خبریں

سال 2017 سے 2021 کے بیچ جہیز کی وجہ سےہر دن 20 موتیں ہوئیں: سرکاری ڈیٹا

ایک سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجئے کمار مشرا نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ 2017 سے 2021 تک ملک بھر میں جہیز کی وجہ سے موت کے کل 35493 واقعات سامنے آئے۔ اس عرصے میں اتر پردیش میں میں یومیہ موت کی تعداد سب سے زیادہ تھی، جہاں روزانہ چھ موت درج  کی گئی۔

(علامتی تصویر: رائٹرس)

(علامتی تصویر: رائٹرس)

نئی دہلی: ملک میں 2017 سے 2021 کے بیچ جہیز کی وجہ سے  لگ بھگ ہر دن موت کے تقریباً 20 واقعات رپورٹ ہوئے اور اتر پردیش میں ہر دن جہیز کی وجہ سے سب سے زیادہ چھ موت  کی خبر آئی۔

مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ اجئے کمار مشرا نے راجیہ سبھا کو ایک سوال کے تحریری جواب میں بتایا کہ 2017 سے 2021 کے درمیان ملک میں جہیز کی وجہ سے موت کے 35493 معاملوں  کا پتہ چلا۔

انہوں نے بتایا کہ سال 2017 میں جہیز سے موت کے 7466 معاملے، 2018 میں 7167معاملے، 2019 میں 7141 معاملے، 2020 میں 6966  معاملے اور 2021 میں 6753 معاملوں کی جانکاری ملی ۔

مشرا نے بتایا کہ ان پانچ سالوں کے دوران اتر پردیش میں جہیز کی وجہ سے روزانہ سب سے زیادہ چھ موتیں رپورٹ ہوئیں۔

انہوں نے بتایاکہ 2017 سے 2021 کے دوران جہیز کی وجہ سے بہار میں موت کے 5354 معاملے، مدھیہ پردیش میں 2859 معاملے، مغربی بنگال میں 2389  معاملے اور راجستھان میں 2244 معاملوں کی جانکاری ملی۔

غور طلب ہے کہ آئی پی سی کی دفعہ 304بی (1) شادی کے سات سال کے اندر عورت کے جلنے یا جسمانی چوٹ لگنے سے یا دیگر عام حالات میں عورت کی موت کی وجہ کو جہیز کی وجہ سے ہونے والی موت کے طور پر پیش کرتی ہےیا پھر ایسے دیکھا جائے  کہ عورت کی موت سے پہلےاس کے شوہر یا شوہر کے رشتہ داروں کی طرف سے جہیز کی مانگ کے سلسلے میں زیادتی  کی گئی تھی یا ہراساں کیا گیا تھا، تو اسے بھی جہیز کی وجہ سےموت کے طور پر نشان زد کیا گیا ہے۔

اگست 2022 میں نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) کی ‘کرائم ان انڈیا 2021′ رپورٹ کے مطابق، 2020 میں ملک بھر میں جہیز کی وجہ سے قتل کے 6589 معاملے درج کیے گئے، جن میں 6628 افراد کی موت ہوئی۔ ان میں سے ایک تہائی سے زیادہ معاملے اتر پردیش میں تھے، جہاں 2222 کیس درج کیے گئے ہیں۔ بہار (1000) واحد دوسری ریاست تھی جہاں جہیز کی وجہ سے ہونے والی اموات کے کے کیس چار ہندسوں  میں درج  کیے گئے۔

میٹرو سٹی کی بات کریں تودہلی میں جہیز کی وجہ سے موت کے 136 معاملے درج کیے گئے– جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ دوسرے، سب سے زیادہ کیس لکھنؤ  (51) میں درج کیے گئے، اس کے بعد جے پور (34) میں درج کیے گئے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)