خبریں

شیام رنگیلا کی کامیڈی : چینل کو کس بات سے ڈر لگتا ہے ؟

اسٹار پلس نے اپنے نئے شو دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج میں شامل ہوئے راجستھان کے کامیڈین شیام رنگیلا کا مودی کی نقل والے ایکٹ کے نشر ہونے پر روک لگادی ہے۔

star-plus-akshay-kumar-the-great-indian-laughter-challengeوزیر اعظم نریندر مودی کی نقل اتارنےکے لئے مشہور، کامیڈین شیام رنگیلا کا مودی کی نقل اتارتی ایک ویڈیو (جس میں کانگریس کے نائب صدر راہل گاندھی کی بھی نقل اتاری گئی ہے)سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ شیام کا الزام ہے کہ اسٹار پلس نے چینل کے پروگرام ‘دی گریٹ انڈیا لافٹر چیلنج’کے لئے رکارڈ کئے گئے ان کے اس ایکٹ کو نشر کرنے سے منع کر دیا ہے۔

دی وائر سے بات کرتے ہوئے شیام نے کہا، ‘اوریجنل ایپی سوڈ رکارڈ کرنے کے تقریباً ایک مہینے  بعد مجھے اس پروگرام کی پروڈکشن ٹیم سے نیا ایکٹ شوٹ کرنے کے لئے کال آئی کیونکہ چینل نے مودی اور راہل گاندھی کی نقل والے ایکٹ کو نشر نہ کرنے کا فیصلہ لیا ہے۔ چینل کی طرف سے مجھ سے کہا گیا کہ آپ راہل گاندھی کی نقل کر سکتے ہیں نریندر مودی کی نہیں ۔

اس پروگرام میں حصہ لینے والے دیگرلوگوں  کے برعکس شیام نے اس پروگرام کے لئے کوئی آڈیشن نہیں دیا تھا بلکہ سوشل میڈیا پر ان کے وزیر اعظم اور کئی دوسرے لیڈروں کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان کو چینل کے ذریعے اس شو میں حصہ لینے کے لئے بلایا گیا تھا۔

شیام دعویٰ کرتے ہیں، ‘پروڈکشن ٹیم نے مجھے بتایا کہ میرے ایکٹ کو آن ایئر نہ کرنے کا فیصلہ اس لئے لیا گیا کیونکہ چینل کو ڈر تھا کہ اس سے کچھ لوگ کے جذبات مجروح ہو جائیں‌گے اور وہ اس کی مخالفت کر سکتے ہیں۔ ‘

اس کے بعد انہیں مودی کی نقل کے علاوہ ایک اور ایکٹ تیار کرنے کے لیے کہا گیا ۔دی وائر سے بات کرتے ہوئے شیام نے کہا ؛چینل نے کہا کہ آپ راہل گاندھی کی نقل اتار سکتے ہیں ،مودی کی نہیں ،میں نے سوچا ٹھیک ہے چلو مجھے کچھ تو کرنے دیا جارہا ہے ۔میں کچھ تو کر لوں گا۔لیکن بعد میں انہوں نے کہا کہ میں راہل کی نقل بھی نہیں اتار سکتا ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد شیام نے اس ایکٹ کا ویڈیو ،جس کو کئی یو ٹیوب چینلوں نے اپلوڈ کیا تھا،اب اسٹار انڈیا پرائیوٹ لمیٹیڈ کی معاون کمپنی نووی ڈیجٹل انٹرٹینمنٹ کے کاپی رائٹ کے دعوے کے بعد یو ٹیوب سے ہٹا دیا گیا ہے۔

وہیں اس ایکٹ ،جس شو کے جج اکشے کمار، ذاکر خان، ملیکہ دوا اور حسین دلال سے اسٹینڈنگ اوویشن ملا تھا، کا ویڈیو گزشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

شیام بتاتے ہیں، ‘اکشے کمار کو میرا ایکٹ بہت پسند آیا تھا، انہوں نے تو مجھ سے شو میں پرموشن کے لئے آئی فلم گول مال اگین کی ٹیم کے لئے بیک اسٹیج پرفارم بھی کروایا تھا۔ ‘شیام کو چینل کی طرف سے کسی طرح کا محنتانہ نہیں دیا گیا تھا۔

نئے ایکٹ کی نشریات کے دو ایپی سوڈ کے بعد شیام شو سے الیمنیٹ کر دیے گئے تھے۔

ایسا دوسری بار ہوا ہے جب کوئی میڈیا ہاؤس وزیر اعظم مودی کی ممیکری کو سنبھال نہیں پایا ہے۔ اس سال کی شروعات میں ریڈیو مرچی کے ایک سیگمنٹ ‘متروں’ کو سینئر بی جے پی رہنماؤں کی شکایت پر بند کر دیا گیا تھا۔

دی وائر کے ذریعے رابطہ کرنے پر شو سے منسلک کئی لوگوں نے اس بارے میں کوئی تبصرہ کرنے سے انکارکر دیا۔ دی وائر نے اسٹار انڈیا نیٹ ورک کے چیئر مین اور سی ای او ادے شنکر اور چینل کی پبلک رلیشن ہیڈ پریتی شرما کو سوالنامہ ارسال کیا ہے،جس کا جواب ملنے پر اس رپورٹ کو اپ ڈیٹ کیا جائے‌گا۔

ہندی انٹرٹینمینٹ ٹی وی چینلوں کے درمیان اسٹار پلس ہمیشہ سے اہم  رہا ہے، لیکن اکونامک ٹائمس کے مطابق اکتوبر کے اعداد و شمار کی مانیں تو یہ کلرس، سونی انٹرٹنمینٹ ٹیلی ویژن اور زی ٹی وی سے پیچھے ہے۔ یہ رپورٹ چینل کے اس فیصلے کے بعد آئی ہے، جب چینل نے کم ٹی آر پی کا حوالہ دیتے ہوئے ملیکہ دوا، ذاکر خان اور حسین دلال سے الگ ہونے کی بات کہی تھی۔