حقوق انسانی

بغیر آدھار کارڈوالے غریبوں کو راشن دینے سے انکار نہ کریں : مرکز

جھارکھنڈ میں آدھار لنک نہ ہونے کی وجہ سے اکتوبر مہینے میں مبینہ طور پر بھوک سے تین لوگوں کی موت ہوچکی ہے۔

علامتی تصویر

علامتی تصویر

نئی دہلی : مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ضرورت مند کو پی ڈی ایس کا فائدہ دینے سے انکار نہ کریں۔جن کے پاس آدھار کارڈ نہ ہو یا اس کا راشن کارڈ 12عدد کے بایو میٹرک پہچان سے جڑا نہ ہو،اس کو راشن دیا جائے۔ سرکار نے کہا ہے کہ اس ہدایت پر عمل نہ کرنے کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔صوبائی حکومت سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ آدھار کارڈ نہیں ہونے کی صورت میں بھی کسی ضرورت مند گھروں کے نام کو نہ ہٹا یا جائے ۔

غورطلب ہے کہ جھارکھنڈ کی 11سالہ لڑکی کو پی ڈی ایس کا راشن نہیں دیے جانے کے بعد اس کی مبینہ طور پر بھوک کی وجہ سے موت ہوگئی تھی ۔اکتوبر مہینے میں آدھار لنک نہ ہونے کی وجہ سے جھارکھنڈ میں ہی تین لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔واضح ہو کہ آدھار کی وجہ سے ان لوگوں کو راشن نہیں دیا گیا تھا۔

آدھار کارڈ کے سلسلے میں متعلقہ وزارت نے کہا ہے کہ جن کے پاس آدھار کارڈ نہیں ہے ،ان کو آدھا ر کارڈ نامزدگی میں سہولت دینے کے لیے ریاستو ں کو انتظام کرنا ہوگا اور ان کو راشن کارڈ سے جوڑنا ہوگا۔اس سلسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ اگر ان ان ہدایات پر عمل نہیں کیا گیا تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔

واضح ہو کہ کچھ دن قبل بھوک سے موت کے خلاف مختلف تنظیموں نے رانچی میں  مظاہرہ کیاتھا۔8دنوں کی بھوک کےبعدسنتوشی نام کی ایک لڑکی کی موت ہوگئی تھی ۔ذرائع کے مطابق راشن ڈیلر نے اس وجہ سے اناج دینے سے انکار کردیا کہ اس کا راشن کارڈ آدھار کارڈ سے لنک نہیں ہے۔ صارفین امور،فود اینڈ سپلائی کے مرکزی وزیررام ولاس پاسوان نے جھارکھنڈ میں سنتوشی نام کی لڑکی کی بھوک سے ہوئی موت کےبعد فوڈ سکریٹری روی کانت کو اس کی جانچ کرنے کی ہدایت دی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ غذائی سکیورٹی قانون نافذ ہونے کے بعد بھی تین ماہ تک راشن نہ ملنا تشویش کا باعث ہے۔راشن نہ ملنے کی صورت میں ضرورت مندوں کوکم سے کم سرکاری امدادی قیمتوں (ایس ایس پی)کا سوا گنا غذائی سکیورٹی بھتہ دئے جانے کا قانون میں التزام ہے۔

(خبررساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)