خبریں

ممبر پارلیمنٹ سلطان احمد کا انتقال

 ممتا بنرجی نے سلطان احمد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طویل عرصے سے ہمارے ساتھی سلطان احمد کا آج اچانک انتقال ہوگیا ۔ان کا اچانک انتقال ہمارے لیے ایک بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی افسوس ہے۔میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں۔

کلکتہ : ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما و ممبر پارلیمنٹ اور حج کمیٹی آف انڈیا کے نائب چیرمین سلطان احمد کا آج دو پہر 12بجے دل کا دورہ پڑنے کے بعدانتقال ہوگیا ۔ ذرائع کے مطابق آج صبح وہ اپنے گھر پر پروفیسر یوسف تقی جن کا کل دوپہر دل کا پڑنے کی وجہ سے انتقال ہوگیا ،کے جنازے میں شرکت کیلئے نکل رہے تھے اسی اثناء میں انہیں دل کا دوڑہ پڑااور پرائیوٹ نرسنگ ہوم ویل ویو میں لے جایا گیا ۔مگر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قراردیدیا۔

وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سلطان احمد کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک طویل عرصے سے ہمارے ساتھی سلطان احمد کا آج اچانک انتقال ہوگیا ۔ان کا اچانک انتقال ہمارے لیے ایک بڑا صدمہ اور ناقابل تلافی افسوس ہے۔میں ان کے اہل خانہ سے تعزیت کرتی ہوں۔ سلطان احمد 2009اور 2014میں الوبیڑیا پارلیمانی حلقے سے ترنمول کانگریس کے ٹکٹ پر کامیاب ہوئے تھے ۔سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کی وزارت میں وزیر مملکت برائے سیاحت تھے۔

انہوں نے اپنی سیاست کا آغاز 1969مولانا آزاد کالج میں زمانہ طالب علمی میں کانگریس طلباء تنظیم چھاترپریشد سے وابستگی کے ساتھ کیاتھا- 1973میں یوتھ کانگریس میں شامل ہوئے اور 1987میں کانگریس کے ٹکٹ پر انٹالی اسمبلی حلقے سے پہلی مرتبہ ممبر اسمبلی منتخب ہوئے اور 1996میں دوبارہ ممبراسمبلی منتخب ہوئے۔1997میں ممتا بنرجی کے ذریعہ کانگریس سے علاحدہ ہوکر ترنمول کانگریس کی تشکیل ہونے کے بعد سلطان احمد بھی ترنمول کانگریس میں شامل ہوگئے ۔

64 سلطان احمدکلکتہ کے بیشتر ملی اداروں جس میں محمڈن اسپورٹنگ کلب، یتیم خانہ اسلامیہ، اسلامیہ اسپتال،انجمن مفید الاسلام،ملی الامین کالج،مسلم انسٹی ٹیوٹ شامل ہیں، کے صدر تھے۔2016میں مسلم پرسنل لا بورڈ کے کلکتہ اجلاس کے مجلس استقبالیہ کے صدر تھے۔ حال ہی میں انہوں نے مغربی بنگال اقلیتی و مالیاتی کارپوریشن کے چیر مین کے عہدہ سے استعفیٰ دیا تھا۔اس کے علاوہ وہ مغربی بنگال اردو اکیڈمی کے گورننگ باڈی کے بھی رکن تھے۔