خبریں

کھیل کی دنیا: سوربھ چودھری کو چوتھا گولڈ،کوہلی کی دیش بھکتی اورایک اوور میں43رن کا عالمی ریکارڈ

گزشتہ 4مہینوں میں سوربھ چار گولڈ میڈل جیت چکے ہیں جن میں ایشین گیمز اور عالمی نشانے بازی چمپئن شپ میں حاصل کیا گیا گولڈ میڈل شامل ہے۔کویت سٹی میں  جاری آٹھویں ایشین شاٹ گن چمپئن میں ہندوستان کے انگد ویر سنگھ باجوہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے فائنل میں عالمی ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔

انگد ویر سنگھ باجوہ ، فوٹو: پی ٹی آئی

انگد ویر سنگھ باجوہ ، فوٹو: پی ٹی آئی

میرٹھ کے نشانے باز سوربھ چودھری ان دنوں زبردست فارم میں چل رہے ہیں۔انہوں نے کویت سٹی میں جاری ایشیائی ائیر گن چمپئن شپ میں10 میٹر ایئر پسٹل جونیئرمینس  مقابلے میں 2-2 گولڈ حاصل کیا۔پہلے تو انہوں نے اس مقابلے میں ٹیم گولڈاور پھر ذاتی گولڈپر قبضہ کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ 4مہینوں میں سوربھ چار گولڈ میڈل جیت چکے ہیں جن میں ایشین گیمز اور عالمی نشانے بازی چمپئن شپ میں حاصل کیا گیا گولڈ میڈل شامل ہے۔ایک کسان کے بیٹے سوربھ جو نشانے بازی میں اب دنیا میں اپنی ایک خاص پہچان بنا چکے ہیں پڑھائی میں بہت بہتر نہیں تھے۔

 خود ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ میں پڑھنا نہیں چاہتا تھا اور پڑھائی سے بچنے کے چکر میں ہی میں نے نشانے بازی شروع کی۔شروع میں تو ان کے گھر والوں کو لگا ہوگا کہ سوربھ جو کر رہے وہ غلط ہے مگر اب عالمی سطح پر نشانے بازی میں کئی گولڈ میڈل حاصل کر چکے سوربھ نے ماں باپ کا نام روشن کر دیا ہے ۔

سوربھ چودھری،فائل فوٹو: ٹوئٹر

سوربھ چودھری،فائل فوٹو: ٹوئٹر

مالدار نہیں ہونے کی وجہ سے شروع کے دنوں میں سوربھ کو کچھ پریشانیاں ہوئیں مگر بعد میں حالات بہتر ہو گئے۔2015میں نئی دہلی میں منعقد 59ویں قومی چمپئن شپ میں جب سوربھ نے گولڈ میڈل جیتا تھا تو وہ پسٹل ان کی اپنی نہیں بلکہ ان کے کوچ امت شیورن کی تھی۔

اس کے بعد انہوں نے کیرل میں منعقد یوتھ کھیلوں میں بھی گولڈ جیتا۔عالمی سطح پر سوربھ کو پہلی کامیابی جرمنی میں ملی جہاں جونیئر عالمی چمپئن شپ میں انہوں نے گولڈ جیتا اس کے بعد ان کی کامیابی کا سلسلہ جو شروع ہوا ہے وہ اب تک جاری ہے۔

کویت سٹی میں ہی جاری آٹھویں ایشین شاٹ گن چمپئن میں ہندوستان کے انگد ویر سنگھ باجوہ نے تاریخ رقم کرتے ہوئے فائنل میں عالمی ریکارڈ کے ساتھ گولڈ میڈل جیتا۔یہ عالمی سطح شاٹ گن ایونٹ میں کسی بھی ہندوستانی کے ذریعہ حاصل کیا گیا پہلاگولڈ میڈل ہے۔

اپنی بہترین بلے بازی کے لئے مشہور ہندوستانی کرکٹر وراٹ کوہلی گزشتہ ہفتہ ایک غلط وجہ سے سرخیوں میں آ گئے۔ہوا یو ں کہ ایک انڈین کرکٹ فین نے کوہلی کو اوور ریٹیڈ بلے باز بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے اس کی بلے بازی میں کچھ خاص نہیں دکھتا،مجھے انگلینڈ اور آسٹریلیا کے بلے بازان ہندوستانیوں سے زیادہ پسند ہیں۔

اس پر کوہلی ناراض ہوئے اور انہوں نے اس فین کو ملک سے باہر چلے جانے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ آپ کو ہندوستان میں نہیں رہنا چاہئے۔آپ کہیں اور جا کر رہیئے۔آپ رہتے ہمارے دیش میں ہیں اور پیار دوسرے ملکوں سے ہے۔

آپ بھلے ہی مجھے پسند نہ کریں لیکن مجھے نہیں لگتا کہ آپ کو ہمارے دیش میں رہنا چاہئے۔اس بیان کے بعد کوہلی کی جم کرتنقید ہونے لگی۔ جموں وکشمیر کے انسپکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک بسنت کمار رتھ نے نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ‘ڈیئر وراٹ کوہلی ، میں جاوید میانداد کو پسند کرتا ہوں۔ آپ برائے مہربانی اپنی کرکٹ والی حب الوطنی اپنے پاس رکھئے اور اپنے اشتہاری معاہدوں تک ہی محدود رکھیں’۔

ایک فین نے کوہلی سے کہاکہ 2008 میں انڈر 19 کرکٹ ورلڈ کپ کے دوران آ پ نے جنوبی افریقہ کے اوپنر ہرشل گبز کو اپنا پسندیدہ کھلاڑی قرار دیا تھا، اس حساب سے آپ کو تو جنوبی افریقہ چلے جانا چاہیئے ، کوہلی انگریزوں کا کھیل کرکٹ چھوڑ کر خود انڈیا کا قومی کھیل ہاکی اور کبڈی کھیلنا کیوں نہیں شروع کر دیتے ؟بعد میں کوہلی کو بھی اپنی غلطی کا احساس ہو گیا اور دوسرے ٹوئٹ کے ذریعہ انہوں نے حالات کو بہتر کرنے کی کوشش کی۔

ایک گھریلو ون ڈے کرکٹ میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے دو بلے بازوں نے ایک ہی اوور میں43رن بنا کر لسٹ اے کرکٹ میں ایک ہی اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔ناردرن ڈسٹرکٹس کیلئے بلے بازی کرتے ہوئے جو کارٹر اور بریٹ ہیمپٹن نے سنٹرل ڈسٹرکٹس کے خلاف میچ میں یہ ریکارڈ بنایا۔

 تیزگیندبازولیم لوڈک کی گیند پریہ ریکارڈ بنا۔ جو اور بریٹ نے ان کے اس اوور میں یہ ریکارڈ بناتے ہوئے چھ چھکے لگائے ۔اس ریکارڈ میں نو بال کا بھی اہم رول رہا جس کی وجہ سے چھ گیندوں والا اوور آٹھ گیندوں کا ہو گیا۔اس سے پہلے دنیا بھر میں کسی بھی فرسٹ کلاس کرکٹ میچ میں ایک اوور میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ بنگلہ دیش کے علا الدین بابو کے نام تھا جس نے 2013 میں ڈھاکہ پریمیئر لیگ کے ایک مقابلے میں زمبابوے کی قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان ایلٹن چگُمبُرا کے ایک اوور میں 39 رنز بنائے تھے ۔

ٹسٹ اور ون ڈے میں تو ایک اوور میں چھ چھکے نہیں لگے ہیں مگریک روزہ کرکٹ اور ٹی 20میں ایسا ہو چکا ہے۔ون ڈے میں ہرشل گبس اور ٹی20میں یووراج سنگھ ایک اوور میں چھ چھکے لگا چکے ہیں۔کمال کی بات یہ ہے کہ ان دونوں ہی بلے بازوں نے عالمی کپ کے دوران یہ ریکارڈ بنائے۔گبس نے ہالینڈ کے ڈان وان بنگے جبکہ یووراج نے انگلینڈ کے اسٹورٹ براڈ کو اپنا شکار بنایا۔