خبریں

بہار میں اندھیر نگری، چوپٹ راجا : شرد یادو

بہار میں ہر سطح پر لوٹ کھسوٹ مچی ہوئی ہے۔

nitish-kumar-sharad-yadav-collage

پٹنہ : بہار میں وزیر اعلی نتیش کمار کے مهاگٹھ بندھن سے ناطہ توڑ لینے سے ناراض جنتا دل یونائٹیڈ(جے ڈی یو) کے سابق قومی صدر شرد یادو نے آج کہا کہ ریاست میں اندھیر نگری اور چوپٹ راجہ ہے جس کی وجہ سے ریاست میں قانون و انتظام کی صورتحال تو بد تر ہو ہی چکی ہے، ساتھ ہی ہر سطح پر لوٹ کھسوٹ کا بازار گرم ہے۔ مسٹر شرد یادو اپنی ‘ سنواد یاترا’ کے دوسرے مرحلے کا آغاز کرنے سے قبل یہاں نامہ نگاروں سے بات چیت میں کہا کہ بہار میں اندھیر نگری اور چوپٹ راجہ ہونے کی وجہ سے قانون کا نظام ختم ہو گیا ہے۔ مجرموں کے حوصلے بلند ہیں اور اب ان میں قانون کا کوئی خوف نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔

راجیہ سبھا میں ممبر پارلیمنٹ نے کہا کہ ملک میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ بہار کے بھاگلپور میں افتتاح سے پہلے ہی باندھ ٹوٹ گیا۔ بہار میں ہر سطح پر لوٹ کھسوٹ مچی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ‘ سنواد یاترا’ ملک کے کسانوں اور نوجوانوں کے لئے ہے۔ بنارس ہندو یونیورسٹی ( بی ایچ یو ) کی طالبات پر پولس کے لاٹھی چارج کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس یونیورسٹی کی سنہری تاریخ ہے۔ آر جے ڈی کے صدر لالو پرساد یادو سے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) کی پوچھ گچھ کے سلسلے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ قانون اپنا کام کر رہا ہے۔