کھیل کی دنیا: صرف 16سال کی منو بھاکر نے شاندار کارکردگی مظاہرہ کرتے ہوئے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔
گولڈ کوسٹ میں ہو رہے21ویں دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کاسلسلہ جاری ہے۔ ہندوستان کو سب سے پہلا گولڈ منی پور کی میرا بائی چانو نے دلوایا اس کے بعد کوئی بھی ایسا دن نہیں گزرا جس دن ہندوستان کے کسی کھلاڑی نے گولڈ حاصل نہیں کیا ہو۔ ہندوستان کو دوسرا گولڈ بھی ویٹ لفٹنگ میں ہی ملا اور یہ گولڈ بھی منی پور کی ہی ایک دوسری لڑکی سنجیتا چانو نے دلایا۔سنجیتا کو 53کلو گرام کے زمرے میں گولڈ ملا۔ہندوستان کو تیسرا اور چوتھا گولڈ بھی ویٹ لفٹنگ میں ہی ملا۔ستیش نے مردوں کے77 کلو گرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتاجبکہ وینکٹ راہل رگالا نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مردوں کے 85 کلوگرام زمرے میں سونے کا تمغہ حاصل کیا۔
دولت مشترکہ کھیلوں کے چوتھے دن تو کمال ہی ہو گیا۔اس دن ہندوستان کو تین طلائی تمغے ملے اور تینوں ہی تمغے لڑکیوں نے دلائے۔ صرف 16سال کی منو بھاکر نے شاندار کارکردگی مظاہرہ کرتے ہوئے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا۔منو نے میکسکو میں سینئر اور سڈنی میں جونیئر عالمی کپ میں سونے کے تمغے جیتے تھے ۔ ہریانہ سے تعلق رکھنے والی منو نے گزشتہ برس جاپان میں منعقدہ ایشائی چمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ بھی حاصل کیا تھا۔ انہوں نے سڈنی جونیئر عالمی کپ میں انفرادی اور ٹیم مقابلے دونوں میں ہی سونے کے تمغے جیتے تھے۔
چوتھے دن ہندستان کی پونم یادو نے خواتین کے 69کلوگرام وزن کے زمرے میں ملک کو طلائی تمغہ دلا دیا۔کل ملا کر ویٹ لفٹنگ میں ہندوستان کو اس بار پانچ گولڈ میڈل ملے۔ہندستان نے گلاسگو میں منعقد گزشتہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ویٹ لفٹنگ میں تین طلائی، پانچ چاندی اور چھ کانسے کے تمغے جیتے تھے ۔چوتھے دن کا تیسرا طلائی تمغہ ہندوستان کی خواتین ٹیبل ٹینس ٹیم نے حاصل کیا۔ہندستان کی خاتون ٹیم نے ایک ہی دن میں اپنے سیمی فائنل اور فائنل مقابلے جیت کر دولت مشترکہ کھیلوں میں پہلی بار ٹیم مقابلے کا طلائی تمغہ جیت لیا۔ ہندستان نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو 3۔0 سے اور فائنل میں سنگاپور کو 3۔1 سے شکست دے کرطلائی تمغے پر قبضہ جمایا۔
جب خواتین ٹینس ٹیم نے گولڈ حاصل کر لیا تو بھلا مرد کہاں پیچھے رہنے والے تھے۔ہندوستان کو پانچویں دن تین گولڈ میڈل ملے جن میں مرد ٹیبل ٹینس ٹیم،مسکڈ بیڈمنٹن ٹیم اور نشانے بازی میں جیتو رائے سونا حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔جیتو رائے نے مردوں کے 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں ہندوستان کو سونے کا تمغہ دلایا۔ جیتو نے گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں کے 50میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں بھی سونے کا تمغہ جیتا تھا۔ مسکڈ بیڈمنٹن ٹیم مقابلہ کا طلائی تمغہ جیتنے کیلئے سری کانت اور سائنا نہوال کی شاندارکارکردگی کی بدولت ہندستان نے ملیشیا کوہرایا۔واضح رہے کہ ملیشیا نے گزشتہ دو بار اس مقابلے کا طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔
ٹیبل ٹینس میں ہندوستان کے مردوں ٹیم نے بھی شاندارمظاہرہ اورنائیجیریا کوشکست دے کرطلائی تمغہ جیت لیا۔یہ پہلا ایسا موقع ہے جب ہندستان کی مرد اور خواتین ٹیموں نے دولت مشترکہ کھیلوں کا گولڈ ن ڈبل مکمل کیا۔چھٹے دن ہندوستان کو صرف ایک گولڈ میڈل ملا جسے نشانے بازی میں حنا سدھو نے حاصل کیا۔حنا نے خواتین کی 25 میٹر پسٹل نشانے بازی مقابلے میں دولت مشترکہ کھیلوں کا ریکارڈ بنانے کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا۔حنا کا دولت مشترکہ کھیلوں میں یہ پہلا انفرادی طلائی تمغہ ہے ویسے حنا نے اس بار 10 میٹر ایئر پسٹل مقابلے میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا ہے۔حنا نے 2010میں دہلی میں منعقد دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی ایک طلائی تمغہ اور ایک چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔
ساتویں دن بھی ہندوستان کو صرف ایک گولڈ میڈل ملا جسے بہار کے سابق ایم پی دگ وجے سنگھ کی بیٹی شریشی سنگھ نے حاصل کیا۔شریسی کو خواتین کے ڈبل ٹریپ مقابلے میں طلائی تمغہ ملا۔گیمز کے آٹھویں دن ہندوستان کے دو پہلوان سشیل کمار اور راہل اوارے نے ملک کو طلائی تمغہ دلایا۔سشیل کو 74کلو گرام کے زمرے میں جبکہ اوارے کو57کلو گرام کے زمرے میں گولڈ میڈل ملا۔سشیل کا یہ لگاتار تیسرے دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے 2010 دہلی دولت مشترکہ کھیلوں میں فری اسٹائل زمرے میں اور 2014 گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں74کلوگرام زمرے میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔اس بار ہندوستان کو کشتی کا پہلا گولڈ میڈ ل راہل نے دلایا۔وہ 57 کلوگرام کے زمرے میں کینیڈا کے پہلوان کو شکست دے کردولت مشترکہ کھیلوں میں پہلا طلائی تمغہ جیتنے میں کامیاب رہے۔
گیمز کے نویں دن تین ہندوستانی کھلاڑی گولڈ میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔نشانے بازی میں تیجسونی ساونت اور انیش بھانوالا جبکہ کشتی میں بجرنگ پونیا نے گولڈ میڈل حاصل کیا۔انیش نے صرف 15سال کی عمر میں گولڈ میڈل حاصل کرکے ہندوستان کی جانب سے ان کھیلوں میں سب سے کم عمر میں گولڈ جیتنے کا ریکارڈ بنا دیا ہے۔
Categories: خبریں