پولیس نے نامعلوم لوگوں کے خلاف معاملہ درج کر لیاہے۔اس معاملے کو لے کر دلت کمیونٹی میں غصہ ہے۔
نئی دہلی:مدھیہ پردیش کے شاجاپور ضلع صدر دفتر سے تقریباً 28 کلومیٹر دور کالی سندھ گاؤں میں گزشتہ رات نامعلوم لوگوں نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے مجسمہ کو نقصان پہنچایا ۔ اس سے علاقے کے دلت کمیونٹی کے لوگوں میں کافی غصہ ہے۔ بیرچھا تھانے کے انچارج انسپکٹرراکیش نین نے بتایا کہ کالی سندھ گاؤں کے باہر بھیم راؤ امبیڈکر کا مجسمہ لگا ہے۔ کل رات نامعلوم لوگوں نے مجسمہ کے ہاتھ اور چشمہ کو توڑ دیا۔
انہوں نے بتایا کہ آج صبح واقعہ کی جانکاری لوگوں نے بیرچھا پولیس کو دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی اور اویناش چورڈیا کی شکایت پر نامعلوم ملزمین کے خلاف معاملہ درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شاجاپور ضلع کے انچارج پولیس سپرنٹنڈنٹ انوراگ شرما بھی وہاں پہنچے اور معاملے کی جانکاری لی۔ نین نے بتایا کہ پولیس نے واقعہ کے ملزمین کی تلاش کے لئے ٹیم بناکر تفتیش شروع کر دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ کے بعد دلت کمیونٹی کے لوگوں میں غصہ ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ موقع پر جمع ہو گئے۔ حفاظت کے لحاظ سے کالی سندھ میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔
Categories: خبریں