مدھیہ پردیش کے مُرینا سے رکن پارلیامنٹ انوپ مشرا نے پارلیامنٹ میں کہا کہ مودی حکومت کی اسکیموں کی عمل آوری پر نگرانی کی کمی ہے۔ نگرانی ضروری ہے تبھی عوام کو ان کا فائدہ ملےگا۔
نئی دہلی : مرکزی حکومت کی اسکیموں کی عمل آوری پر نگرانی کی کمی بتاتے ہوئے بی جے پی کے ایک رکن پارلیامنٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کتنے ہی خواب دیکھ لیں لیکن اگر اسکیمیں زمین پر نہیں اترتیں تو عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا۔مدھیہ پردیش کے مرینا سے رکن پارلیامنٹ انوپ مشرا نے پارلیامنٹ میں وقفہ سوال میں بدھ کو کہا، ‘ مودی جی کتنے ہی خواب دیکھ لیں، لیکن زمین پر اسکیمیں نہیں اترتیں تو عام آدمی کو کوئی فائدہ نہیں ہونے والا۔ ‘
اس سے پہلے انہوں نے ملک میں اسکیموں کے ویلیوکو لےکر اپنے ضمنی سوال میں پوچھا کہ مودی حکومت اتنی اسکیمیں چلا رہی ہے لیکن ان میں جوابدہی طے نہیں کی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اسکیموں پر نگرانی ضروری ہے جس سے عوام کو فائدہ مل سکے۔مشرا نے اپنے سوال کے جواب میں متعلقہ وزیر کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پارلیامانی حلقہ میں کچھ اسکیموں پر عمل کی مثال دی اور کہا، ‘ اسکیموں کی عمل آوری کے لئے کون ذمہ دار ہے۔ جوابدہی کس کی ہے۔ ‘ وزیر راو اندرجیت سنگھ نے اپنے جواب میں کہا کہ حکومت کی وزارت اپنی اسکیموں کی نگرانی کرتے ہیں۔ جوابدہی طے ہوتی ہے، تبھی تجزیہ ہوتا ہے۔
Categories: خبریں