خبریں

کھیل کی دنیا : فٹ بال ورلڈ کپ میں جرمنی کی دعوے داری اور بین الاقوامی کرکٹر ایوارڈ

کھیل کی دنیا:یہ پہلا موقع ہے جب بین الاقوامی کرکٹر ایوارڈ کی فہرست میں خاتون زمرے کو بھی شامل کیا گیا ہے،وہیں فٹ بال میں پچھلی بار کی چمپئن جرمنی کو فاتح مانا جا رہا ہے۔

فوٹو: فیفا ڈاٹ کام

فوٹو: فیفا ڈاٹ کام

فٹ بال کو دنیا کا مقبول ترین کھیل کہا جائے تو یہ غلط نہیں ہوگا۔ویسے تو آئے دن دنیا کے بیشتر ممالک میں فٹ بال کے لیگ مقابلے چلتے رہتے ہیں، کئی دوسرے ٹورنامنٹ بھی ہوتے ہیں مگر اب چونکہ 14جون سے روس میں فٹ بال کا عالمی کپ ہونا ہے اس لئے اب دنیا بھر کی نگاہیں اسی کا انتظار کر رہی ہیں۔ہمیشہ کی طرح ہر کوئی ایک ہی سوال کر رہا ہے کہ اس بار عالمی کپ پر کس ٹیم کا قبضہ ہوگا۔اس بار پچھلی بار چمپئن جرمنی کو ہی فاتح مانا جا رہا ہے۔اس کی ایک بڑی وجہ جہاں یہ ہے کہ فی الحال جرمنی ہی دنیا کی نمبر ون ٹیم ہے وہیں دوسرے فٹ بال کے جانکار بھی جرمنی کو ہی فیورٹ مان رہے ہیں۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

خبر رساں ایجنسی رائٹر کے ذریعے کرائے گئے سروے کے مطابق جرمنی ہی فاتح ہوگا۔ اگر جرمنی خطاب بچانے میں کامیاب رہتا ہے تو وہ پانچ بار کی عالمی کپ چمپئن برازیل کے سب سے زیادہ ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کر لے گا۔سروے میں فائنل مقابلہ جرمنی اور برازیل کے درمیان ہونے کی پیشین گوئی کی گئی ہے۔ماہرین کے مطابق ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ گول ارجنٹینا کے لیونل میسی کریں گے اور انہیں ہی گولڈن بوٹ ملے گا۔ عالمی کپ فٹبال کا آغاز 1930میں ہوا تھا۔پہلا عالمی کپ یوروگوئے نے اپنی میزبانی میں جیتا تھا۔اس کے بعد سے88سالوں میں صرف چار بار ایسا ہوا ہے جب میزبان ٹیم عالمی کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔ 930میںیوروگوئے کے بعد 1934میں اٹلی، 1966 میں انگلینڈ، 1978 میں ارجنٹائنا اور 1998 میں فرانس نے اپنی میزبانی میں عالمی کپ خطاب پر قبضہ کیا۔

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کرکٹروں کو ہر سال ایوارڈ سے نوازتی ہے۔اس بار اس ایوارڈ کا اعلان کر دیا گیا ہے ۔جن کھلاڑیوں کے لئے ایوارڈ کا اعلان ہوا ہے انہیں 12جون کو بنگلور میں ایک تقریب کے دوران ایوارڈ دیا جائے گا۔کرکٹ کے تینوں فارمیٹ میں کپتانی کرنے والے وراٹ کوہلی کو ان کی شاندار کارکردگی کیلئے پالی امریگر ایوارڈ کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔اس سے پہلے بھی وراٹ کوہلی تین بار یہ ایوارڈ حاصل کر چکے ہیں۔

خواتین کرکٹروں میں ہرمن پریت کور اور سمرتی مدھانا کو بھی بالترتیب سال 2016۔17اور 2017۔18میں ان کی کارکردگی کے لئے خواتین کے زمرے میں بہترین بین الاقوامی کرکٹر ایوارڈ کے لئے منتخب گیا ہے ۔یہ پہلا موقع ہے جب بہترین بین الاقوامی کرکٹر ایوارڈ کی فہرست میں خاتون زمرے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔متالی راج نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔وہ ایشیا کپ ٹی20کے دوران ہندوستان کی پہلی ایسی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں جس نے ٹی 20میں دو ہزار یا اس سے زائد رن بنائے ہیں۔

ہرمن پریت کور،فوٹو فیس بک

ہرمن پریت کور،فوٹو فیس بک

ایسا کمال کرنے والی وہ دنیا کی ساتویں خاتون کھلاڑی ہیں۔یہ بہت ہی دلچسپ بات ہے کہ ٹی20میں مر د اور خواتین کو ملا کر سب سے زیادہ رن بنانے کے معاملے میں پہلے نمبر پر خاتون کھلاڑی ہی ہے۔جی ہاں ٹی20میں انگلینڈ کی چارلوٹ ایڈورڈس نے کسی بھی کھلاڑی سے زائد2605رن بنائے ہیں۔مردوں میں سب سے زائد رن کا ریکارڈنیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل کے نام ہے جن کے رنوں کی تعداد 2271ہے۔بنگلہ دیش کے خلاف ٹی 20سیریز کے دوران افغانستان کے اسپن گیند باز راشد خان کا جلوہ جاری رہا اور ان کی شاندار گیند بازی کی بدولت افغانستان نے تین میچوں کی اس سیریز میں 3-0سے کامیابی حاصل کر لی۔اپنی عمدہ کارکردگی کی وجہ سے راشد خان ہی مین آف دی سریز منتخب ہوئے۔

متالی راج ،ٖفوٹو پی ٹی آئی

متالی راج ،ٖفوٹو پی ٹی آئی

بنگلہ دیش کی ٹیم بری طرح ناکام رہی مگر اس کے لئے ایک اچھی بات یہ رہی کہ اس کے کھلاڑی شکیب الحسن اب دنیا کے صرف تیسرے ایسے کھلاڑی ہو گئے ہیں جنہوں نے کرکٹ کے تینوں فارمیٹ کو ملا کر 10ہزار رن اور500وکٹ پورے کئے ہیں۔اس فہرست میں سب سے پہلے نمبر پر جنوبی افریقہ کے جیک کیلس ہیں جنہوں نے تینوں فارمیٹ میں ملا کر25534رن اور 577وکٹ حاصل کئے۔دوسرے نمبر پر پاکستان کے شاہد آفریدی ہیں جنہوں نے ان تینوں فارمیٹ میں11196رن اور541وکٹ حاصل کئے۔

علامتی تصویر/ فوٹو : اے ایف پی

علامتی تصویر/ فوٹو : اے ایف پی

مشہور میگزین فوربس نے دنیا کے امیر کھلاڑیوں کی ایک فہرست شائع کی ہے جس میں کمائی کے معاملے میں جہاں سب سے پہلے نمبر پر ایک مکے باز ہیں وہیں وراٹ کوہلی دنیا کے واحد کرکٹر ہیں جو اس فہرست میں شامل ہیں۔سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ان کھلاڑیوں کی فہرست میں پہلے نمبر پر امریکہ کے مکے باز فلائیڈ میویدر ہیں جن کی اس سال کی کمائی 19.05ارب روپئے ہے۔پہلے پانچ کھلاڑیوں کی جو فہرست ہے ان میں تین فٹ بالر ہیں۔اس فہرست میں فٹ بالروں میں لیونل میسی دوسرے،کرسٹیانو رونالڈو تیسرے اور نیمار پانچویں نمبر پر ہیں۔وراٹ کوہلی 1.6ارب روپئے کی کمائی کے ساتھ83ویں نمبر پر ہیں۔گزشتہ سال وہ اس فہرست میں 89ویں نمبر پر تھے۔