خبریں

دو سال میں 10 گنا بڑھ گئے نقلی نوٹ، نوٹ بندی کا اصلی مقصد کیا تھا: کانگریس

کانگریس لگاتار نوٹ بندی کو ایک بڑا گھوٹالہ بتاتی آئی ہے۔ کانگریس ترجمان  رندیپ سرجےوالا نے ایک  رپورٹ  ٹوئٹ کر کے حکومت پر نوٹ بندی کی آڑ میں بدعنوانی  کا الزام  لگایا ہے۔

علامتی تصویر، فوٹو: رائٹرس

علامتی تصویر، فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی : نوٹ بندی کے بعد نقلی نوٹوں میں اضافہ کو لے کر کانگریس مودی حکومت  پر حملہ آور ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق پچھلے دو سالوں میں نقلی نوٹ دس گنا بڑھ گئے ہیں۔ کانگریس ترجمان  رندیپ سرجےوالا نے ایک  رپورٹ  ٹوئٹ کر کے حکومت پر نوٹ بندی کی آڑ میں بدعنوانی  کا الزام  لگایا ہے۔ کانگریس ترجمان  نے جمعہ  کو رپورٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا “صاحب کا فرمان آیا – لائن میں لگ جاؤ، جنتا لائن میں لگ گئی۔ اس کے بعد بھی یہ حالات کیوں پیدا ہوئے؟ نوٹ بندی کا اصلی مقصد کیا تھا؟ جنتا ابھی تک نہیں جان پائی ہے۔ نوٹ بندی کی آڑ میں کون سی  بدعنوانی  ہوئی ہے؟ اس سوال کا جواب مستقبل  میں کبھی نہ کبھی تو نکلے گاہی !

کانگریس لگاتار نوٹ بندی کو ایک بڑا گھوٹالہ بتاتی آئی ہے۔ جمعہ کو کانگریس نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کے اس بیان کے لیے بھی تنقید کا نشانہ بنایا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ان کی دوسری مدت کار کا 100 دن ایک ٹریلر تھا پکچر ابھی  باقی ہے۔

کانگریس نے پی ایم مودی کے اس بیان پر کہا کہ کوئی بھی اس پوری فلم کو دیکھنا نہیں چاہتا جبکہ ٹریلر ہی اتنا بھیانک ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریزرو بینک آف انڈیانے کچھ دن پہلے تصدیق  کی تھی کہ 500 اور 2000 روپے کے نقلی نوٹوں کاچلن 2018-19 کے دوران 121 فیصد اور 21.9فیصد بڑھ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک سال میں 500 کے نقلی نوٹوں میں 121فیصد کا اضافہ ہواہے۔ 2016-17 میں 500 کے نقلی نوٹ محض  199 ملے تھے۔ 2018-19 میں یہ تعداد 22 ہزار کوپہنچ گئی۔

وہیں پچھلے دو سالوں میں دو ہزار روپے کے نقلی  نوٹوں کی تعداد میں بھی 22 فیصدی کا اضافہ ہوا ہے۔ 500 اور 2000 کے نوٹ کے علاوہ 10، 20 اور 50 کے نوٹ بھی نقلی آنے لگے ہیں۔ ریزرو بینک کی رپورٹ کہتی ہے صرف ایک سال میں10، 20، اور 50 روپے میں پائے گئے نقلی  نوٹوں میں20.2،87.2اور57.3فیصد کا اضافہ  ہوا ہے۔ پچھلے دو سال میں چھوٹی کرنسی میں نقلی نوٹوں کی تعداد چار گنا تک بڑھ گئی ہے۔ واضح ہوکہ  نوٹ بندی کے دوران سرکار نے دعویٰ کیا تھا کہ اب نقلی  نوٹ ختم ہو جا ئیں گے۔ لیکن آر بی آئی کی رپورٹ حکومت کے اس دعوے کو خارج کرتی ہے۔