خبریں

بہار: مرکزی وزیر اشونی چوبے نے کہا – ہم 2024 میں تمام فرنگیوں کو بنگلہ دیش بھیج دیں گے

مرکزی وزیر اشونی چوبے نے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک پروگرام کے دوران کہا کہ سال 2024 میں وہ ریاست کی تمام  40 سیٹوں پر اس فرنگی راج کو بے نقاب کریں گے۔ بہار بی جے پی کے صدر  نے کہا کہ آر جے ڈی کے لیے  بی جے پی کو دھوکہ دینے کے بعد وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے سیاسی کیریئر کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔

اشونی کمار چوبے۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

اشونی کمار چوبے۔ (فوٹو بہ شکریہ: فیس بک)

نئی دہلی: مرکزی وزیر اشونی چوبے نے اتوار کو ایک پروگرام میں کہا کہ 2024 میں تمام ‘فرنگی’ بنگلہ دیش بھیج دیے  جائیں  گے۔

چوبے نے بہار کی راجدھانی پٹنہ میں ایک پروگرام کے دوران کہا، ‘2024 میں بہار کی 40 سیٹوں پر اس فرنگی راج کا پردہ فاش کریں گے۔ سنیے سب  فرنگی سنو، ہم آپ کو 2024 میں بنگلہ دیش بھیج  دیں گے۔

چوبے نے کہا، ‘ آپ سب بھائی اور بہنوں سے کہتا ہوں کہ آئیے 2024 میں بہار کی 40 میں سے 40 سیٹوں پر اس فرنگی جیسے راج کو ننگا کرکے دکھائیں۔ فرنگی کے سارے لال کان  کھول کرسن لو، 2024 میں بنگلہ دیش ٹپائیں گے اور 2025 میں نیپال بارڈرسے  بھی بھگائیں گےاور بہار میں بی جے پی کا راج لائیں گے۔

این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق، اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے بہار بی جے پی کے ریاستی صدر سمراٹ چودھری نے کہا، ‘یادہے 2014 میں نتیش کمار نے کہا تھا کہ وہ بی جے پی سے ہاتھ ملانے کے بجائے مٹی میں مل جانے کو ترجیح دیں گے۔ وہ پانچ سال تک ہمارے (بی جے پی) کے ساتھ رہے۔ لوگ آپ کو مٹی میں ملا ئیں گے۔

پارٹی کی ایک تقریب میں سمراٹ چودھری نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ بی جے پی کے پارٹی کارکنان بدلہ لیں اور آر جے ڈی کے لیے پارٹی کو دھوکہ دینے کے بعد نتیش کمار کے سیاسی کیریئر کو ختم کریں۔

انہوں نے کہا، ‘بی جے پی کبھی یو ٹرن نہیں لیتی ہے۔ دوسری طرف نتیش کمار نے یو ٹرن کے بعد یو ٹرن لیا۔ انہیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ اگر بی جے پی نے اپنے شروعاتی دنوں میں لالو پرساد یادو کا ساتھ نہ دیا ہوتا تو وہ غریبوں کے لیے مسیحا نہ بن پاتے، جیسا کہ وہ دعویٰ کرتے ہیں۔ نتیش کمار نے ہمارے ساتھ دھوکہ کیا اور انہیں سبق سکھایا  جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا، ہم نے بھی کئی بار نتیش کمار کی حمایت کی لیکن ہمارے وزیر اعظم  کی جانب سے انہیں بہار کے وزیر اعلیٰ بنے رہنے  کی یقین دہانی کرائے جانے کے بعد بھی انہوں نے ہمیشہ دھوکہ دیا۔ اب بی جے پی کارکنوں کو بدلہ لینا ہے اور ان کے سیاسی کیریئر پر میں کہوں گا،  مٹی میں ملا  دیں گے۔

سمراٹ چودھری کے ‘مٹی میں ملا دینے’ والے تبصرے  پر چیف منسٹر نتیش کمار نے اتوار کو کہا کہ اگر بہار بی جے پی کے صدر ایسا کہہ رہے ہیں تو ان سے کہیے کہ وہ  ایسا کر دیں۔

میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے نتیش کمار نے کہا، ‘اگر وہ ایسا کہہ رہے ہیں تو ان سے ایسا کرنے کو کہیں۔ کیا آپ  نے کبھی مجھے یہ الفاظ کہتے سنا ہے؟ ایسے الفاظ استعمال کرنے والوں کے پاس  دماغ نہیں ہوتا۔ وہ جو چاہیں کر سکتے ہیں۔