خبریں

اندور میں میونسپل کارپوریشن ملازم کو پیٹنے کے بعد بولے بی جے پی ایم ایل اے-آویدن، نویدن اور پھر دنادن

بی جے پی کےقومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے بیٹے اور ایم ایل اے آکاش وجئے ورگیہ نے اندور میں مانسون کے مدنظر شکستہ  مکان کو توڑنے پہنچے میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر کو کرکٹ بلے سے پیٹا۔ اس کے بعد صحافیوں سے بولے، ‘ ہم بد عنوانی اور غنڈگردی کو ختم کریں‌گے۔ ‘

بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے بیٹے آکاش وجئے ورگیہ(فوٹو: اے این آئی)

بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے بیٹے آکاش وجئے ورگیہ(فوٹو: اے این آئی)

نئی دہلی: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ کے بیٹے اور ایم ایل اے آکاش وجئے ورگیہ نے بدھ کو اندور میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر کی کرکٹ بلے سے پٹائی کی۔ میونسپل کارپوریشن کی یہ ٹیم ایک مکان کو توڑنے پہنچی تھی۔اس معاملے کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے، جس میں آکاش وجئے ورگیہ کو میونسپل کارپوریشن کا غیرقانونی قبضہ ہٹانے والی ٹیم کے ایک ممبر کی پٹائی کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ کارپوریشن کی یہ ٹیم مانسون کے مدنظر اندور کی گنجی کمپاؤنڈ علاقے میں ایک شکستہ مکان کو توڑنے گئی تھی۔

کارپوریشن کے اس قدم کی مقامی لوگوں نے مخالفت کی تھی، اس دوران آکاش وجئے ورگیہ بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے مبینہ طور پر میونسپل کارپوریشن کی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ جلد نہیں لوٹی تو نتائج کے لئے وہ خود ذمہ دار ہوں‌گے۔موقع پر موجود چشم دید گواہوں نے بتایا کہ  ہنگامے کے درمیان آکاش وجئے ورگیہ کے حامیوں نےکارپوریشن ٹیم کے ساتھ لائی گئی ارتھ موونگ مشین کی چابی نکال لی، جس کو لےکرتنازعہ شروع ہو گیا۔

اس دوران بی جے پی ایم ایل اے ہاتھ میں کرکٹ بلا لےکر آئے اور موبائل پر بات کر رہے میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر کو بلے سے پیٹنا شروع کر دیا۔ بی جے پی ایم ایل اے  حامیوں نے بھی اس افسر سے مارپیٹ اور گالی-گلوچ کیا۔موقع پر تعینات اہلکاروں نے بیچ-بچاؤ کر حالات پر قابو پایا۔ اس واقعہ کے بعد آکاش وجئے ورگیہ اپنے حامیوں کے ساتھ ایم جی روڈ پولیس تھانے پہنچے۔

معاملے کی جانکاری ملنے پر مقامی بی جے پی رہنما بھی پولیس تھانے پہنچ گئے۔ اس بیچ اپنے شریک کار سے بی جے پی ایم ایل اے کی مارپیٹ سے غصہ میونسپل کارپوریشن ملازمین‎ نے کارپوریشن احاطے میں کام بند کر  مظاہرہ کیا۔

اس پورے معاملے پر آکاش وجئے ورگیہ نے کہا، ‘یہ صرف شروعات ہے۔ ہم اس بد عنوانی اور غنڈہ گردی کو ختم کریں‌گے۔ آویدن، نویدن اور پھر دنادن، یہ ہماری لائن آف ایکشن ہے۔ ‘این ٹی وی کی خبر کے مطابق،اس معاملے میں آکاش وجئے ورگیہ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ آکاش کے خلاف تھانہ ایم جی روڈ میں دفعہ 353،294، 506، 147، 148 کے تحت معاملہ درج کیا گیا ہے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشاکے ان پٹ کے ساتھ)