خبریں

اسکون نے گائے سے متعلق بیان کے لیے مینکا گاندھی کو 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا

بی جے پی ایم پی مینکا گاندھی نے حال ہی میں ایک ویڈیو میں الزام لگایا تھا کہ اسکون ملک کی سب سے بڑی دھوکے باز تنظیم ہے، جو اپنی گئو شالاؤں سے قصابوں کو گائے فروخت کرتی ہے۔ تنظیم کے نائب صدر رادھارمن داس نے کہا کہ ہم نے اسکون کے خلاف  پوری طرح سے بے بنیاد الزامات لگانے کے لیے مینکا گاندھی کو 100 کروڑ روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔

مینکا گاندھی۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

مینکا گاندھی۔ (فائل فوٹو: پی ٹی آئی)

نئی دہلی: انٹرنیشنل سوسائٹی فار کرشنا کانشسنیس (اسکون) نے جمعہ (29 ستمبر) کو کہا کہ اس نے  گئو شالاؤں میں گائے کی دیکھ بھال کے حوالے سے اس  مذہبی تنظیم پر سوال اٹھانے کے لیے سابق مرکزی وزیر اور بی جے پی ایم پی   مینکا گاندھی کو 100 کروڑ روپے کاہتک عزت کا نوٹس بھیجاہے۔

گزشتہ دنوں مینکا گاندھی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا، جس میں انہیں اسکون پرسنگین الزامات عائد کرتےہوئے سنا جا سکتا ہے۔ ویڈیو میں انہیں یہ الزام لگاتے ہوئے سنا جا سکتا ہے کہ اسکون ملک کی سب سے بڑی دھوکے باز تنظیم ہے، جو اپنی گئو شالاؤں سے گائے قصابوں کو فروخت کرتی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو میں مینکا کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، ‘جو سب سے بڑے ملک کےدھوکے باز ہیں، وہ ہیں اسکون۔ وہ گئو شالہ رکھتے ہیں (بناتے ہیں) اور گئو شالہ چلانے کے لیے حکومت سے انہیں دنیا بھر کا فائدہ ملتا ہے۔ بڑی  بڑی زمینیں ملتی  ہیں۔ میں ابھی ان کی اننت پور گئوشالہ میں گئی ، وہاں ایک بھی سوکھی گائے نہیں تھی، پوری  کی پوری ڈیئریز (دودھ دینے والی)تھیں۔ ایک بھی بچھڑا نہیں ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ سب بک چکے ہیں۔اسکون  اپنی تمام گائیں قصاباوں کو فروخت کر رہا ہے۔ جتنا یہ کرتے(بیچتے) ہیں، اور کوئی نہیں کرتا۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اس کے نائب صدر رادھارمن داس نے ایک بیان میں کہا، ‘آج ہم نے اسکون کے خلاف پوری طرح سے بے بنیاد الزامات لگانےکے لیے مینکا گاندھی کو 100 کروڑ روپے کا  ہتک عزت کا نوٹس بھیجا ہے۔’

یہ کہتے ہوئے کہ اسکون کے عقیدت مندوں، حامیوں اور خیر خواہوں کی عالمی برادری ان الزامات سے شدیدصدمے میں ہے، انہوں نے اسے بدنیتی پر مبنی الزام قرار دیا۔

نیو انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق، اسکون نے نوٹس میں سوال کیا کہ ‘ایک ایم پی  جو کبھی مرکزی وزیر رہ چکی ہیں، بغیر کسی ثبوت کے اتنے بڑے سماج کے خلاف جھوٹ کیسے بول سکتی ہیں؟’

اس سے قبل ان الزامات کی تردید کرتے ہوئےاسکون نے انہیں ‘غیرمصدقہ اور جھوٹا’ قرار دیا تھا۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا تھاکہ ہندوستان کے اندر، اسکون 60 سے زیادہ گئوشالہ چلاتا ہے، جو سینکڑوں مقدس گایوں اور بیلوں کی حفاظت کرتی ہے۔ زندگی بھر ان کی دیکھ بھال کرتا ہے۔موجود ہ وقت می اسکون کی گئو شالاؤں میں جن گایوں کی خدمت کی جارہی ہے، ان میں کئی گائیں لاوارث، زخمی یا ذبح ہونے سے بچائے جانے کے بعد ہمارے پاس لائی گئی تھیں۔