خبریں

ملک کی 32 علاقائی پارٹیوں نے سال بھر میں کمائے 321 کروڑ، سماجوادی پارٹی سب سے امیر 

ملک میں 48 منظور شدہ علاقائی پارٹیاں ہیں۔  16نے انتخابی کمیشن کو اپنی آڈٹ رپورٹ نہیں سونپی ہے۔17-2016 میں سماجوادی پارٹی کی کمائی 32 پارٹیوں کی کل کمائی کا 25.78 فیصد ہے۔

(فوٹو : پی ٹی آئی)

(فوٹو : پی ٹی آئی)

نئی دہلی: ایک رپورٹ میں انکشاف  ہوا ہے کہ ملک کی 32 علاقائی   پارٹیوں نے مالی سال 17-2016 میں 321.03 کروڑ روپے کمائے ہیں۔اے ڈی آر (ایسوسی ایشن فار ڈیموکریٹک ریفارمس) کی ایک رپورٹ کے مطابق، ملک میں 48 منظور شدہ علاقائی   پارٹیاں    ہیں۔  16 نے انتخابی کمیشن کو اپنی آڈٹ رپورٹ نہیں سونپی ہے۔  82.76 کروڑ روپے  کی آمدنی کے ساتھ سماجوادی پارٹی سرفہرست رہی۔  ایس پی کی کمائی 32پارٹیوں کی کل کمائی کا 25.78 فیصد رہی۔

حالانکہ16-2015کے مقابلے میں 32 میں سے 14پارٹیوں کی آمدنی میں کمی دیکھی گئی ہے جبکہ 13 نے اپنی آڈٹ رپورٹ میں اپنی کمائی میں اضافہ دکھایا ہے۔تو وہیں، ان میں سے 5پارٹیوں نے گزشتہ سال کی تفصیل نہیں دی تھی۔سال کے دوران ،ان 32پارٹیوں نے اپنا کل خرچ 435.48 کروڑ روپے دکھایا۔  جن میں سے 17پارٹیوں کے پاس 114.05 کروڑ روپے باقی بچے ہوئے ہیں۔

سماجوادی پارٹی کے بعد تیلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کا نمبر آتا ہے جس کی کمائی 72.92 کروڑ روپے رہی۔  تیسرے پر انادرمک رہی جس نے 48.88 کروڑ روپے کی آمدنی کی۔سر فہرست آمدنی والی تینوں   پارٹیوں کی کل آمدنی 204.56 کروڑ روپے رہی۔  جو تمام 32 علاقائی   پارٹیوں کا کل 63.72 فیصد ہے۔وہیں، آڈٹ رپورٹ نہ سونپنے والوں میں عام آدمی پارٹی، جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس اور راشٹریہ جنتا دل جیسے بڑے نام شامل ہیں۔

اے ڈی آر نے آگے کہا کہ آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین (AIMIM) اور جنتا دل (سیکولر) (جے ڈی ایس) نے اپنی کل کمائی کا 87 فیصد سے زیادہ خرچ نہیں ہوا دکھایا ہے۔  وہیں، ٹی ڈی پی کی 67 فیصد آمدنی خرچ نہیں ہوئی۔ ڈی ایم کےنے اپنی آمدنی سے 81.88 کروڑ روپے زیادہ خرچ ہونا دکھایا ہے ۔  توایس پی  اور اے آئی اے ڈی ایم کے نے اپنی کل کمائی سے بالترتیب : 64.34 کروڑ اور 37.89 کروڑ روپے زیادہ خرچ ہونا بتایا  ہے۔

سب سے زیادہ خرچ کرنے والی سرفہرست تین علاقائی   پارٹیوں میں ایس پی  پہلے مقام پر رہی جس نے 147.1 کروڑ روپے خرچ کئے۔  اے آئی اے  ڈی ایم کے دوسرے پائدان پر رہی، اس نے 86.77 کروڑ خرچ کئے اور ڈی ایم کے 85.66 کروڑ خرچ کرکے تیسرے پائدان پر رہی۔ایس پی  کے ذریعے کیا خرچ تمام 32پارٹیوں کے کچھ خرچ کا 33.78 فیصد رہا۔

(خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے ان پٹ کے ساتھ)