دہلی: 100 سال پرانے وقف قبرستان پر بے دخلی کا خطرہ، ہائی کورٹ نے مرکز کو صورتحال برقرار رکھنے کو کہا

دہلی ہائی کورٹ۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

دہلی کے سول لائنز میں واقع 100 سال سے بھی زیادہ پرانے، 17 ایکڑ میں پھیلے  وقف کے طور پر نوٹیفائی اس  قبرستان میں پرانی قبریں، درگاہیں، ایک فعال مسجد اور مدرسہ بھی ہے۔ 22 اکتوبر کو جاری ایک نوٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ یہ اراضی حکومت ہند کی ملکیت ہے۔ 6 نومبر کو ہوئی سماعت کے میں دلی ہائی کورٹ نے اگلی سماعت تک اس معاملے میں صورتحال کو برقرار رکھنے کی ہدایت دی ہے۔

نئی دہلی: دلی ہائی کورٹ نے سول لائنز میں واقع 100 سال سے بھی زیادہ پرانے، وقف کے طور پر نوٹیفائی قبرستان کے معاملے میں مرکزی حکومت کو صورتحال بنائے رکھنے کی ہدایت دی ہے۔ یہ حکم لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بے دخلی کے نوٹس کے بعد آیا ہے۔ دفتر نے اپنے نوٹس میں دعویٰ کیا تھا کہ یہ زمین حکومت کی ملکیت ہے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، قبرستان کو تحفظ فراہم کرتے ہوئے جسٹس امت مہاجن نے 6 نومبر کو مرکزی حکومت کو ہدایت دی کہ وہ اگلی سماعت کی تاریخ، یعنی 11 مارچ 2027 تک اس معاملے میں ’ صورتحال  کوبرقرار رکھے‘۔ عدالت نے مرکزی حکومت اور دہلی وقف بورڈ سے بھی اگلی سماعت تک جواب طلب کیا ہے۔

قبرستان باغ شیر جنگ کا انتظام ’انجمن وکیل قوم پنجابیان‘ نام کا ایک رجسٹرڈ فلاحی ادارہ کرتا ہے۔ یہ ادارہ 1910 سے پہلے سے وجود میں ہے۔

یہ قبرستان لڈلو کیسل روڈ اور انڈر ہل روڈ کے درمیان واقع ہے۔ 17 ایکڑ میں پھیلے اس قبرستان میں  پرانی قبریں، درگاہیں، ایک فعال مسجد اور مدرسہ بھی ہے۔

یہ نوٹس ایسے وقت میں جاری کیا گیا ہے جب ریس کورس علاقے میں واقع اس مسجد کو بھی منہدم کیے جانے کا خطرہ لاحق ہے، جسے وقف کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا ہے۔ یہ مسجد وزیر اعظم نریندر مودی کی رہائش گاہ، 7 لوک کلیان مارگ کے سامنے واقع ہے۔

بتادیں کہ22اکتوبر کو لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس نے قبرستان کے احاطے میں مبینہ طور پر تجاوزات کرنے والے چار لوگوں کو بے دخلی کا نوٹس جاری کیا تھا۔ نوٹس میں انہیں 15 دن کے اندر جگہ خالی کرنے کو کہا گیا تھا۔ ایسا نہیں کرنے کی صورت میں زبردستی قبضہ لینے کی وارننگ  دی گئی تھی۔

ان چار لوگوں کے خلاف قبرستان کے منتظمین نے 2018 میں ایک دیوانی مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں عدالت نے انہیں تجاوز کرنے والا مانا تھا۔

تاہم، اخبار کے مطابق، 22 اکتوبر کو جاری نوٹس میں یہ دعویٰ  کیا گیا تھا کہ 17 ایکڑ کی یہ زمین حکومت ہند کی ملکیت ہے اور یہ وزارت ہاؤسنگ و شہری امور کے تحت لینڈ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، جو اس کا انتظام بھی کرتا ہے۔ قبرستان کا انتظام سنبھالنے والا ادارہ اس دعوے کو چیلنج کر رہا ہے۔

سال 1985 کا فیصلہ

اس قبرستان کو 1970 میں وقف کی جائیداد کے طور پر نوٹیفائی کیا گیا تھا۔ اس کے ایک سال بعد مرکزی حکومت نے زمین پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرتے ہوئے دیوانی مقدمہ دائر کیا تھا۔ حکومت کی دلیل تھی کہ 1911 سے 1915 کے درمیان، جب دہلی کی تعمیر ہو رہی تھی، اس نے شہر کی متعدد جائیدادیں حاصل کی تھیں، جن میں یہ قبرستان بھی شامل تھا۔

تاہم، 1985 میں ایک ضلع عدالت نے فیصلہ سنایا تھا کہ مرکزی حکومت اس زمین پر اپنی ملکیت ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے۔ عدالت کے مطابق، زمین کے حصول کے بعد ضروری قانونی کارروائی مکمل نہیں کی گئی تھی۔ عرضی گزار  کا کہنا ہے کہ ضلع جج کے اس فیصلے کو کبھی چیلنج نہیں کیا گیا۔

عرضی دائر کرنے والے ادارے نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ متعلقہ حکام کو قبرستان پر زبردستی قبضہ کرنے اور اس پر اپنی ملکیت کا دعویٰ کرنے سے روکا جائے۔

قبرستان کے منتظمین نے 2018 کے عدالتی حکم پر عملدرآمد کرانے کے لیے بھی ایک مقدمہ دائر کیا ہے۔ اس حکم میں زمین کے ایک حصے پر تجاوزات کرنے والے قرار دیے گئے چار افراد کو وہاں سے ہٹانے کی ہدایت دی گئی تھی۔ یہ معاملہ ابھی عدالت میں زیر التوا ہے۔

عرضی گزار کے مطابق، اس قبرستان کو کئی صدیوں سے پنجابی مسلم برادری کے لوگ استعمال کرتے آ رہے ہیں۔

اخبار نے لکھا ہے کہ پنجابی مسلم برادری کو مسلمانوں کے درمیان ایک تاجر طبقے کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس برادری کے زیادہ تر لوگ تقسیم ہند سے قبل کے ہندوستان کے پنجاب خطے سے تعلق رکھتے تھے۔ 19ویں صدی تک اس برادری کے لوگ دہلی میں واقع اس جائیداد کے آس پاس بڑی تعداد میں آباد تھے۔ 1857 کے بعد وہ دہلی کے مختلف علاقوں اور شہر سے باہر کی جگہوں پر جا کر آباد ہو گئے۔