خبریں

پدم شری اور نامور بنگلہ ادیبہ نونیتا دیو سین کا انتقال

شاعر ہ، ناول نگار ، کالم نگار ، مختصر کہانیاں اور سفر نامے کی مصنفہ نونیتا دیو سین کو رامائن پر ان کی  تحقیق کے لئے بھی جانا جاتا تھا۔

ادیب نونیتا دیو سین (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

ادیب نونیتا دیو سین (فوٹو بہ شکریہ: ٹوئٹر)

نئی دہلی: بنگلہ زبان کی نامور ادیبہ نونیتا دیو سین کا جمعرات کو جنوبی کولکاتہ میں ان کی رہائش گاہ پر انتقال ہو گیا۔ وہ 81 سال کی تھیں۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ کینسر سے متاثر تھیں اور گزشتہ دس دنوں میں ان کی طبیعت بہت خراب ہو گئی تھی۔ انہوں نے مختلف ہیئت میں 80 سے زیادہ کتابیں لکھیں اور ان کی کتابوں کا مختلف زبانوں میں ترجمہ بھی ہوا۔ نونیتا بنگالی، انگریزی، ہندی، اڑیہ، آسامی، فرینچ، جرمن، سنسکرت اور ہبرو زبان جانتی تھیں۔

نونیتا سین کی پیدائش 13 جنوری، 1938 کو کولکاتہ میں ہوئی تھی۔ ان کے والد کا نام نریندرناتھ دیو اور والدہ کا نام رادھارانی دیوی ہے۔ ان کے ماں باپ دونوں ہی شاعر تھے۔ انہوں نے کولکاتہ کے پریسیڈنسی کالج سے گریجویٹ اور جادھوپور یونیورسٹی اور ہارورڈ یونیورسٹی سے ماسٹرس کی ڈگری لی۔ وہ انڈیانا یونیورسٹی سے ڈاکٹریٹ تھیں اور وہ دہلی یونیورسٹی سمیت دنیا بھر کی کئی یونیورسٹیوں اور تعلیمی اداروں میں پوسٹ ڈاکٹریل عہدے پر رہیں۔

وہ بنگالی ساہتیہ اکادمی کے بنگیاساہتیہ پریشد کی نائب صدر بھی رہیں۔ وہ مغربی بنگال ویمن رائٹرس ایسوسی ایشن کی بانی اور صدر بھی رہی۔ ان کو 1999 میں ساہتیہ اکادمی ایوارڈ سے نوازا گیا۔ سال 2000 میں ان کو پدم شری سے نوازا گیا تھا۔ اس کے علاوہ پوری زندگی میں ان کو اپنی نظم، مختصر کہانیوں اور ادب کی تخلیق کی وجہ سے کئی بار انعام سے نوازاگیا۔

ایک شاعر، ناول نگار، کالم نگار اور مختصر کہانیوں اور سفر نامے کی مصنفہ، نونیتا دیو سین  کو رامائن پر ان کی تحقیق کے لئے بھی جانا جاتا ہے۔ ان کی مقبول تخلیقات  میں ‘ بما بودھنی ‘، ‘ نٹی نونیتا ‘، ‘ شریشٹھا کویتا ‘ اور ‘ سیتا ٹھیکے شروع ‘ ہیں۔ ان کی کہانیوں میں عورتیں اور لڑکیاں ہیروئن کے طور پر مرکز میں رہیں۔ ان کےادب میں خواتین کے مرکزی کرداروں کی بھرمار تھی۔

انہوں نے اپنے انٹرویو میں بھی حقوق نسواں کا پرچم اٹھائے رکھا۔ نونیتا دیو سین نوبل ایوارڈ یافتہ ماہر اقتصادیات ڈاکٹر امرتیہ سین کی پہلی بیوی تھیں۔ انہوں نے 1958 میں امرتیہ سین سے شادی کی۔ 1976 میں دونوں کا طلاق ہو گیا تھا۔ ان کی فیملی میں ان کی دو بیٹیاں انتارا اور نندنا ہیں۔ معلوم ہو کہ اس سال نوبل جیتنے والے ماہر اقتصادیات ابھیجیت بنرجی نے پچھلے مہینے کولکاتہ میں اپنے ہندوستان کے دورے کے دوران نونیتا دیو سین سے ان کے گھر پر ملاقات کی تھی۔

مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی نونیتا دیو سین کے انتقال پر ان کی فیملی کے تئیں اظہار تعزیت کرتے ہوئے ٹوئٹ کر کےکہا، ‘ معروف ادیب اور اکادمک نونیتا دیو سین کے انتقال سے غم زدہ ہوں، مختلف ایوارڈ یافتہ محترمہ سین کی غیرموجودگی ان کے لاتعداد طالب علموں اور خیر خواہوں کے ذریعے محسوس کی جائے‌گی۔