بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ نے مدھیہ پردیش کے رتلام میں بی جے پی کارکنوں کی ایک کانفرنس میں کہا کہ جو بھارت ماتا کی جئے بولے گا وہ ہمارا بھائی ہے اور ہم اس کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں اور جو بھارت ماتا کے خلاف بولے گا اس کی جان لینے میں بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
نئی دہلی: بی جے پی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجئے ورگیہ نے مدھیہ پردیش میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ‘وہ بھارت ماتا کے خلاف بولنے والوں کی جان لینے میں ہچکچائیں گے نہیں’۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق، وہ رتلام کے بانگرود میں بی جے پی کارکنوں کی ایک کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس بیان کا ایک ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے۔
اس میں وہ یہ کہتے ہوئے نظر آ رہے ہیں،’ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں۔ جو بھارت ماتا کی جئے بولے گا وہ ہمارا بھائی ہے اور ہم اس کے لیے جان بھی دے سکتے ہیں اور جو بھارت ماتا کے خلاف بولے گا ،اس کی جان لینے میں بھی ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
کانگریس کو نشانہ لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی ان پر طنز کرتی تھی کہ ایودھیا میں رام مندر کب بنے گا۔ ‘جو لوگ بھگوان رام کو خیالی سمجھتے ہیں، وہ جنوری میں ایودھیا جائیں، ان کے پاپ دھل جائیں گے۔’
معلوم ہو کہ ایودھیا میں بن رہے رام مندر کا افتتاح جنوری 2024 میں متوقع ہے۔
یہ دعوی کرتے ہوئے کہ مرکزی حکومت نے کشمیر میں امن قائم کیا ہے، انہوں نے کہا، ‘سب جانتے ہیں کہ وہاں پہلے کیا حالت تھی۔ اب وہاں ہر گھر پر ترنگا ہے۔
Categories: خبریں