خبریں

وزیر داخلہ امت شاہ کورونا پازیٹو

وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹوئٹ کر کے اس کی جانکاری دی اور کہا کہ  ڈاکٹروں کی صلاح پر وہ  اسپتال میں بھرتی ہو رہے ہیں۔

وزیر داخلہ امت شاہ۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

وزیر داخلہ امت شاہ۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: وزیر داخلہ امت شاہ کورونا وائرس کےانفیکشن کا شکار ہو گئے ہیں۔ انہوں نےاتوار کی  شام کو ایک ٹوئٹ میں یہ جانکاری دی۔امت شاہ نے ٹوئٹ کرکے کہا، ‘کورونا کی شروعاتی علامت  دکھنے پر میں نے ٹیسٹ کروایا اور رپورٹ پازیٹو آئی ہے۔ میری طبیعت ٹھیک ہے لیکن  ڈاکٹروں  کی صلاح پر اسپتال میں بھرتی ہو رہا ہوں۔ میری اپیل  ہے کہ آپ میں سے جو بھی لوگ گزشتہ  کچھ دنوں میں میرے رابطہ میں آئے ہیں،برائے مہربانی خود کو آئسولیٹ کرکے اپنی جانچ کروائیں۔’

بتا دیں کہ شاہ ایک دن پہلے ہی لوک مانیہ بال گنگادھر تلک کی100ویں سالگرہ  پر منعقد پروگرام میں شامل ہوئے تھے۔ وہاں ان کے ساتھ اسٹیج پر اور بھی لوگ موجود تھے۔بی جے پی صدرجے پی نڈا نے ٹوئٹ کرکے وزیر داخلہ  امت شاہ کے جلدصحت یاب  ہونے کی دعا کی۔

انہوں نے لکھا، ‘امت شاہ جی کے کوروناسے متاثر  ہونے کی خبر ملی ۔ میں ایشور سے ان کے جلد صحت یابی  کی دعا کرتا ہوں۔’

بتا دیں کہ اتوار کو ہی اتر پردیش کی کابینہ وزیرکمل رانی ورن کی کوروناانفیکشن کی وجہ سے موت ہو گئی۔ گزشتہ18 جولائی کو کمل کورونا پازیٹو پائی گئیں تھیں اور ان کا لکھنؤ کے پی جی آئی اسپتال میں علاج چل رہا تھا۔وہیں  حال ہی میں مدھیہ پردیش کےوزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان بھی کورونا پازیٹو پائے گئے تھے۔ فی الحال وہ اسپتال میں بھرتی ہیں اور اپنا علاج کرا رہے ہیں۔

اتوار کو انہوں نے ٹوئٹ کر کے بتایا کہ اب ان میں کورونا وائرس کی علامت نہیں ہیں۔انہوں نے کہا، ‘میں صحت مند ہوں، کورونا کی  کوئی علامت نہیں ہے۔ صبح سیمپل آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کے لیے لیا گیا ہے۔ رپورٹ نگیٹو آئی تو کل اسپتال سے چھٹی مل جائےگی۔’

انہوں نے ٹوئٹ کرکے شاہ کے بھی جلد صحت یاب  ہونے اور دوبارہ ملک کی خدمت میں لگ جانے کی تمنا کی ہے۔