اتر پردیش کے بھدوہی سے بی جے پی ایم ایل اے رویندر ناتھ ترپاٹھی کے بیٹے دیپک ترپاٹھی کا ایک آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس میں مبینہ طور پر نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف بد زبانی کی گئی ہے۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف مبینہ طور پر بد زبانی کرنے والےبی جے پی ایم ایل اے کے بیٹے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔آئی اے این ایس کی خبر کے مطابق؛ وارانسی کے لنکا تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بی ایچ یو کے ایک اسٹوڈنٹ ایتندرچوبے نے تحریری طور پر دیپک ترپاٹھی کے خلاف معاملہ درج کرایا ہے۔ حالانکہ ایم ایل اے کا کہنا ہے کہ آڈیو کلپ فرضی ہے۔
واضح ہو کہ اتر پردیش کے بھدوہی سے بی جے پی ایم ایل اے رویندر ناتھ ترپاٹھی کے بیٹے دیپک تر پاٹھی کا ایک آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ اس میں مبینہ طور پر نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کے خلاف بد زبانی کی گئی ہے۔ شکایت کرنے والے نے ایتندر نے کہا ،’ دیپک نے جان بوجھ کر پی ایم مودی اور سی ایم یوگی کے خلاف بد زبانی کی ہےاور سماجی ہم آہنگی کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ وائرل ویڈیو میں مودی اور یوگی کے علاوہ وارانسی کے ایس ایس پی اور ڈی ایم کے خلاف بھی بد زبانی کی گئی ہے۔
اس معاملے میں لنکا تھانے کے انسپکٹر نے بتایا کہ تحریر کی بنیاد پر مقدمہ درج کیا گیا ہے اور جانچ کی جا رہی ہے۔ حالانکہ دیپک کے والد ایم ایل اے رویندر ناتھ ترپاٹھی کا کہنا ہے کہ یہ آڈیو فرضی ہے ، اس کے پیچھے سازش ہے۔غور طلب ہے کہ اسی سال اگست مہینے میں رویندر ناتھ ترپاٹھی سمیت ان کے 6 حمایتیوں کے خلاف زمین سے متعلق ایک فرضی واڑے کے معاملے میں مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
Categories: خبریں