خبریں

مرکزی حکومت نے مائیکل پاترا کو آر بی آئی کا نیا ڈپٹی گورنر بنایا

ریزرو بینک آف انڈیا کے نئے ڈپٹی گورنر کے طور پر مائیکل دیوورت پاترا کی تقرری گزشتہ سال جولائی میں استعفیٰ دینے والے سابق ڈپٹی گورنر ویرل آچاریہ کی جگہ پر ہوئی ہے۔

فوٹو: پی ٹی آئی

فوٹو: پی ٹی آئی

نئی دہلی: مرکزی حکومت نے مائیکل دیوورت پاترا کو ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کا نیا ڈپٹی گورنر بنایا ہے۔ منسٹری آف پرسنل نے اس بارے میں ہدایت  جاری کی ہے۔پاترا کی مدت کار تین سال کی ہوگی۔ وہ ریزرو بینک کے چوتھے ڈپٹی گورنر ہوں گے۔گورنر شکتی کانت داس کی قیادت والے ریزرو بینک میں زیادہ سے زیادہ  چار ڈپٹی گورنر ہو سکتے ہیں۔ سینٹرل بینک کے دیگر تین ڈپٹی گورنر این ایس وشوناتھن، بی پی قانونگو اور ایم کے جین ہیں۔

پاترا ابھی تک ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے طور پرمانیٹری پالیسی ڈپارٹمنٹ کا کام دیکھ رہے تھے۔ سمجھا جاتا ہے کہ پاترا کے پاس بھی آچاریہ کی طرح ہی مانیٹری پالیسی ڈپارٹمنٹ رہے گا۔ 59 سالہ  پاترا نے آئی آئی ٹی سے اکانومی میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری حاصل کی ہے۔

ویرل وی آچاریہ کے استعفیٰ کے بعد سے یہ عہدہ خالی تھا۔ آچاریہ نے پچھلے سال جولائی میں استعفیٰ دیا تھا۔ دسمبر 2018 میں گورنر ارجت پٹیل کے بعد آر بی آئی سے استعفیٰ دینے والوں میں آچاریہ دوسرے بڑے افسر تھے۔

ایسا مانا گیا تھا کہ آچاریہ نے اپنا استعفیٰ داس کے ساتھ عدم اتفاق  اور مدت کار کو آگے نہیں بڑھائے جانے کے خدشات  کی وجہ سے  دیا تھا۔جہاں داس ریپو ریٹ میں کٹوتی کے ساتھ اقتصادی نمو پر دھیان دینے کی بات کر رہے تھے تو وہیں ڈپٹی گورنر ویرل آچاریہ نے اشیائےخوردنی اور ایندھن کو چھوڑ‌کر High inflation  کے مدنظر شرح میں ایک اور کٹوتی پر خبردار کیا تھا۔

ستمبر 2016 میں ارجت پٹیل کو بطور گورنر ترقی دیے جانے کے بعد 23 جنوری 2017 کو ویرل آچاریہ  ریزرو بینک آف انڈیا سے جڑے تھے۔ Economic liberalisation کو اپنانے کے بعد آچاریہ آر بی آئی کے سب سے نوجوان ڈپٹی گورنر بنے تھے۔

(خبر رساں ایجنسی بھاشا کے ان پٹ کے ساتھ)