خبریں

ممتا بنرجی میم معاملہ: بی جے پی کارکن کی رہائی میں تاخیر پر مغربی بنگال حکومت کو نوٹس

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا ایک میم سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے لیے بی جے پی کارکن پرینکا شرما کو گرفتار کیا گیا تھا۔ پرینکا کے بھائی راجیب شرما نے ہتک عزت عرضی دائر کر رہائی میں تاخیر کا الزام لگایا ہے۔

supreme_court

نئی دہلی:سپریم کورٹ نے وزیر اعلیٰ  ممتا بنرجی کا میم مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے الزام میں گرفتار بی جے پی کارکن کی رہائی میں تاخیر کو لے کر دائر ہتک عزت عرضی پر سوموار کو مغربی بنگال حکومت کو نوٹس جاری کیا۔عرضی میں یہ الزام لگایا گیا ہے کہ عدالت سے ضمانت ملنے کے باوجود کارکن پرینکا شرما کی رہائی میں دیری کی گئی۔

چیف جسٹس رنجن گگوئی کی صدارت والی بنچ نے پرینکا شرما کے بھائی راجیب شرما کے ذریعے دائر ہتک عزت عرضی پر ریاستی حکومت اور دیگر کو نوٹس جاری کیا ہے۔بی جے پی یووا مورچہ  کی رہنما پرینکا شرما کو مغربی بنگال پولیس نے 10 مئی کو گرفتار کیا تھا۔ ان کے خلاف آئی پی سی کی دفعہ 500 (ہتک عزت )اور آئی ٹی ایکٹ کے اہتماموں کے الزامات میں معاملہ درج کیا گیا تھا۔

ترنمول کانگریس کے مقامی رہنما کی شکایت پر یہ گرفتاری ہوئی تھی۔سپریم کورٹ کی بنچ نے 14 مئی کو پرینکا شرما کو فوراً ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ راجیب شرما نے عدالت میں دائر عرضی میں الزام لگایا ہے کہ 14 مئی کے حکم کے باوجود ان کی بہن کی جیل سے رہائی میں 24 گھنٹے سے زیادہ کی تاخیر کی گئی۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)