خبریں

کیوں اٹھائے جارہے ہیں’ نریندر مودی ایپ‘ پر سوال…؟

ایک فرینچ سکیورٹی ریسرچر ایلیٹ ایلڈرسن نے نریندر مودی اینڈرائڈ ایپ پر تھرڈ پارٹی سے یوزرس کی ذاتی معلومات شیئر کرنے کا الزام لگایا ہے۔

نریندر مودی ایپ/ فوٹو: گوگل پلے اسٹور

نریندر مودی ایپ/ فوٹو: گوگل پلے اسٹور

نئی دہلی:مختلف سوشل میڈیا فورم کے ذریعے یوزرس  کی ذاتی معلومات کا غلط استعمال کرنے کی خبروں کے درمیان وزیر اعظم نریندر مودی کے ایپ پر بھی یوزرس کے ذاتی ڈیٹا کو غیر قانونی طور پر ایک امریکی کمپنی سےشیئر کرنے کا الزام لگا ہے۔انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق فرینچ سکیورٹی ریسرچر ایلیٹ ایلڈرسن  نے الزام لگایا ہے کہ نریندر مودی اینڈرائڈ ایپ پروفائل بنانے پر لی گئی معلومات ایک امریکی تھرڈ پارٹی کمپنی سے شیئر کر رہا ہے۔انہوں  نے جمعہ کودیر رات ٹوئٹر پر کئی ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جب کوئی یوزر نریندر مودی ایپ پر پروفائل بناتا ہے تب اس کی ڈیوائس کی معلومات کے ساتھ اس کی ذاتی معلومات ایک تھرڈ پارٹی ڈومین in.wzrkt.comکے ساتھ شیئر کی جاتی ہے جو کہ ایک امریکی کمپنی کلیور ٹیپ(Clever Tap) سے وابستہ ہے۔

ان کے مطابق شیئر کی جا رہی ڈیوائس کی معلومات میں آپریٹنگ سافٹ ویئر، نیٹ ورک ٹائپ، کیریئر جیسی معلومات آتی ہیں۔  وہیں کلیور ٹیپ کو دی جا رہی ذاتی معلومات میں یوزر کی ای میل آئی ڈی، فوٹو، نام، جینڈر وغیرہ کی معلومات ہے جو یوزرس کی رضامندی کے بغیر اس کمپنی سےشیئر کی جا رہی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ نریندر مودی ایپ ان معلومات کو اکٹھا کرکےin.wzrkt.com نام کے ڈومین سے شیئر کرتا ہے۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس ڈومین کو جی ڈیٹا(G-Data) کمپنی نے پھشنگ لنک کی شکل میں کلاسی فائی کر رکھا ہے۔

غور طلب ہے کہ Phishing لنک وہ ویب سائٹ ہوتی ہیں جو آپ کو اصل ہونے کا یقین دلاکر اکاؤنٹ پاس ورڈ اور خفیہ معلومات چرا لیتی ہیں۔ایلڈرسن نے مزید بتایا کہ یہ ڈومین کلیور ٹیپ نام کی امریکی کمپنی سے منسلک ہے۔  اس کمپنی کے ذریعے اس کو ‘Next generation app engagement platformبتایا گیا ہے جو مارکیٹنگ کرنے والوں کو یوزرس کو پہچاننے، ان سے جڑنے اور ان کو بنائے رکھنے میں مدد کرتا ہے اور ڈیولپرس(Developers) بھی دیتا ہے۔انہوں نے یہ بھی پوچھا کہwzrkt.comکی معلومات کو کلیور ٹیپ کیوں چھپا رہا ہے۔سنیچر کو ایلڈرسن نے ایک اور ٹوئٹ کرکے لکھا ہے کہ نریندر مودی ایپ کی ٹیم نے ان سے رابطہ کیا ہے۔انہوں نے اس بات چیت کے ٹوئٹ کو بھی شیئر کیا ہے۔