خبریں

ہندو مہاسبھا نے کرنسی نوٹوں پر گاندھی کی جگہ ساورکر کی تصویر لگانے کا مطالبہ کیا

آل انڈیا ہندو مہاسبھا نے اس سلسلے میں حکومت ہند کو خط لکھا ہے۔ اس کے علاوہ تنظیم نے پارلیامنٹ ہاؤس جانے والی سڑک کا نام ساورکر کے نام پر رکھنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

(فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: آل انڈیا ہندو مہاسبھا نے اتوار کو مطالبہ کیا کہ کرنسی نوٹوں پر مہاتما گاندھی کی تصویرکی جگہ  ونائک دامودر ساورکر اور دیگر مجاہدین آزادی  کی تصویریں لگائی  جائیں۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق،حکومت ہند کو لکھے ایک کھلے خط میں ہندو مہاسبھا نے پارلیامنٹ ہاؤس جانے والی سڑک کو ساورکر کے نام سے منسوب کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مہاسبھا کے لیڈروں نے کہا کہ یہ مودی حکومت کی طرف سے مجاہد آزادی اور ہندو مہاسبھا کے سابق صدر ساورکر کوحقیقی خراج عقیدت ہوگا۔

ساورکر کی 58ویں برسی اتوار کو دہلی کے شاردا روڈ پر واقع آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے دفتر میں ہون پوجا اور رسومات کے ساتھ منائی گئی۔

پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے ہندو مہاسبھا کے قومی نائب صدر پنڈت اشوک شرما نے کہا کہ ساورکر ہندوستان کی جدوجہد آزادی کے ایک عظیم تاریخی انقلابی تھے۔