خبریں

ممبئی میں دردناک حادثہ ،22مسافرہلاک، اعلیٰ سطحی جانچ کا حکم

 الفیسٹن ریلوے اسٹیشن کے فٹ اوورپل پر چڑھنے کے دوران مچی بھگڈر کے نتیجے میں22افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔

A stampede victim is carried on a stretcher at a hospital in Mumbai

ممبئی: آج یہاں مرکزی وزیر ریلوے پیوش گوئیل کی آمد سے چند گھنٹے قبل صبح تقریباً ساڑھے 9اور 10بجے کے درمیان ویسٹرن ریلوے کے الفیسٹن ریلوے اسٹیشن کے فٹ اوورپل پر چڑھنے کے دوران مچی بھگڈر کے نتیجے میں22افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں جبکہ 22مسافروں کو نزدیکی کنگ ایڈورڈ میموریل (کے ای ایم ) اسپتال میں داخل کیا گیا ،جن میں نصف شدید طورپر زخمی ہیں۔

الفیسٹن ریلوے اسٹیشن ویسٹرن ریلوے کااورپریل سینٹرل ریلوے کالوکل اسٹیشن ہے اور دونوں کو ایک فٹ اوورپل جوڑتا ہے ۔چندسال میں آس پاس کے علاقوں میں تجارتی دفاتر کھل جانے کے سبب یہاں مسافروں کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے جبکہ سینٹرل ریلوے نے پریل اسٹیشن ٹرمنل بھی بنادیا ہے ،لیکن فٹ اوورپل کی کمی اور اس کی چوڑائی کو کشادہ کرنے کے لیے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔ فی الحال اسے ایک بڑا حادثہ قراردیا گیا ہے کیونکہ پہلی بار ممبئی کے کسی لوکل اسٹیشن پر بھگڈر کی وجہ سے اتنا بڑا حادثہ پیش آیا ہے ۔دونوں اسٹیشن دادرٹرمنل کے جنوبی سمت میں واقع ہیں ۔

پولیس کے مطابق ممبئی میں بھاری بارش کے درمیان اسٹیشن کا سمینٹ کا شیڈگرنے کی افواہ کے بعداپنی جان بچانے کی کوشش میں بھگڈر مچ گئی اور مسافر ایک دوسرے پر گرتے چلے گئے ۔وزیرریلوے ہوائی اڈے سے ولے پارلے اسٹیشن پہنچنے والے تھے اور وہاں انہیں ایک لوکل ٹرین میں ویسٹرن ریلوے کے ہیڈکوارٹرز چرچ گیٹ اسٹیشن تک سفرکرنا ہے ،جہاں وہ زائد لوکل شروع کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں اور دوسرا پروگرام سینٹر ل ریلوے کے سی ایس ٹی پر دوپہر 3بجے ہونے والا ہے۔

دریں اثنا وزیر ریل پیوش گوئل نے اپنے ٹوئٹ میں کیاہے کہ ؛ابھی ممبئی پہنچا ہوں ،الفنسٹن روڈ فوٹ اوور برج پر بھگڈر میں معصوم زندگیوں کے نقصان سے گہرے دکھ میں ہوں ۔انہوں نے مزید کہا ہے کہ میں نے مغربی ریلوے کے سیکورٹی افسر کی قیادت میں اعلیٰ سطحی جانچ کے حکم دے دیے ہیں ۔وزیر اعظم نریندر مودی نے اس حادثے پر اپنے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔

(یواین آئی اردو کےان پٹ کے ساتھ)