خبریں

اتنے بڑے ملک میں اگر ایک دو ریپ ہو جائے تو اس کو بتنگڑ بنانا ٹھیک نہیں : مرکزی وزیر

وزارت محنت و روزگار کے مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے کہا کہ ایسے واقعات شرمناک ہیں ،لیکن ان کو کبھی روکا نہیں جا سکتاہے۔

Santosh-Gangvar

بریلی:کٹھوعہ اور اناؤ کیس کے بعد ملک میں ریپ کے بڑھتے واقعات کو لے کر حزب مخالف کے حکومت پر حملہ وار ہونے کے درمیان مرکزی وزیر سنتوش گنگوار نے کہا ہے کہ ملک میں ہونے والے ایسے ایک ، دو واقعات کو بتنگڑ بنایا جانا ٹھیک نہیں ہے۔گنگوار نے سنیچر کو ملک میں ریپ کے بڑھتے واقعات کے بارے میں کہا،’ ایسے واقعات شرمناک ہوتے ہیں ، لیکن ان کو کبھی روکا نہیں جا سکتا ہے۔ حکومت جب ہر جگہ فعال ہے،تیار ہے، کارروائی کر رہی ہے۔یہ سب کو دکھائی دے رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا، ‘لیکن اتنے بڑے ملک میں ایک ، دو واقعات اگر ہو جائیں تو اس کو بتنگڑ بنا کر کام کیا جائے ،یہ صحیح نہیں ہے۔حکومت موثر قدم اٹھا رہی ہے۔جو بھی ضروری ہوگا،کیا جائے گا۔’ بریلی سے رکن پارلیامنٹ گنگوار مرکزی وزارت محنت و روزگار کے آزادانہ  چارج وزیر ہیں۔وہیں کانگریس نے گنگوار کے بیان پر اعتراض کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کے ایسے وزیروں اور رہنماؤں پر کارروائی کرنے کے  بجائے وزیراعظم خاموش ہیں۔

دریں اثنا کانگریس کے  ترجمان رندیپ سورجےوالا نے کہا،’ بی جے پی حکومت ریاستوں میں انتظامیہ ریپ اور بیمار ذہنیت والوں کو تحفظ دے رہی ہے۔دوسری طرف بی جے پی وزیر اور رہنما ایسے بیان دے رہے ہیں جن سے مجرموں کے حوصلے بڑھتے ہیں ۔ایسے رہنماؤں پر کارروائی کرنے کے بجائے وزیراعظم خاموش ہیں۔