خبریں

مودی کے روڈ شو پر کانگریس کی شکایت زیر غور : الیکشن کمیشن

کانگریس نے الیکشن کمیشن پر حکمراں اور اپوزیشن پارٹیوں کے لئے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے میں دوہرا معیار اپنانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس آئینی ادارے کے وقار کو کم کرنے والا قدم نہیں اٹھائے۔

EC_PTI

نئی دہلی:الیکشن کمیشن نے کہا  ہےکہ گجرات میں دوسرے مرحلے کی پولنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی مبینہ خلاف ورزی کے بارے میں اس کونگریس سے جو شکایت ملی ہے اس پر غور کیا جا رہا ہے۔گجرات امور کے انچارج سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر امیش سنہا نے صحافیوں کے سوالوں پر کہا کہ کانگریس کی شکایت زیر غور ہے۔

اس سے پہلے کانگریس نے  پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ گجرات کے آخری مرحلے کی پولنگ کے دوران مسٹر مودی نے سابرمتی میں اپنا  ووٹ ڈالنے  کے بعد روڈ شو کیا ہے۔ یہ ووٹروں کو متاثر کرنے کی کوشش تھی اور اس سے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔ پارٹی نے کہا کہ اس کی گجرات یونٹ نے اس معاملے میں کمیشن سے شکایت درج کی ہے۔