اروناچل: سیانگ پر ڈیم بنانے کے لیے حکومت دے رہی چین کا حوالہ، مگر چینی دراندازی پر خاموش ہے

گزشتہ 29 اکتوبر کو ایٹہ نگر میں سیانگ ڈیم کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے لوگ۔ (تصویر: دیپ مکھرجی)
قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے مرکزی حکومت سیانگ ڈیم کے لیے پری فزیبلٹی رپورٹ تیار کرنے کی جلدی میں ہے اور مقامی لوگوں کی مخالفت کے باوجود سیانگ ندی پر جلد از جلد ڈیم بنانا چاہتی ہے۔ تاہم، کئی بار تاکسنگ میں چین کی جانب سے دراندازی کی خبریں موصول ہوتی ہیں؛ ناہ کمیونٹی نے بھی چینی دراندازی کے بارے میں بتایا تھا، لیکن حکومت نے ان باتوں پر کوئی توجہ نہیں دی۔
ایٹہ نگر: رواں سال اگست میں 63 سالہ کلنگ جیرانگ، جو اروناچل پردیش کی پیپلز پارٹی آف اروناچل (پی پی اے) کے نائب صدر ہیں – یہ پارٹی جو کبھی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی اتحادی ہوا کرتی تھی-ایک چار رکنی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کا حصہ تھے۔ یہ کمیٹی ریاست کے بالائی سوبن سری ضلع کے تاکسنگ علاقے میں چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی جانب سے ہندوستانی سرحد پر غیر قانونی قبضے کی سچائی جاننےکی غرض سے وہاں گئی تھی۔
سابق افسر جیرانگ نے بتایا کہ انہوں نے پی پی اے کی قیادت کو فیکٹ فائنڈنگ ٹیم بھیجنے کے لیے راضی کیا تھا، کیونکہ انہیں سیانگ ندی پر مجوزہ ڈیم کے حوالے سے ریاستی حکومت کی پالیسی اور تاکسنگ کے پاس سرحدی علاقوں میں چینی دراندازی کی خبروں پر حکومت کے رویے میں ’نمایاں تضاد‘ نظر آیا۔
قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت پری فزیبلٹی رپورٹ (پی ایف آر) کے لیے سروے میں عجلت کر رہی ہے اور مقامی لوگوں کی مخالفت کے باوجود سیانگ ندی پر جلد از جلد ڈیم بنانا چاہتی ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ڈیم کی تعمیر اس لیے ضروری ہےکہ چین (جو خود بھی ڈیم بنا رہا ہے) کا ہمارے اوپر اثر کم ہو سکے ۔
لیکن اس کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ کئی بار تاکسنگ میں چین کی جانب سے دراندازی کی خبریں موصول ہوتی ہیں۔ ناہ کمیونٹی نے بھی چینی دراندازی کے بارے میں بتایا تھا، لیکن حکومت نے ان انتباہات پر کوئی توجہ نہیں دی۔
پی پی اے کی جانچ کمیٹی کی سربراہی پی پی اے کے سابق وزیر اور شریک چیف مشیر کہفا بینگیا کر رہے تھے۔ کمیٹی میں نائب صدر جیرانگ کے علاوہ سکریٹری جورانگ کیوکام اور ناراہ جیمی بھی شامل تھے۔

جیرانگ نے بتایا، ’تاکسنگ کے دورے کے دوران ناہ برادری کے لوگوں نے ہمیں بتایا کہ جیسے جیسے سردی بڑھتی ہے، ان کے یاک چرنے کے لیے زیادہ بلندی والے علاقوں میں چلے جاتے ہیں۔ یاک کو نمک کھلانے کے لیے انہیں ان مقامات پر جانا پڑتا ہے، لیکن اب انہیں ان علاقوں میں جانے کی اجازت نہیں ہے جہاں وہ دو تین سال پہلے اپنے یاک کو نمک کھلانے کے لیے جایا کرتے تھے، کیونکہ ہندوستانی اور چینی فوجیں انہیں ان مقامات پر جانے سے روکتی ہیں۔‘
جیرانگ نے مزید کہا، ’ہم سات دنوں تک تاکسنگ میں رہے اور ماجا کا دورہ کیا، جو ایک حساس سرحدی چوکی ہے۔ مقامی لوگوں سے ملی جانکاری سے صاف ہے کہ چینی دراندازی کوئی نئی بات نہیں ہے۔ یہ کافی عرصے سے جاری ہے۔ حال ہی میں انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) کے سربراہ کے بیان سے پتہ چلتا ہے کہ صورتحال اب حد سے آگے بڑھ چکی ہے۔ آخر سچائی کو کب تک چھپایا جا سکتا ہے؟‘
معلوم ہو کہ 22 اکتوبر کو آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل شتروجیت کپور نے کہا تھا کہ اروناچل پردیش کی سرحد پر ایک سے زیادہ مقامات پر ہندوستانی اور چینی فوجیوں کے درمیان کشیدگی اور تعطل برقرار ہے۔ جولائی کے بعد سے اس کشیدگی میں کتنی شدت آئی ہے، اس بارے میں یہ پہلا سرکاری بیان تھا۔
جیرانگ نے کہا، ’تاکسنگ کا دورہ میرے لیے حیران کن تھا۔ یہ واضح ہے کہ ریاستی اور مرکزی حکومتیں چینی دراندازی کی بات عوام سے چھپا رہی ہیں۔ سیانگ وادی کے اضلاع میں حکومت چین کا حوالہ دے کر ڈیم بنانے کی جلدی میں ہے، لیکن بالائی سوبن سری میں، جہاں حقیقتاً دراندازی ہو رہی ہے، وہاں حکومت اس بارے میں کچھ نہیں کہہ رہی۔ کیا یہاں کوئی تضاد نہیں ہے؟‘
بالائی سوبن سری ضلع کے دورے کے دوران پی پی اے کی فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے تاکسنگ، ماجا اور گیلیمُو کے مقامی لوگوں کے علاوہ وہاں تعینات اعلیٰ دفاعی حکام اور فوجی اہلکاروں سے بھی بات چیت کی۔
پی پی اے کے صدر اور موجودہ رکن اسمبلی نبام وویک کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں فیکٹ فائنڈنگ ٹیم نے اپنے نتائج کی بنیاد پر کہا ہے، ’چین کی جانب سے کی جانے والی دراندازی کی براہ راست اطلاعات حیران کن ہیں، لیکن انہیں مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ چینی دراندازی کا طریقہ کار ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت بتدریج اور مسلسل جاری ہے، جس میں گزشتہ کئی برسوں سے ایک ہی طریقۂ کار (موڈس اوپرینڈی) دہرایا جا رہا ہے۔‘
’پی ایل اے کی سرگرمیاں مسلسل جاری ‘
پریس ریلیز میں مزید کہا گیا ہے کہ معمول کی گشت صرف اپریل سے اکتوبر کے درمیان ہوتی ہے، کیونکہ باقی مہینوں میں خراب موسم اور شدید برف باری کے باعث گشت روک دی جاتی ہے۔پی پی اے کی پریس ریلیز کے مطابق، ’پی ایل اے کی سرگرمیاں مسلسل جاری رہتی ہیں۔ اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ مقامی رابطوں کے ذریعے فوج کے لیے رسد پہنچانے کی غرض سے باربرداروں (سامان ڈھونے والوں) کو کام پر رکھا جا رہا ہے۔ باربرداروں کی عدم موجودگی اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ ہندوستانی فوج نے ایل اے سی کے قریب گشت بند کر دی ہے۔‘
مزید کہا گیا ہے کہ ایل اے سی کے قریب واقع ہونے اور اپنی اسٹریٹجک اہمیت کے پیش نظر مجوزہ قومی شاہراہ کو کسی بھی صورت تاکسنگ سے دور نہیں کیا جانا چاہیے۔

پی پی اے کی پریس ریلیز کے مطابق، مقامی لوگوں نے کمیٹی کو مشورہ دیا کہ ناچو سے تاکسنگ تک بارڈر روڈز آرگنائزیشن (بی آر او) کی جانب سے کی جانے والی سڑک کی تعمیر کا کام جنگی پیمانے پر مکمل کیا جانا چاہیے۔ فی الحال سڑک کی تعمیر کا کام انتہائی سست رفتاری سے جاری ہے اور سڑک کی حالت بہت ہی خراب ہے، جس کی وجہ سے یہ ’مشرقی سرحد تک لوگوں اور ساز و سامان کی آمد و رفت‘ کے لیے بالکل موزوں نہیں ہے۔
فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے سامنے مقامی لوگوں کی جانب سے دی گئی دیگر تجاویز میں چینی پی ایل اے کو دور رکھنے کے لیے سپی 2 میں ایک ہیلی پیڈ کی تعمیر اور سپی 4 اور سپی 6 میں فوج کے مستقل بیس کیمپ قائم کرنا شامل ہے۔ ان تجاویز کو موجودہ وقت کی فوری ضرورت قرار دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ گیلیمُو سے پوکورلا تک 68 کلومیٹر طویل مجوزہ بی آر او سڑک کی تعمیر کو بھی اولین ترجیح دینے کی سفارش کی گئی ہے۔
پریس ریلیز کے مطابق، فوجی اہلکاروں اور مقامی لوگوں نے دو بنیادی مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ پہلا، ڈیزل جنریٹروں کی جگہ بجلی کی باقاعدہ فراہمی کا فوری انتظام، اور دوسرا، ٹیلی فون نیٹ ورک کی بہتر سہولت۔ ماجا اور گیلیمُو جیسے سرحدی علاقوں میں تعینات فوجی اہلکاروں اور مقامی لوگوں کے لیے بجلی اور نیٹ ورک کی خراب صورتحال مایوس کن ہے۔
پی پی اے بھی بی جے پی کی اتحادی تھی
فی الحال، 60 رکنی اروناچل پردیش اسمبلی میں پی پی اے کے دو ایم ایل اے ہیں۔
سال2016میں پی پی اے، بی جے پی کی قیادت والے ’نارتھ ایسٹ ڈیموکریٹک الائنس‘ کی بانی جماعتوں میں شامل تھی۔ ستمبر 2016 میں اس وقت کی کانگریس حکومت اقتدار سے باہر ہو گئی، کیونکہ وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو سمیت کانگریس کے 43 ایم ایل اے نے پی پی اے کا ہاتھ تھام لیا تھا۔ اس وقت پی پی اے، بی جے پی کی اتحادی تھی۔
تین مہینے بعد، دسمبر 2016 میں، وزیر اعلیٰ کھانڈو، جوستمبر میں کانگریس چھوڑ کر پی پی اے میں شامل ہو گئے تھے ، کی قیادت میں پی پی اے کے 33 ارکان اسمبلی بی جے پی میں شامل ہو گئے،جس سے اروناچل پردیش میں بی جے پی کو اکثریت والی حکومت مل گئی۔2017 میں بی جے پی نے پی پی اے کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کر دیا۔
سال2024کے اسمبلی انتخابات میں دوئیمکھ اسمبلی حلقہ سے بی جے پی امیدوار کو شکست دے کر کامیابی حاصل کرنے کے بعد پی پی اے کے صدر وویک نے اروناچل پردیش میں وزیر اعلیٰ کھانڈو کی قیادت والی بی جے پی حکومت کواپنی غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی تھی۔
تاہم، 2017 میں پی پی اے سے تعلقات ختم کرنے کے بعد سے بی جے پی نے سرکاری طور پر اس جماعت کے ساتھ کوئی اتحاد نہیں کیا ہے۔
سرحد پر مبینہ دراندازی کے معاملے میں وزیر اعلیٰ کھانڈو کا موقف
فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے دورے سے پہلے جون میں بھی چینی دراندازی کے حوالے سے تشویش ظاہر کی گئی تھی۔ اس وقت قبائلی تنظیم ’ناہ ویلفیئر سوسائٹی‘ نے الزام لگایا تھا کہ پی ایل اے نے تاکسنگ کے قریب ان علاقوں میں اپنی موجودگی بڑھا لی ہے، جنہیں مقامی برادری روایتی طور پر استعمال کرتی رہی ہے۔
اس کے بعد ہندوستانی فوج نے ان الزامات کو مسترد کر دیا۔ فوج نے کہا کہ اروناچل پردیش میں حالیہ چینی دراندازی اور وہاں کیمپ لگانے سے متعلق خبریں ’غلط اور بے بنیاد‘ ہیں۔
اگست میں جب صحافیوں نے اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ کھانڈو سے چین کی جانب سے تجاوزات کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا تھا، ’اروناچل پردیش میں تجاوزات کا کوئی اشارہ نہیں ہے؛ ہندوستانی فوج مؤثر طریقے سے گشت کر رہی ہے اور اس علاقے کی حفاظت کر رہی ہے۔‘
تاہم، 29 اکتوبر کو، آئی ٹی بی پی کے سربراہ کے اس بیان کے ایک ہفتے بعد، جس میں انہوں نے اروناچل پردیش میں کئی مقامات پر چینی فوجیوں کے ساتھ مسلسل آمنا سامنا ہونے کی تصدیق کی تھی، وزیر اعلیٰ کھانڈو نے اپنا موقف بدل لیا۔انہوں نے کہا کہ سرحد پر ’دراندازی‘ کے واقعات ہوتے رہتے ہیں، کیونکہ چین میک موہن لائن کو تسلیم نہیں کرتا۔
کھانڈو نے کہا، ’اس میں کوئی شک نہیں کہ سرحد کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ ایسا ہوتا رہتا ہے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے، کیونکہ سرحد کی حد بندی نہیں ہوئی ہے۔ فی الحال صورتحال بالکل نارمل ہے اور ہماری فوج سرحد کی بہت اچھی طرح حفاظت کر رہی ہے۔‘
قابل ذکر ہے کہ29اکتوبر کو کھانڈو کے اس بیان کے بعد کانگریس نے ان کے بدلتے ہوئے موقف کو لے کر بی جے پی کو نشانہ بنایا اور پارٹی کے رہنماؤں پر چین کی حرکتوں کوصحیح ٹھہرانے کا الزام لگایا۔
کانگریس لیڈر جئے رام رمیش نے کہا، ’حال ہی میں اروناچل پردیش کے وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو نے تاکسنگ میں چینی دراندازی کی خبروں کو مسترد کر دیا تھا۔ اب وہ تسلیم کر رہے ہیں کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ دراندازی ہوئی ہے۔‘ وزیر اعظم کے اس دعوے کا کیا ہوا کہ ’کوئی اندر نہیں آیا ہے‘؟ اور تو اور، وہ اسے ایک معمول کی بات قرار دے رہے ہیں: ’ایسا ہوتا رہتا ہے۔ یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔‘ ’فی الحال حالات معمول پر ہیں۔‘ ’ہمارے فوجی اس طرف جاتے ہیں اور ان کی گشتی ٹیمیں بھی کبھی کبھار اس طرف آ جاتی ہیں۔‘ وزیر اعلیٰ نے یہ بات اس وقت کہی، جب آئی ٹی بی پی کے ڈائریکٹر جنرل اروناچل پردیش میں کئی مقامات پر چینی فوجیوں کے ساتھ آمنا سامنا ہونے کی تصدیق کی۔‘
رمیش نے مزید کہا، ’ان میں سے کچھ واقعات اب بھی پیش آ رہے ہیں۔‘
پی پی اے کے نائب صدر جیرانگ، جو آدی قبیلے سے بھی تعلق رکھتے ہیں، اسی برادری کے لوگ ’سیانگ اپر ملٹی پرپز پروجیکٹ (ایس یو ایم پی)‘ کے تحت ڈیم کی تعمیر کی مخالفت کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ریاست کی بی جے پی حکومت پر مرکزی حکومت کا دباؤ ہے کہ وہ چینی حکومت کی جانب سے غیر قانونی قبضے کی خبروں کی تردید کرے۔
جیرانگ نے کہا، ’ریاستی حکومت جس طرح ایس یو ایم پی کے معاملے کو سنبھال رہی ہے، اسے لے کر ہم بہت فکر مند ہیں۔ جہاں تک چینی دراندازی کا تعلق ہے، تو یقیناً حکومت پر دہلی (مرکز) کا دباؤ ہوگا کہ وہ چینی دراندازی کی خبروں کو مسترد کرے۔‘
(انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں)