خبریں

تلنگانہ اسمبلی انتخابات: ووٹر لسٹ سے مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی جوالا گٹا کا نام غائب

بیڈمنٹن کھلاڑی جوالا گٹانے الیکشن پروسیس پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کس طرح صحیح ہو سکتا ہے جب ووٹنگ لسٹ سے پر اسرار طور پر نام ہی غائب ہو جاتے ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: تلنگانہ میں آج اسمبلی الیکشن کے لیے ووٹنگ جاری ہے۔ بیڈمنٹن کھلاڑی جوالا گٹا نے ووٹر لسٹ میں اپنا نام نہ ہونے کو لے کر ٹوئٹر پر ناراضگی جتائی ہے۔دراصل تلنگانہ کے حیدر آباد میں ووٹرس لسٹ میں اپنا نام نہ ہونے کی وجہ سے جوالا ووٹ نہیں ڈال پائی ہیں۔ انھوں نے الیکشن پروسیس پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ غور طلب ہے کہ تلنگانہ کی 119 اور راجستھان کی 199 سیٹوں کے لیے آج ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ جس کے نتائج 11 دسمبر کو آئیں گے۔

بیڈمنٹن اسٹار جوالا گٹا نے ٹوئٹر پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا،’ آن لائن چیک کیا تو میرا نام ووٹر لسٹ میں نہیں ہے، اس کو دیکھ کر میں حیران ہوں۔ ‘ انھوں نے ایک اور ٹوئٹ کر کہا،’ الیکشن کس طرح صحیح ہو سکتا ہے جب ووٹنگ لسٹ سے پر اسرار طور پر نام ہی غائب ہو جاتے ہیں۔’

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی سے بات کرتے ہوئے جوالا کے والد کرانتی گٹا نے کہا،’تقریباً ایک مہینے پہلے جوالا کا نام ووٹر لسٹ میں تھا۔’انھوں نے یہ بھی کہا کہ میں نے آن لائن شکایت کرنے کی کوشش کی لیکن مجھے کامیابی نہیں ملی۔واضح ہو کہ جوالا نے کامن ویلتھ گیمس سمیت ملک کے لیے کئی میڈل جیتے ہیں۔

جوالا کے اس ٹوئٹ پر دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا کہ یہ پورے ملک میں ہو رہا ہے۔ دراصل جوالا  نے آن لائن چیک کیا اور پولنگ بوتھ پر بھی گئیں۔ واضح ہو کہ وہ حیدرآباد سے تعلق رکھتی ہیں اور ان کی پیدائش بردھا کی ہے۔ تلنگانہ میں کے سی آر کی تلنگانہ راشٹر سمیتی ، کانگریس -ٹی ڈی پی گٹھ بندھن اور بی جے پی میں مقابلہ ہے۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)