خبریں

پرائیویٹ سیکٹر میں دلت اور پسماندہ طبقہ کے لئے ریزرویشن بی ایس پی کا پرانا مطالبہ: مایاوتی

بہار میں بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو مرکز میں اپنی اتحاد ی حکومت سے ان طبقوں کو نجی شعبہ میں بھی ریزرویشن دینے کی مانگ کرنے کے بجائے انہيں اس میں براہ راست ریزرویشن دلانا چاہئے۔

Photo: PTI

Photo: PTI

لکھنؤ:دلت اور پسماندہ طبقے کو نجی شعبے میں ریزرویشن دیے جانے کی وکالت کرتے ہوئے بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی سپریمو مایاوتی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سمیت کسی بھی حکومت نے معاشرے کے ان طبقوں کی ترقی کے لئے کوئی ٹھوس پہل نہیں کی ہے۔

محترمہ مایاوتی نے کہا کہ جب سے بڑی سطح پر سرکاری کام نجی شعبوں کو دیئے جانے کا چلن بڑھا ہے، بی ایس پی سماجی پسماندہ طبقہ ، دلتوں ،آدی واسیوں اور دیگر پسماندہ طبقے کے لوگوں کو نجی شعبے میں بھی ریزرویشن دینے کا مطالبہ مسلسل کرتی آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کو چھوڑ کر دیگر کسی پارٹی یا حکومت نے ان طبقوں کو مرکزی دھارے سے جوڑنے اور ان کی زندگی میں بنیادی سدھار لانے کے لیے کوئی ٹھوس پہل نہیں کی۔

بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر طنز کستے ہوئے بی ایس پی کی سپریمو نے کہا کہ بہار میں بی جے پی کے ساتھ اقتدار میں بیٹھے لوگوں کو مرکز میں اپنی اتحاد ی حکومت سے ان طبقوں کو نجی شعبہ میں بھی ریزرویشن دینے کی مانگ کرنے کی بجائے انہيں اس میں براہ راست ریزرویشن دلانا چاہئے۔ اس معاملے میں صرف بیان بازی کرکے میڈیا میں سرخی بٹورنے سے کام چلنے والا نہیں ہے بلکہ بہار کے وزیر اعلیٰ كو پہلے اپنی سطح پر ہی کچھ کام کرکے دکھانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس پی مرکز کی مودی حکومت سے مانگ کرتی ہے کہ وہ ان طبقوں کو نجی شعبے میں ریزرویشن دینے کے ساتھ ہی اونچی ذات کے غریبوں اور مسلم اقلیتوں کے لئے بھی الگ سے ریزرویشن کا بندوبست کرے۔