خبریں

بھیما کورے گاؤں: کورٹ نے ملزم ملند ایکبوٹے کو ریلیاں کرنے، میڈیا میں بولنے کی چھوٹ دی

ہندوتواوادی رہنما ملند ایکبوٹے کو ایک دلت خاتون انیتا ساولے کی شکایت کے بعد ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔

ملند ایکبوٹے/ فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

ملند ایکبوٹے/ فوٹو: بہ شکریہ فیس بک

نئی دہلی: بھیما کورے گاؤں تشدد معاملے میں ملزم ہندوتوا رہنما ملند ایکبوٹے کو پونے کی ایک عدالت نے سوموار کو پولیس اسٹیشن میں ہفتہ وار حاضری ، پبلک ریلیوں میں بولنے اور میڈیا سے بات کرنے کی شرطوں میں چھوٹ دے کر راحت دی۔ ملزم ملند ایکبوٹے کو ایک دلت خاتون انیتا ساولے کے ذریعے شکایت کے بعد ایس سی ایس ٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا تھا۔ ایک دیگر ہندوتوا وادی رہنما سمبھاجی بھڑے ایف آئی آر میں شریک ملزم ہے۔

بھڑے کو ثبوتوں کی کمی کی وجہ سے گرفتار نہیں کیا گیا ۔وہیں ایکبوٹے کو 14 مارچ 2018 کو پونے گرامین پولیس نے گرفتار کیا تھا کیوں کہ سپریم کورٹ نے ان کی پیشگی ضمانت عرضی خارج کر دی تھی۔ حالانکہ عدالت نے بعد میں ان کو 4 اپریل 2018 کو ضمانت پر رہا کر دیا تھا۔ اس شرط پر کہ وہ ہر سوموار کو متعلقہ پولیس اسٹیشن کو رپورٹ کریں گے، اس معاملے میں گواہوں پر دباؤ نہیں ڈالیں گے، اپنا پاسپورٹ پولیس کو سونپے، میڈیا سے بات نہ کریں اور کوئی بھی پبلک ریلی کو خطاب نہیں کریں گے۔

اس بیچ پولیس نے اسسٹنٹ انسپکٹر نتن شیواجی لاکڑے کے ذریعے درج ایک دوسرے معاملے میں ایکبوٹے کو گرفتار کیا جو 1 جنوری کو ہوئے تشدد کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ ان کو 19 اپریل کو ضمانت ملی اور یروڈا جیل سے رہا کر دیا گیا۔ اس کے بعد تقریباً 4 مہینے پہلے ایکبوٹے نے اپنے وکیلوں کو ایس کے جین اور امول ڈانگے کے ذریعے سے عدالت کے سامنے ایک درخواست دائر کی تھی جس میں پولیس اسٹیشن میں حاضری کے بارے میں شرطوں میں چھوٹ دینے اور پبلک ریلیوں اور پریس کانفرنس میں بولنے پر روک ہٹانے کی مانگ کی گئی تھی۔

انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق؛پراسیکیوشن کے ساتھ ساتھ ساولے اور ایک دوسرے متاثرین بھیما بائی کی نمائندگی کر رہے وکیل تولیو جتیندر کانبلے اور سریندر جنراو نے ایکبوٹےکی مخالفت اس بنیاد پر کی تھی کہ ان کے خلاف سنگین جرم کرنے کا الزام ہے اور ابھی بھی چارج شیٹ دائر نہیں کی گئی ہے۔ جانچ جاری ہے اور ان شرطوں میں ڈھیل دینے سے  بھیما کورے گاؤں انکوائری کمیشن کے کام میں رکاوٹ آ سکتی ہے۔

حالانکہ ایڈشنل سیشن جج اے این سرسیکر نے ایکبوٹے کے حق میں حکم جاری کیا۔عدالت نے کہا کہ ایکبوٹے کو ہر سوموار کو شکر پور پولیس اسٹیشن میں حاضر ہونے کی ضرورت نہیں ہے لیکن ان کو جانچ افسر کے ذریعے بلائے جانے پر فوراً موجود ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔