اکتوبر میں بے روزگاری میں اضافہ، روزگار کی شرح کووڈ کے بعد سب سے نچلی سطح پر

علامتی تصویر
سی ایم آئی ای کے اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر میں ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح بڑھ کر 4.7 فیصد ہوگئی، جبکہ روزگار کی شرح کووڈ وبا کے بعد کی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی۔ بے روزگاری میں اس اضافے کا سب سے زیادہ اثر دیہی علاقوں اور خواتین پر پڑا۔ دیہی بے روزگاری کی شرح 4.7 فیصد اور خواتین میں یہ شرح 12.7 فیصد رہی۔
نئی دہلی: ہندوستان میں بے روزگاری کی شرح ستمبر کے 4 فیصد سے بڑھ کر اکتوبر میں 4.7 فیصد ہوگئی۔ اس اضافے کی بنیادی وجہ دیہی علاقوں اور خواتین میں بے روزگاری کی شرح میں اضافہ ہے۔ سینٹر فار مانیٹرنگ انڈین اکانومی (سی ایم آئی ای) کے اعداد و شمار سے یہ جانکاری سامنے آئی ہے۔
سی ایم آئی ای کے اعداد و شمار کی بنیاد پر تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق، اکتوبر میں روزگار حاصل کرنے والے لوگوں کی تعداد میں تقریباً پانچ لاکھ کی کمی آئی اور یہ گھٹ کر 44.95 کروڑ رہ گئی۔ رپورٹ کے مطابق، اس موسم میں روزگار کے اعداد و شمار میں گراوٹ غیر معمولی نہیں ہے۔ تاہم تشویش کی بات یہ ہے کہ روزگار کی شرح (ای آر) گزشتہ چند ماہ سے مسلسل نیچے بنی ہوئی ہے۔ کووڈ وبا کے دوران آنے والی گراوٹ کے بعد یہ اب اپنی سب سے نچلی سطح پر پہنچ گئی ہے۔
سی ایم آئی ای کے کنزیومر پیرامڈز گھریلو سروے کے مطابق، روزگار کی شرح ستمبر میں 39.4 فیصد تھی، جو اکتوبر میں گھٹ کر 39.3 فیصد رہ گئی۔ جنوری 2020 میں، یعنی کووڈ وبا سے پہلے، یہ شرح 39.7 فیصد تھی۔
کام کی تلاش کرنے والوں کی تعداد میں بھی سست رفتار اضافہ
ملک میں کام کرنے یا نوکری تلاش کرنے والے لوگوں کی مجموعی تعداد، یعنی افرادی قوت (لیبر فورس) میں بھی اضافے کی رفتار سست پڑ رہی ہے۔ اکتوبر میں افرادی قوت میں تقریباً 30 لاکھ لوگوں کا اضافہ ہوا، جو معمول کے رجحان کے مطابق ہے۔
تاہم گزشتہ تین برسوں کے اعداد و شمار سے موازنہ کیا جائے تو اس سال افرادی قوت میں اضافہ کم رہا ہے۔ 2023 سے 2025 کے دوران ہر سال کے ابتدائی دس مہینوں میں افرادی قوت میں 1.3 کروڑ سے 1.7 کروڑ افراد کا اضافہ ہوا تھا، جبکہ 2026 کے ابتدائی دس مہینوں میں یہ اضافہ محض 90 لاکھ رہا۔
سی ایم آئی ای کے منیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر مہیش ویاس نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے رجحان کے مطابق نومبر میں افرادی قوت کا حجم کم ہوسکتا ہے اور دسمبر میں اس میں بڑا اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ تاہم، اس سے افرادی قوت میں اضافے کی سست ہوتی رفتار کے موجودہ رجحان میں تبدیلی آنے کا امکان نہیں ہے۔
خواتین اور دیہی علاقوں میں بے روزگاری بڑھی
سی ایم آئی ای کے اعداد و شمار کے مطابق، خواتین میں بے روزگاری کی شرح ستمبر کے 11.7 فیصد سے بڑھ کر اکتوبر میں 12.7 فیصد ہوگئی۔ ستمبر میں یہ ستمبر 2022 کے بعد اپنی کم ترین سطح پر تھی۔
اسی طرح دیہی علاقوں میں بے روزگاری کی شرح ستمبر کے 3.4 فیصد سے بڑھ کر اکتوبر میں 4.7 فیصد ہوگئی۔
ستمبر میں نوکری تلاش کرنے والے بے روزگار لوگوں کی تعداد میں تقریباً 1.1 کروڑ کی کمی آئی تھی اور یہ گھٹ کر 1.87 کروڑ رہ گئی تھی۔ اس سے اشارہ ملتا ہے کہ نوکری نہ ملنے کے باعث کئی لوگوں نے روزگار کی تلاش ہی چھوڑ دی ہوگی۔ تاہم، اکتوبر میں یہ تعداد معمولی اضافے کے ساتھ 2.22 کروڑ ہوگئی۔ اس کے باوجود یہ گزشتہ سال اکتوبر کے 3.5 کروڑ کے اعداد و شمار سے کافی کم تھی۔
بینک آف بڑودہ کے چیف اکانومسٹ مدن سبنویس نے کہا کہ اس دوران لوگوں کے کھیتی باڑی کے کاموں میں مصروف ہوجانے کے باعث بے روزگار لوگوں کی تعداد میں کمی آئی ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فصل کی کٹائی کا موسم ہے اور اس دوران ایسا ہونا معمول کی بات ہے۔ دیہی روزگار اسکیم کے تحت بھی کام کی مانگ کم رہی ہے۔