجی عدالتوں، پابندیوں اور قوانین کو ہرگز ختم نہیں کر دے گی جن کے خونی شکنجے میں فلسطینیوں کی زندگیاں دہائیوں سے جکڑی ہوئی ہیں۔

اسرائیلی نظام کے اس بھیانک اپارتھائیڈ تضاد کا اس سے بڑا کوئی ثبوت نہیں ہو سکتا کہ مقبوضہ مغربی کنارے پر قائم غیر قانونی بستیوں میں بسنے والے یہودی آباد کاروں کو مکمل جمہوری آزادی حاصل ہے اور وہ اسرائیل کی پارلیامان منتخب کرنے کے لیے اپنے گھروں کے پاس ووٹ ڈالتے ہیں۔ مگر ان کی ان بستیوں کے بالکل پڑوس میں، کانٹے دار تاروں کے پیچھے محصور فلسطینیوں کوجو انہی بستیوں کے لیے نافذ کردہ اسرائیلی فوج کے سنگین مارشل لاء اور بندوقوں کے سائے میں جیتے ہیں کوئی انتخابی حق حاصل نہیں ہے۔

غزہ کی پٹی کے بائیس لاکھ محصورعوام کو بھی اسرائیلی پارلیامانی انتخابات میں رائے دہی کا کوئی حق حاصل نہیں ہے، حالانکہ ان کی زندگی اور موت کے تمام فیصلے کہ ان کے سروں پر کون سا بم گرے گا اور ان کے منہ میں خوراک کا نوالہ جائے گا یا نہیں اسرائیل کی یہی پارلیامان اور عسکری مقتدرہ طے کرتی ہے۔

اسی طرح مقبوضہ مشرقی یروشلم میں آباد لاکھوں فلسطینی باشندوں کو اسرائیلی شہریت کے بجائے محض ‘مستقل رہائشی’  کے حقیر پرمٹ کے درجے میں قید کر کے رکھا گیا ہے، جس کی بدولت وہ بھی قومی پارلیامانی انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے حق سے مکمل طور پر محروم ہیں۔

اس نسل پرست ڈھانچے کا ہولناک نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ لاکھوں کروڑوں انسان اسرائیلی ریاست کے مطلق العنان فوجی اور ریاستی تسلط کے ماتحت کیڑے مکوڑوں کی طرح جینے پر مجبور ہیں، مگر ان کے پاس اس جابر حکومت کا چناؤ کرنے یا اسے بدلنے کا سرے سے کوئی جمہوری حق ہی موجود نہیں جو ان کے بنیادی انسانی وجود کا فیصلہ صادر کرتی ہے۔


موجودہ انتخابات نے اس سنگین، خونی اور بنیادی ریاستی تضاد کا کوئی مستقل حل تو پیش نہیں کیا۔ لیکن اس الیکشن نے اتنی حقیقت ضرور طشت از بام کر دی ہے کہ جب اسرائیل کے اندر رہنے والے مظلوم اور پسماندہ فلسطینی شہری اپنے تمام تراندرونی اختلافات کو بھلا کر متحد ہو جائیں اور ریکارڈ تعداد میں میدان میں نکل آئیں، تو وہ ایک ایسی فیصلہ کن اور تزویراتی انتخابی طاقت بن سکتے ہیں جو بڑے سے بڑے صیہونی سورماؤں کے پاؤں تلے سے زمین کھینچ سکتی ہے۔

یہ عرب عوام کے ہی ووٹوں کا ناقابلِ تسخیر طوفان تھا جس نے نیتن یاہو کو دوبارہ پارلیامانی اکثریت کا خواب پورا کرنے سے روک دیا۔تاہم کیا فلسطینیوں کا یہ انتخابی وزن ریاستی پالیسیوں میں کسی حقیقی اور دیرپا تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکے گا؟ یہ سوال ہنوز جواب طلب اور گہرے شکوک کے گھیرے میں ہے۔


 اسرائیل کی یہودی اپوزیشن جماعتوں کو اب  اپنے گریبان میں جھانک کر یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ کیا عرب اور فلسطینی نمائندوں کے خلاف ان کی نسل پرستانہ منافرت اور عناد نیتن یاہو کو اقتدار سے بے دخل کرنے کے ان کے اپنے اعلان کردہ مشترکہ ہدف سے زیادہ اہم ہے؟

جہاں تک رہط کی اس 65سالہ بدو خاتون کا تعلق ہے جس نے زندگی میں پہلی بار اپنا ووٹ استعمال کیا، تو اس کے بنیادی اور فوری مسائل آج بھی وہی ہیں: جھونپڑی میں بجلی کا کنکشن، پینے کا صاف پانی، چھت کی تعمیر کا قانونی حق اور اسرائیلی بلڈوزروں کے قہر سے تحفظ۔ اسرائیل بھر میں پھیلے ہوئے فلسطینی شہریوں کے لیے اصل سوال بلا تفریق مساوات، تحفظ، اور ملک کی سیاسی و ریاستی زندگی میں برابری کی سطح پر تسلیم کیے جانے کا ہے۔

ان انتخابی نتائج نے بلاشبہ اسرائیلی پارلیامانی سیاست کے روایتی اعداد و شمار کو الٹ پلٹ کر کے رکھ دیا ہے۔ مگر کیا یہ الٹ پھیر فلسطینیوں کی کچلی ہوئی زندگیوں میں بھی کوئی مثبت تبدیلی لا سکے گا؟ اس کا انحصار محض اس بات پر نہیں ہوگا کہ وزارتِ عظمیٰ کے تخت پر کون براجمان ہوتا ہے، بلکہ اس کا اصل دارو مدار اس بات پر ہوگا کہ کیا عالمی ضمیر اور بین الاقوامی برادری تل ابیب میں بننے والی کسی بھی نئی حکومت کو اس کے جرائم پر انصاف اور احتساب کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی جرأت کر پاتی ہے یا نہیں۔

نیتن یاہو کا سیاسی مقدر شاید واشنگٹن کے ایوانوں کے اتار چڑھاؤ سے جڑ گیا ہو۔ مگر ان کے ماتھے پر شکست کا پسینہ لانے والا اور ان کے اقتدار کو ہلا کر رکھ دینے والا یہ زلزلہ ہزاروں میل دور واشنگٹن میں نہیں، بلکہ ان کے اپنے گھر کی دہلیز پرفلسطین کے ان دور دراز دیہاتوں، قصبوں اور کچی بستیوں سے اٹھا تھا جہاں کے مظلوم عوام نے دہائیوں کی لاتعلقی توڑ کر یہ ثابت کر دیا کہ اگر وہ ارادہ کر لیں، تو ان کے ہاتھ میں تھما دیا گیا ایک حقیر سا ووٹ بھی تاریخ کے بڑے بڑے خود سر بتوں کو پاش پاش کرنے کی طاقت رکھتا ہے۔

اب ساری دنیا کی نظریں اس تلخ سوال پر ٹکی ہیں کہ کیا اسرائیل کی نام نہاد لبرل اپوزیشن اس تاریخی جمہوری فیصلے کی حقیقت اور اس کے نتائج کو تسلیم کرنے کی اخلاقی جرأت رکھتی ہے، یا وہ ایک بار پھر اسی روایتی نسل پرستی کی گود میں پناہ ڈھونڈے گی؟