خبریں

مالیگاؤں بلاسٹ: کرنل پروہت، سادھوی پرگیہ سمیت 7 لوگوں کے خلاف دہشت گردانہ سازش کےالزام طے

این آئی اے کی عدالت نے کرنل پروہت کی عرضی خارج کرتے ہوئے 7 لوگوں کے خلاف ،دہشت گردانہ سرگرمی،قتل اور مجرمانہ سازش کے الزامات طےکر دیے ہیں ۔

مالیگاؤں 2008بم دھماکہ / فوٹو : رائٹرز

مالیگاؤں 2008بم دھماکہ / فوٹو : رائٹرز

نئی دہلی : ستمبر 2008 کے مالیگاؤں بم بلاسٹ معاملے میں ایک اسپیشل عدالت نے منگل کو لیفٹننٹ کرنل پرساد، شری کانت پروہت ،سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر اور 5دوسروں کے خلاف یو اےپی اے اور آئی پی سی کی دفعات کے تحت الزام طے کیے۔این آئی اے عدالت کے جج ونود پڑھالکر نے ملزموں کے خلاف الزامات طے کر دیے ہیں ۔ یو اے پی اے کے تحت ملزموں پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شامل ہونے اور آئی پی سی کی دفعہ کے تحت مجرمانہ سازش اور قتل کے الزام طے کیے گئے ہیں ۔واضح ہوکہ الزام طے کر نا ایک پروسس ہے اس کے بعد مجرمامہ معاملے میں مقدمہ شروع ہوتا ہے۔کورٹ نے استغاثہ کو حکم دیا کہ وہ 2 نومبر سے باقاعدہ مقدمہ کی سماعت شروع کیے جانے کے لیےلائحہ عمل تیار کرے۔

پروہت اور سادھوی کے علاوہ معاملے میں دوسرے ملزم میجر رمیش اپادھیائے (ریٹائرڈ)،اجئے رہیکر ،سدھاکر دویدی ، سدھا کر چترویدی اور سمیر کلکرنی ہیں ۔غور طلب ہے کہ اس معاملے میں ملزم کرنل پروہت نے عرضی  دائر کرکے الزام طے نہیں کرنے کا مطالبہ کیا تھا ۔پروہت کے وکیل نے این آئی اے عدالت سے کہا کہ وہ بامبے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ میں اپیل کرنے والے ہیں اس لیے ابھی الزام طے نہ کیے جائیں ۔ حالاں کہ عدالت نے اس دلیل کو خارج کردیا اور ان 7لوگوں کے خلاف الزام طے کیا۔کرنل پروہت نے بامبے ہائی کورٹ میں بھی عرضی دائر کرکے الزام طے کرنے کوروکنے کی مانگ کی تھی ۔ حالاں کہ ہائی کورٹ نے بھی اس کو خارج کر دیا۔

وہیں اس معاملے میں ملزم سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ وہ بے قصور ہے اور جلد ہی سچ سامنے آجائے گا ۔ انہوں نے کہا ؛ اس سے پہلے این آئی اے نے مجھے کلین چٹ دی تھی ۔ اب میرے خلاف الزام طے کیے گئے ہیں ۔ یہ کانگریس کے ذریعے سازش تھی لیکن ایک دن میں بے قصور ثابت ہوجاؤں گی کیوں کہ ہمیشہ سچ کی جیت ہوتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ مالیگاؤں میں 29دسمبر 2008کو ایک مسجد کے پاس موٹر سائیکل میں لگائے گئے بم میں دھماکہ کیا گیا جس میں 6لوگوں کی موت ہوگئی جبکہ 100سے زیادہ لوگ زخمی ہوئے تھے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)