خبریں

ڈیرہ سچا سودا سربراہ پر سی بی آئی عدالت کا آج فیصلہ

  پنچکولا :   ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم کے خلاف عصمت دری معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی خصوصی عدالت آج فیصلہ سنائے گی۔ سی بی آئی کی خصوصی عدالت، پنچکولا کے جج جگدیپ سنگھ دن میں ڈھائی:  بجے رحیم پر اپنا فیصلہ سنا سکتے ہیں۔رام رحیم کو عدالت میں موجود رہنے کے لئے کہا گیا ہے۔ اس معاملہ میں پندرہ سال پہلے بابا کے خلاف اپنی پیروکار کی عصمت دری کا الزام لگایا گیاہے۔ اس معاملے میں، سی بی آئی کی عدالت نے 17 اگست کو سماعت مکمل کرکے فیصلہ آج کے لئے محفوظ رکرلیا تھا۔

اس کی وجہ سے پورے شہر میں ہر جگہ موجود رام رحیم کے پیروکاروں پر نظر رکھنے کے لئے اس سے زیادہ تناسب میں بڑی تعداد میں سیکورٹی فورسز، نیم فوجی دستوں ، ریپڈ ایکشن فورس کے جوانوں اور پولیس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔

ہریانہ کے سرسا میں واقع ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم سنگھ کی پنچکولا کی سی بی آئی عدالت میں عصمت دری سے متعلق معاملے میں آج پیشی اور فیصلہ آنے کے پیش نظر امن وقانون برقرار رکھنے کیلئے ہریانہ، پنجاب اور چندی گڑھ میں موبائل ڈیٹا اور انٹرنیٹ خدمات پر کل سے ہی پابندی لگا دی گئی ہے۔

یہ فیصلہ پنجاب کے گورنر اور چنڈی گڑھ کے انتظامی افسر وی پی بدنور کی صدارت میں کل چنڈی گڑھ کے راج بھون میں ہریانہ، پنجاب اور چندی گڑھ کے سینئر انتظامی اور پولیس افسران کی کوآرڈی نیشن کمیٹی کی میٹنگ میں کیا گیا۔

ہریانہ کے محکمہ داخلہ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری رام نواس نے بتایا کہ میٹنگ میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ پنجاب اور ہریانہ اپنے اپنے یہاں فسادات کنٹرول سیل تعینات کریں گے جن میں دونوں ریاستوں کا ایک ایک پولیس افسر تعینات رہے گا۔