خبریں

دو خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے الزام میں الہ آباد کے مہنت آسٹریلیا میں گرفتار

آنند گری اتر پردیش کے الٰہ آباد واقع لیٹے ہنومان مندر کے مہنت ہیں۔ گرفتار کرنے کے بعد پولیس نے ان کو سڈنی کی ایک عدالت میں پیش کیا تھا، جہاں ان کی ضمانت رد کر دی گئی۔ اب ان کو 26 جون کو عدالت میں پیش کیا جائے‌گا۔

مہنت آنند گری(فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

مہنت آنند گری(فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی : اتر پردیش کے الٰہ آباد واقع لیٹے ہنومان مندر کے مہنت آنند گری کو آسٹریلیا کے سڈنی شہر میں دو خواتین کا جنسی استحصال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔آسٹریلیا کی نیوز ویب سائٹ ایس بی ایس(اسپیشل براڈکاسٹنگ سروس) کی رپورٹ کے مطابق، آنند گری کو سڈنی کے نواحی شہر آکسلے پارک سے گزشتہ اتوار، 5 مئی کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق، 2016 میں آنند گری سڈنی آئے تھے اور کسی دعائیہ پروگرام کے لئے ان کی ملاقات ایک 29 سالہ خاتون سے ہوئی تھی، جب انہوں نے خاتون کا جنسی استحصال کیا۔ اس کے علاوہ آنند گری پر نومبر 2018 میں 34 سالہ ایک خاتون کااستحصال کرنے کا بھی الزام ہے۔

پولیس نے بتایا کہ آنند گری دونوں خواتین کو جانتے تھے اور اس وقت آسٹریلیا کے روحانی سفر پر تھے۔ 6ہفتوں کے سفر کے بعد وہ واپس ہندوستان لوٹ گئے تھے۔

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ آنند گری(فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے ساتھ آنند گری(فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

پولیس نے بتایا کہ آسٹریلیا واپس آنے کے بعد گزشتہ 5 مئی کو ان کو گرفتار کرنے کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جہاں ان کی ضمانت رد کر دی گئی۔ اس کے بعد ان کو حراست میں بھیج دیا گیا۔ ان کو اب 26 جون کو ایک مقامی عدالت میں پیش کیا جائے‌گا۔

دینک جاگرن کی رپورٹ کے مطابق، آنند گری نے بتایا کہ وہاں صوفی-سنتوں کے پیٹھ  تھپتھپاکر دعا دینے کو غیر ملکی خواتین نے غلط طریقے سے لے لیا اور مارپیٹ کا الزام لگایا ہے۔ مارپیٹ جیسا کچھ بھی نہیں ہے۔رپورٹ کے مطابق، آنند گری الٰہ آباد واقع لیٹے ہنومان مندر (بڑے ہنومان مندر)کے چھوٹے مہنت ہیں اور نرنجن اکھاڑا کے اہلکار ہیں۔ وہ عالمی یوگا گرو کے نام سے مشہور ہیں اور مذہبی ستسنگ کے لئے ہانگ کانگ، برٹن، جنوبی افریقہ، فرانس اور آسٹریلیا سمیت 30 ممالک کے سفر بھی کر چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ کیمبرج، آکسفورڈ جیسے مشہور اداروں  میں لکچر بھی دے چکے ہیں۔واضح ہو کہ آنند گری الٰہ آباد کی بااثر شخصیتوں میں سے ایک ہیں۔ مختلف سیاستدانوں کے ساتھ ان کے تعلقات ہیں۔ ان کے فیس بک پیج پر وی کے سنگھ، نتن گڈکری جیسے مرکزی وزراء کے علاوہ وہ مختلف تصویروں میں اتر پردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور دوسرے بی جے پی رہنماؤں کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔