خبریں

جھارکھنڈ : بی جے پی ایم پی لنچنگ کے ملزموں کی حمایت میں بو لے ؛ مقدمہ کا خرچ اٹھاؤں گا

گوڈا سے بی جے پی رکن پارلیامان نشی کانت دوبے ملزموں کے ساتھ آ گئے ہیں ۔ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ گرفتار ملزموں کا مقدمہ لڑنے میں جو بھی خرچ ہوگا ،وہ کریں گے ۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میرا ذاتی فیصلہ ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: جھارکھنڈ کے گوڈا میں مویشی چوری کرنے کے الزام میں 2 لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل  کرنے کے معاملے میں 4 لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس معاملے میں گوڈا سے بی جے پی کے رکن پارلیامان نشی کانت دوبے ملزموں کے ساتھ آ گئے ہیں۔ این ڈی ٹی وی کے مطابق؛ انھوں نے اعلان کیا ہے کہ گرفتار ملزموں کو قانونی کیس لڑنے میں جو بھی خرچ ہوگا ،وہ کریں گے ۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ یہ میرا’ ذاتی  فیصلہ’ ہے۔

واضح ہو کہ یہ واقعہ منگل کی رات  کا ہے۔جانکاری کے مطابق منگل کی رات دیو ڈانہہ تھانہ علاقے کے ڈھلو گاؤں میں کچھ چور نے بیلوں کو چرانے کی کوشش کی۔ ان پر گاؤں والوں کی نظر پڑ گئی۔ گاؤں والوں نے 6 لوگوں کو پکڑ لیا۔ پٹائی کے بعد انھوں نے مبینہ طور پر اپنا جرم بھی قبول کر لیا۔ گوڈا کے ایس پی راجیو رنجن سنگھ نے بتایا کہ گاؤں والوں نے 2 چور کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ اس کے بعد موقع پر پہنچ کر پولیس نے باقی چوروں کو اپنے قبضے میں لے لیا۔

ایس پی راجیو رنجن سنگھ نے بتایا تھا کہ اب تک معاملے میں 4 گاؤں والوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انھوں نے این ڈی ٹی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جن 2 لوگوں کی موت ہوئی ہے ان میں سے ایک پہلے بھی مویشی چوری کے کیس میں ملوث رہ چکا ہےاور دوسرا اس کا ساتھی تھا۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس نے دونوں کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جو لوگ اس کے پیچھے ہیں ان کو بخشا نہیں جائے گا۔بی جے پی ایم پی دوبے نے این ڈی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘پورا گاؤں اس مار پیٹ میں شامل تھا پھر ان 4 لوگوں کو کیوں پکڑا  گیا ،کیا صرف اس لیے کہ ان کے مویشی  چرائے گئے تھے؟’

ایک سینئر پولیس آفیسر نے بتایا کہ  اس ماب لنچنگ کے معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ غور طلب ہے کہ بدھ کی صبح 2 مسلمانوں   پر مویشی  چوری کرنے کا الزام لگاتے ہوئے پیٹ پیٹ کر ان کا قتل کر دیا گیا تھا۔