خبریں

تریپورہ: مویشی چوری کے شک میں بھیڑ کے ذریعے نوجوان کا پیٹ پیٹ کر قتل

واقعہ ہندوستان بنگلہ دیش سرحد کے پاس تریپورہ کے سپاہی جالا ضلع کے گوروبند علاقے کا ہے۔ نوجوان کو مبینہ طور پر دو گائے کے ساتھ بھیڑ نے پکڑا تھا۔

علامتی فوٹو: رائٹرس

علامتی فوٹو: رائٹرس

نئی دہلی: تریپورہ کے سپاہی جالا ضلع میں مویشی چوری کے شک میں بھیڑ نے 29 سالہ ایک نوجوان کی بری طرح پٹائی کی،جس کے بعد اسپتال میں اس کی موت ہو گئی۔پولیس نے یہ جانکاری دی۔سون مورا کے این ڈی پی او سووک ڈے نے بتایا کہ ہندوستان بنگلہ دیش سرحد کے پاس سون مورا کے گوروبند علاقےمیں اتوار کو صبح متین میاں کو دو گائے کے ساتھ پکڑا گیا تھا۔

انھوں نے کہا ،’گاؤں والوں کے ایک گروپ نے اس کو دو گائے کے ساتھ پکڑا،جس کے بعد دیگر گاؤں والوں نے ان کے ساتھ مل کر اس کو بری طرح پیٹا۔’افسر نے بتایا،’اس کو میلاگھر ہاسپٹل میں داخل کرایا گیا تھا جہاں اس کی موت ہو گئی۔’

انڈین ایکسپریس کے مطابق،پولیس افسر نے بتایا کہ مقامی پولیس اسٹیشن میں دو شکایتیں درج کی گئی ہیں-ایک مار پیٹ کے لیے اور دوسری مویشی چوری کے لیے۔ڈے نے یہ بھی بتایا کہ متین کے والد شفیق میاں(60)نےسونمورا پولیس اسٹیشن میں دو لوگوں کے خلاف شکایت درج کرائی ہے،جس میں انھوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے بیٹے کو قتل کرنے کے لیے پیٹا گیا تھا۔

پولیس نے اس کی بنیاد پر ایف آئی آر درج کی ہے۔ڈے نے بتایا کہ تپن بھومک نامی شخص نے ان کے گھر سے مویشی چوری کا الزام لگاتے ہوئے ایک ایف آئی آردرج کرائی ہے۔انھوں نے بتایا کہ معاملے کی جانچ چل رہی ہے اور ابھی تک کسی کی گرفتاری نہیں ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق،اس سے پہلے گزشتہ ستمبر میں شمالی تریپورہ ضلع کے کمارگھاٹ گاؤں میں ایک شخص کا بھیڑ نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا تھا۔اس کے پاس مبینہ طور پر چوری کا سامان ملا تھا۔ اسی طرح جولائی میں تریپورہ کے ڈھلائی ضلع کے گاؤں رائے شیباری میں ایک شخص کا مویشی چور ہونے کے شک میں پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا تھا۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)