خبریں

نوٹ بندی اور جی ایس ٹی نے معیشت کا بیڑہ غرق کردیا:یشونت سنہا

مسٹر سنہا کے مضمون پر رد عمل ظاہر کرتے ہوے    مرکزی وزیرداخلہ اور بی جے پی کے سابق سربراہ راجناتھ سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہندستانی معیشت آج کی سب سے تیز ترقی کرنے والی معیشت ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔

yashwant-singh_pti

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق مرکزی وزیر خزانہ یشونت سنہا نے نریندر مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مالی بدانتظامی، نوٹ بندي اور گڈس اینڈ سروسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے کمزور نفاذ نے ہندوستانی معیشت کابیڑہ غرق کر دیا ہے اور (حقیقی) اقتصادی ترقی کی شرح انتہائ نچلی سطح تک پہنچ گئی ہے۔

مسٹر سنہا نے آج ایک انگریزی روزنامہ میں لکھے اپنے ایک مضمون میں مرکزی وزیر خزانہ ارون جیٹلی پر نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ وہ 24 گھنٹے مسلسل کام کرنے کے باوجود اپنے کام کے تئیں انصاف کرنے میں ناکام رہے ہیں۔ مسٹر جیٹلی کی قابلیت پر سوال اٹھاتے ہوئے انهوں نے کہا کہ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں شکست سے دوچار ہونے کے بعد بھی انہیں وزیر خزانہ جیسی اہم ذمہ داری دی گئی ہے۔ اصل میں، عام انتخابات سے قبل ہی انہیں وزیر خزانہ بنایا جانا طے تھا۔ مسٹر جیٹلی نے معیشت کوبالکل تباہ کردیا ہے۔

انهوں نے مسٹر جیٹلی کو لبرلائزیشن کے بعد سے اب تک کا سب سے خوش قسمت وزیر خزانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے وقت میں خام تیل کی قیمتیں کافی کم ہوگئیں۔ اس کا فائدہ اٹھا کر غیر کارآمداثاثہ جات (این پی اے) پر قابو پایا جا سکتا تھا اور رکے ہوئے منصوبوں کو مکمل کیا جا سکتا تھا۔ بی جے پی لیڈر نے کہا ہے کہ حکومت کے اعداد و شمار میں مجموعی گھریلو مصنوعات (جی ڈی پی) کی موجودہ ترقی کی شرح 5.7 فیصد ہے لیکن حقیقت میں یہ 3.7 فیصد ہے۔مودی حکومت نے 2015 میں جی ڈی پی کی ترقی کی شرح کی پیمائش کے طریقوں میں تبدیلی لائی ہے، جس سے اعداد و شمار 5.7 فیصدنظر آرہاہے۔

دریں اثنا مسٹر سنہا کے مضمون پر رد عمل ظاہر کرتے ہوے    مرکزی وزیرداخلہ اور بی جے پی کے سابق سربراہ راجناتھ سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ ہندستانی معیشت آج کی سب سے تیز ترقی کرنے والی معیشت ہے اور اس حقیقت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ۔کابینی میٹنگ پر میڈیا بریفنگ کے دوران نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے مسٹر سنگھ شروع میں تو اس حوالے سے جواب دینے سے کترائے اور یہ اصرار کرتے رہے کہ کابینہ کے ایجنڈے تک ہی یہ ملاقات محدود رکھی جائے۔ لیکن نامہ نگاروں نے جب بار بار پوچھا تو انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہندستانی معیشت کا تعلق ہے تو پوری دنیا تسلیم کرتی ہے کہ ہندستان دنیا کی سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے اور یہ بات کسی کو نہیں بھولنا چاہئے۔ انہوں نےکہا کہ پوری دنیا میں اس کی وجہ سے ہندستان کا ایک وقار قائم ہوا ہے۔