خبریں

اتراکھنڈ: رام دیو کا فحش کارٹون بنانے کے الزام میں دو کارٹونسٹ کے خلاف کیس درج

دہرادون کے کارٹونسٹ گجیندر راوت اور ہیمنت مالویہ پرفحش پوسٹر بنا کر اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کر کےبابا رام دیو کی امیج  خراب کرنے کا الزام  ہے۔

یوگ گرو رام دیو۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

یوگ گرو رام دیو۔ (فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: اتراکھنڈ پولیس نے منگل کو دہرادون کے دو کارٹونسٹوں کے خلاف مبینہ طور پر رام دیو کے فحش پوسٹر بنانے اور انہیں سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔

کنکھل پولیس اسٹیشن کے انچارج مکیش چوہان نے بتایا کہ پتنجلی یوگ پیٹھ کے قانونی سیل کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر کارٹونسٹ گجیندر راوت اور ہیمنت مالویہ کے خلاف ہری دوار کے کنکھل پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں پر فحش پوسٹر بنا کر اور سوشل میڈیا پر وائرل کر کے رام دیو کی امیج  کو خراب کرنے کا الزام ہے۔

افسر نے کہا کہ ان لوگوں کے خلاف مذہبی جذبات کو بھڑکانے کے الزام میں تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 153 اے کے تحت معاملہ  درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔