خبریں

یو پی کے مدارس کو ہدایت : یوم آزادی منائیں ، بھارت ماتا کی جئے بولیں

اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے صدر وسیم رضوی نے مدرسوں کو یہ  ہدایت دی ہے ۔ وہیں ریاست کے اقلیتی فلاح و بہبود وزیر لکشمی نرائن چودھری کا کہنا ہے کہ جو ہندوستان میں پیدا ہوا ہے اس کو تو ’بھارت ماتا کی جئے‘ بولنا ہی چاہیے۔

Photo: Reuters

Photo: Reuters

لکھنؤ: اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ نے اپنے تحت چل رہے سبھی مدرسوں سے کہا ہے کہ وہ یوم آزادی منائیں اور  ترنگا پھہرانے ، قومی گیت کے بعد ‘بھارت ماتا کی جئے’ بولیں۔ اتر پردیش شیعہ وقف بورڈ کے صدر وسیم رضوی نے مدرسوں کو حکم دیا کہ شیعہ وقف بورڈ کے تحت چل رہے سبھی مدرسے یوم آزادی منائیں۔ ترنگاپھہرانے اور قومی گیت گانے  کے بعد ‘ بھارت ماتا کی جئے’ بولیں۔ بورڈ نے وارننگ دی ہے کہ اس ہدایت  پر عمل نہیں کرنے والے مدرسوں پر کڑی کارروائی کی جائے گی۔

انھوں نے کہا کہ وقف کی جائیداد پر ریاست میں 1500 مدرسے اور اسکول چل رہے ہیں۔ اتر پردیش حکومت نے بھی کیا ایسا ہی حکم جاری کیا ہے ، اس سوال پر ریاست کے اقلیتی فلاح و بہبود  کے وزیر لکشمی نارائن چودھری نے کوئی سیدھا جواب نہیں دیا۔ انھوں نے کہا کہ جو ہندوستان میں پیدا ہوا ہے ، اس کو تو بھارت ماتا کی جئے بولنا ہی چاہیے۔

انھوں نے بتایا کہ ہم نے حکم جاری کیا ہے کہ 15 اگست کو ترنگا پھہرایا جائے ۔ مجاہد آزادی اور شہیدوں کو عقیدت سے پھول چڑھائیں جائیں۔ طلبہ و طالبات کو شہیدوں کے بارے میں بتایا جائے اور پودے لگائیں جائیں۔ اس سوال پر کہ کیا یہ قدم مسلمانوں کی ملک سے محبت کو پرکھنے کے لیے اٹھایا گیا ہے، وزیر نے کہا کہ یقینی طور پر نہیں۔ چودھری نے کہا کہ یہ شعبہ جاتی حکم ہے اور کچھ نہیں۔