خبریں

پلواما حملہ: وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو کیا طلب، ہندوستان نے اپنا ہائی کمشنر عبوری طور پر واپس بلایا

دریں اثنا معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے کراچی جانے کا اپنا پروگرام رد کر دیا ہے۔ ان کو  کراچی آرٹ کاؤنسل نے  کیفی اعظمی اور ان کی شاعری پر منعقد ایک کانفرنس میں مدعو کیا تھا۔

فوٹو: اے این آئی

فوٹو: اے این آئی

نئی دہلی: پلواما دہشت گردانہ حملے پر ہندوستانی وزارت خارجہ نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا  ہےاور معاملے کے خلاف سخت اعتراض کرتے ہوئے کارروائی کی مانگ کی۔ ہندوستان کے خارجہ سکریٹری نے کہا کہ پاکستان اپنے یہاں موجود دہشت گرد تنظیموں پر فوراً کارروائی کرے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق؛ خارجہ سکریٹری نے پاکستان کی اس دلیل کو بھی خارج کیا جس میں اس نے دہشت گردانہ حملے میں پاکستان کا رول ہونے سے انکار کیا تھا اور کہا تھا کہ بغیر حقائق کے الزام لگانا صحیح نہیں ہے۔

وہیں پاکستان سے ہندوستانی ہائی کمشنر اجئے بساریا کو عبوری طور پر  واپس ہندوستان بلا لیا ہے۔

خارجہ سکریٹری وجئے گوکھلے نے پاکستان کے ہائی کمشنر  سہیل محمد کو طلب کیااور پلواما دہشت گردانہ حملے میں مارے گئے جوانوں کو لے کر غصے کا ظہار کیا۔ ذرائع کے مطابق؛ خارجہ  سکریٹری گوکھلے نے کہا کہ حملے میں جیش محمد نے ذمہ داری لی ہے، لہذا پاکستان اس کے خلاف فوراً سخت کارروائی کرے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان کو اس کے یہاں سے چلائی  جا رہی  تمام دہشت گرد تنظیموں کو بین کرنا ہوگا۔ اس دوران وادی کے بڈگام میں راجناتھ سنگھ، گورنر ستیہ پال ملک اور ناردن کمانڈ کے چیف لیفٹننٹ جنرل رنبیر سنگھ نے مارے گئے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کی۔ غور طلب ہے کہ مرکزی حکومت نے پہلے ہی اس معاملے میں ذمہ دار دہشت گردوں کے خلاف کڑی کارروائی کی بات کہی ہے۔

ادھر ہندوستان کے پڑوسی ممالک نے بھی اس دہشت گردانہ حملے کی سخت لفظوں میں مذمت  کی ہے۔ شری لنکا ، افغانستان، بھوٹان اور نیپال نے دہشت گردی کے خلاف لڑائی کو متحد ہو کر جاری رکھنے کی بات کہی ہے۔ وہیں امریکہ نے بھی دہشت گردانہ حملے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

دریں اثنا معروف نغمہ نگار جاوید اختر نے کراچی جانے کا اپنا پروگرام رد کر دیا ہے۔ انھوں اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کراچی آرٹ کاؤنسل نے ان کو اور شبا نہ اعظمی کو کیفی اعظمی اور ان کی شاعری پر منعقد ایک کانفرنس میں مدعو کیا تھا۔ جس کو انھوں نے رد کر دیا ہے۔