خبریں

اتر پردیش: اعظم گڑھ میں طالبہ سے گینگ ریپ، پرنسپل نے متاثرہ کا اسکول سے نام کاٹا

گزشتہ 19 ستمبر کو اسکول جا رہی طالبہ کو ایس یو وی سوار دو لوگوں نے اغوا کر کے اس کے ساتھ گینگ ریپ کیا ۔ اس معاملے میں دو لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

Azamgarh

نئی دہلی : اتر پردیش کے اعظم گڑھ ضلع میں ایک اسکولی طالبہ سے گینگ ریپ  کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ اسکول جا رہی طالبہ کو اغوا کر کے اس کے ساتھ ریپ  کیا گیا۔ اس واقعہ کے بعد اسکول کے پرنسپل نے متاثرہ کا نام اسکول سے کاٹ دیا۔انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اعظم گڑھ ضلع مجسٹریٹ نے اسکول کے اس فیصلے کی جانچ‌کے حکم دئے ہیں۔ پولیس نے ریپ  معاملے میں سوموار کو دو لوگوں کو گرفتار بھی کیا ہے۔

طالبہ کو ایس یو وی سوار دو لوگوں نے جمعرات کو اس وقت اغوا کر لیا، جب وہ اسکول جا رہی تھی۔ فیملی نے واقعہ کے تین دن بعد ایف آئی آر درج کرائی۔اسکول کے پرنسپل نے الزامات کو خارج کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے طالبہ کو معاملہ سلجھنے تک کچھ دن گھر پر ہی رہنے کو کہا تھا۔

پرنسپل کا کہنا ہے کہ ان کے اسکول کو ریاستی حکومت کی طرف سے منظوری نہیں ملی ہوئی ہے۔ یہ ایک طرح کا پرائیویٹ کوچنگ سینٹر ہے، جس میں سہولیات کی کمی ہے۔اس معاملے کی تفتیش کے بارے میں پوچھنے پر ایس ڈی ایم پرینکا نے کہا کہ پرنسپل نے کسی بھی طالب علم کو اسکول آنے سے روکنے کی خبروں سے انکار کیا ہے لیکن وہ اٹینڈنس رجسٹر نہیں دکھا پائیں۔

ایس ڈی ایم نے کہا، ‘ میں منگل کو اسکول کا دورہ کروں‌گی۔ ہم نے اٹینڈنس رجسٹر اور تمام متعلقہ دستاویز دکھانے کے لئے پرنسپل کو وارننگ دیا ہے۔ پرنسپل کا یہ کہنا کہ یہ صرف کوچنگ سینٹر ہے، اسکول نہیں ہے۔ اس کی بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔ ‘مقامی لوگوں نے بتایا،’طالبہ جمعرات کی صبح اسکول جا رہی تھی کہ تبھی ایس یو وی سوار دو نوجوانوں نے اس کا اغوا کر لیا۔ اس کے ساتھ ریپ کیا گیا اور ایک سنسان جگہ پر چھوڑ‌کر ملزم فرار ہو گئے۔ وہ (طالبہ) کسی طرح دیسی شراب کی دکان تک پہنچی اور مدد کے لیے لوگوں کو آواز دی ۔ ‘

گاؤںوالوں نے کہا کہ طالبہ کے کپڑے خون سے سنے ہوئے تھے اور اس کو اسکول لے جایا گیا، جہاں پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے پرنسپل نے اس کے اہل خانہ  کو بلایا اور کہا کہ وہ طالبہ کا نام اسکول سے کاٹ رہے ہیں۔اعظم گڑھ کے ایس پی تروینی سنگھ نے کہا کہ متاثرہ کے والد کی شکایت پر اتوار کو دو لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی اور ملزمین کو اگلے دن گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایچ او شیر سنگھ تومر نے کہا، ‘آئی پی سی کی دفعہ 376ڈی، 504 اور پاکسو کی متعلقہ دفعات کے تحت سکندر اور رشی کپور کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔ ‘تومر نے کہا کہ ایس یو وی بھی ضبط کر لی گئی ہے اور متاثرہ کو سوموار کو میڈیکل جانچ کے لئے ضلع ہاسپٹل لے جایا گیا۔

اعظم گڑھ کے ڈی ایم ناگیندر پرساد سنگھ نے کہا کہ کسی بھی اسکول کو ان باتوں کی بناید پر طالب علم یا طالبہ کو نکالنے کا حق نہیں ہے۔ انہوں نے معاملے کی جانچ‌کے حکم دئے ہیں۔