خبریں

تعمیر ات کے شعبے میں نوٹ بندی کے اثرات کی حکومت کے پاس جانکاری نہیں

راجیہ سبھا میں مرکزی حکومت نے واضح کیا کہ تعمیرات کے شعبے میں جائیداد کی قیمت پر نوٹ بندی کےاثر کا مطالعہ نہیں کرایا گیا۔

Photo: Reuters

Photo: Reuters

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے واضح کیا ہے کہ تعمیرات کے شعبےمیں جائیداد کی قیمت پر نوٹ بندی کے اثر کا کوئی مطالعہ نہیں کرایا گیا ہے۔وزیرمملکت ہردیپ سنگھ پوری نے جمعرات کو راجیہ سبھا کو ایک سوال کے تحریری  جواب میں بتایا کہ نوٹ بندی کے بعد شروع کی گئی اسکیموں پر مندی جیسا کوئی اثر پڑا ہو، اس کا کوئی مطالعہ نہیں کرایا گیا ہے۔

‘ نوٹ بندی کے دوران 500 اور 1000 روپے کے نوٹ بند ہونے کے بعد عمارت / جائیداد کی قیمت میں پانچ سے دس فیصد تک کی کمی آنے کے سوال پر پوری نے کہا کہ وزارت کے ذریعے ایسا کوئی مطالعہ نہیں کرایا گیا ہے۔

غورطلب  ہے کہ نوٹ بندی کے بعد اس شعبے میں جائیداد کی قیمتیں کم ہونے کے متعلق میڈیا رپورٹوں کے مدنظر پوری کی یہ جانکاریاں اہم ہیں۔رپورٹ میں نوئیڈا، ممبئی اور چنئی سمیت دس شہروں میں اس سال جنوری کے بعد تعمیر سے متعلق نئی اسکیموں کے شروع ہونے میں بھی گراوٹ آنے کی بات کہی جا رہی تھی۔

دہلی میٹرو کے کرایے میں اضافے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد میں کمی آنے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں پوری نے کہا کہ اس سال اکتوبر میں دہلی میٹرو کے مسافروں کی تعداد میں گراوٹ درج کی گئی تھی، لیکن اس کی واحد وجہ کرایے میں اضافہ کو نہیں مانا جا سکتا ہے، بلکہ اس مدت میں تہواروں کی چھٹیاں وغیرہ کئی وجوہات رہیں۔